Inquilab Logo

مانچسٹر سٹی نے بائرن میونخ کو ہراکر سیمی فائنل میں قدم رکھا

Updated: April 21, 2023, 1:44 PM IST | Munich

ہالاند نے پنالٹی کک پر گول کرنے کا موقع گنوانے کے بعد ٹیم کیلئے گول کردیا،سیمی فائنل میں ریئل میڈرڈ سے مقابلہ،انٹر میلان اور بینفیکا کا میچ ڈرا

Erling Haaland scored a goal for Manchester City.
ارلنگ ہالاند نے مانچسٹر سٹی کیلئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گول کیا۔

ارلنگ ہالاند کے دوسرے  ہاف میں کئے گئے گول کی بدولت مانچسٹر سٹی  نے کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں بائرن میونخ کے ساتھ  ایک ایک سے ڈرا کھیلا  اور مجموعی طور پر  ایک کے مقابلے ۴؍گول کی برتری کے بعد چمپئن لیگ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔مانچسٹر سٹی کو آدھے گھنٹے کے بعد ہی گول کرنے کا موقع ملا جب انہیں ڈیوٹ اپامیسانو کی طرف سے ہینڈ بال پر پنالٹی ملی تھی۔ ارلنگ ہالاند اس  پنالٹی کو گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے اور ان کا شاٹ  گول پوسٹ کے اوپر سے باہر چلا گیا اور ان کا منہ لٹک گیا۔
 جرمن ٹیم بائرن میونخ نے دوسرے ہاف کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا لیکن گول کرنے میں کامیابی  مانچسٹر سٹی کے حصے میں آئی۔ ہالاند نے ۵۷؍ویں منٹ میں برتری حاصل کی۔ اس سیزن میں مانچسٹر سٹی کیلئے یہ ان کا ۴۸؍ واں گول تھا۔ بائرن کو میچ کو اضافی وقت میں لے جانے کے لئے ۴؍ گول درکار تھے۔ میزبان ٹیم کے لئے جوشوا کِمِچ نے ۸۳؍ ویں منٹ میں پنالٹی سے گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔مانچسٹر سٹی نے بقیہ وقت میں بائرن کو مزید کوئی گول کرنے کا موقع نہیں دیا اور سیمی فائنل میں اپنی جگہ محفوظ کر لی جہاں اس کا مقابلہ ریئل میڈرڈ سے ہوگا۔
 مانچسٹر سٹی پہلی بار چمپئن لیگ جیتنے کی کوشش کرے گی لیکن اس کے لئے اسے دفاعی چمپئن  ریئل میڈرڈ کے مضبوط چیلنج پر قابو پانا ہو گا۔  یاد رہے کہ ریئل میڈرڈ نے ایک  دیگر کوارٹر فائنل میں  چیلسی کو مجموعی طور پر  چار صفرسے شکست دی تھی۔ سیمی فائنل کا پہلا مرحلہ مئی میں کھیلا جائے گا۔ گزشتہ سال ریئل میڈرڈ نے مانچسٹر سٹی کو سیمی فائنل میں ۵۔۶؍سے شکست دی تھی۔
انٹر میلان اور بینفیکا کا میچ ڈرا
    انٹر میلان نے چمپئن لیگ فٹ بال مقابلے کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے جہاں وہ اپنے کوارٹر فائنل سیکنڈ لیگ میں بینفیکا کے ساتھ ۳۔۳؍  سے ڈرا نہ ہونے کے باوجود اپنے روایتی حریف  اے سی میلان کا مقابلہ کرے گی۔ 
 بدھ کو کھیلے گئے اس میچ میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن انٹر میلان کی ٹیم پرتگال کے کلب پر ۳۔۵؍کی مجموعی جیت درج کر کے آخری ۴؍ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ یاد رہے کہ  انٹر میلان نے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے کا میچ  دو صفرسے جیتا تھا۔  وہیں منگل کو کھیلے گئے میچ میں اے سی میلان نے نیپولی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں داخلہ لیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK