Inquilab Logo

لیورپول کا خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہوسکا،ریئل میڈرڈ ۱۴؍ویں مرتبہ چمپئن لیگ کاچمپئن

Updated: May 30, 2022, 2:14 PM IST | Agency | Paris

اسپینش فٹبال کلب نے فائنل میں انگلش کلب کو صفر۔ ایک گول سے شکست دی۔ فاتح کلب کیلئے جونیئر وینشیس نے گول کیا۔ لیورپول ۲۰۱۸ء کے فائنل کی شکست کا حساب بیباق کرنے میں ناکام

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

یوئیفاچمپئن لیگ کے فائنل میں ریئل میڈرڈفٹبال کلب نے لیور پول کو سنسنی خیز مقابلے کے بعدصفر۔ ایک گول سے شکست دے دی۔
 پیرس میں ہونے والے چمپئن لیگ فائنل میں ریئل میڈرڈ نے۱۴؍ واں خطاب حاصل کیا جبکہ لیورپول ۷؍ویں مرتبہ یہ خواب پورا کرنے میں ناکام رہا۔ریئل میڈرڈ کی جانب سے وینیشیس جونیئرکے گول نے میچ میں اہم کردار ادا کیا اور فتح کا راستہ ہموار کیا۔میچ سے پہلے ہی ریئل میڈرڈ کو پسندیدہ قرار دیا جا رہا تھا اور فیصلہ کُن لمحہ۵۹؍ منٹ بعد اس وقت آیا جب وینیشیس جونیئر نے گول کیا۔ لیورپول فٹبال کلب اب تک ۶؍ مرتبہ یہ ٹرافی جیت چکا ہے اور آخری مرتبہ اس نے یہ کپ ۲۰۱۸ء تا ۲۰۱۹ء کے سیزن میں اٹھایا تھا۔ محمد صلاح جو  ۲۰۱۸ء میں ریئل میڈرڈفٹبال کلب کے خلاف فائنل میں انجری کے باعث میچ سے باہر ہو جانے کا بدلہ لینا چاہتے تھے۔ اپنی خواہش پوری نہ کر سکے۔ حریف ٹیم کے گول کیپر نے ان کے ۳؍ یقینی گولس روکے۔ دوسری جانب کارلو اینسیلوٹی چوتھی مرتبہ چمپئن لیگ ٹائٹل جیتنے والے تاریخ کے پہلے کوچ بن چکے ہیں۔ سنیچر کی دیر را ت ہونے والے فائنل میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کے گول کیپر تھیبوٹ کورٹیس نے قابل تعریف کارکردگی کامظاہرہ کیا اور انہوں نے محمد صلاح، سادیو مانے اور رابرٹو فرمینو کے ہر حملے کو ناکام بنادیا۔ تھیبوٹ کورٹیس  نے اس سیزن میں ریئل میڈرڈ کیلئے بہت اچھی کارکردگی پیش کی ہے۔  چمپئن لیگ کے اس سیزن میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے پہلے پیر س سینٹ جرمین فٹبال کلب کو راؤنڈ ۱۶؍ میں باہر کردیا۔ اس کے بعد کوارٹر فائنل میں اس کا مقابلہ چیلسی فٹبال کلب سے ہوااور کریم بینزیما نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کیلئے بہتر کارکردگی پیش کی۔ سیمی فائنل میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے   ایک اور انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی کو زیر کردیا۔ فائنل میں اس نے ایک اور انگلش کلب لیورپول کو شکست دے کر ۱۴؍ویں مرتبہ خطاب جیت لیا۔ خیال رہے کہ ناک آؤٹ مرحلے میں اسپین کے فٹبال کلب نے انگلینڈ کے ۳؍مضبوط فٹبال کلبوں کو زیر کرکے کامیابی حاصل کی۔ چمپئن لیگ کے اس سیزن میں کریم بینزیما ٹاپ اسکورر رہے ہیں اور انہوں نے ۱۵؍ گول کئے۔ وہ فائنل میں گول کرنے میں ناکام رہے حالانکہ انہو ںنے اچھی کوشش کی تھی تاہم لیورپول کے گول کیپر نے اسے ناکام بنادیا۔دوسرے نمبرپر بائرن میونخ کے رابرٹ لیوانڈوسکی رہے جنہوں نے ۱۳؍گول کئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK