پریمیر لیگ کے مقابلے میں سٹی نے وولور ہیمپٹن وانڈررس کو ایک کے مقابلے۵؍گول سے شکست دے دی،رحیم اسٹرلنگ نے بھی ایک گول کیا
Updated: May 13, 2022, 2:03 PM IST | Agency | London
پریمیر لیگ کے مقابلے میں سٹی نے وولور ہیمپٹن وانڈررس کو ایک کے مقابلے۵؍گول سے شکست دے دی،رحیم اسٹرلنگ نے بھی ایک گول کیا
انگلش پریمیر لیگ کے اس سیزن میں اپنے ۳۶؍ویں مقابلے میں مانچسٹر سٹی کیون ڈی برون کے ۴؍گول کی مدد سے وولور ہیمپٹن وانڈررس کو ایک کے مقابلے ۵؍گول سے شکست دیتے ہوئے لگاتار دوسری مرتبہ خطاب جیتنے کے بے حد قریب پہنچ گئی ہے۔ اب موجودہ سیزن میں مانچسٹر سٹی کو مزید ۲؍ مقابلے کھیلنے ہیں اور فی الحال ٹیم لیورپول سے ۳؍ پوائنٹ سے آگے ہے اور پہلی پوزیشن پر قابض ہے۔ وولور وانڈررس کے گھریلو میدان پر کھیلے گئے اس میچ میں مانچسٹر سٹی نے شروعات سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔کیون ڈی برون نے پہلے ہاف کے ۷؍ویں منٹ میں ہی برنانڈو سلوا کی مدد سے اپنا ا ور ٹیم کا پہلا گول کیا۔سٹی کی یہ برتری زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکی اور ۱۱؍ویں منٹ میںوولور وانڈررس کے لیانڈر نے گول کرتے ہوئے اسکور ایک ایک سے برابر کردیا۔اس کے ۵؍منٹ بعد۱۶؍ویں اور ۲۴؍ ویں منٹ میں کیون ڈی برون نے گول کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے آگے کردیا۔پریمیر لیگ کی تاریخ میں یہ سب سے تیز ہیٹ ٹرک تھی۔ دوسرے ہاف میں بھی مانچسٹر سٹی نے میزبان ٹیم پر اپنا دبدبہ بنائے رکھا اور کھیل کے ۶۰؍ویں منٹ میں ڈی برون نے مزید ایک گول کردیا اور ٹیم کو چار ایک کی برتری دلا دی۔۴؍گول کھانے کے بعد وانڈررس کی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے پست ہوگئے اور اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رحیم اسٹرلنگ نے کھیل کے ۸۴؍ ویں منٹ میں گول کردیا۔ مانچسٹرسٹی کی وانڈررس کے خلاف ایک کے مقابلے ۵؍گول کی فتح کے بعداس کے ۳۶؍میچ سے ۸۹؍پوائنٹس ہوگئے ہیں جبکہ لیورپول کے ۳۶؍مقابلوں سے۸۶؍ پوائنٹس ہیں۔ واضح رہے کہ پریمیر لیگ کا یہ ۳۰؍واں ایڈیشن ہے اور مانچسٹر سٹی نے گزشتہ ۴؍سیزن میں سے ۳؍میں خطاب اپنے نام کیا ہے۔اس بار بھی وہ خطاب کے بہت قریب ہے۔ اسے اپنے بقیہ ۲؍میچ میں سے ایک جیتنا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سیزن میں مانچسٹر سٹی نے آسانی سے دوسرے نمبر پر رہنے والی مانچسٹر یونائٹیڈسے ۱۲؍ پوائنٹس آگے رہتے ہوئے خطاب اپنے نام کیا تھا۔۲۰۔۲۰۱۹ء سیزن کا خطاب لیورپول نے جیتا تھا جبکہ مانچسٹرسٹی دوسرے نمبر پر رہی تھی۔اس سے قبل کے سیزن میں مانچسٹر سٹی نےلیورپول کے خلاف محض ایک پوائنٹ کی برتری کے ساتھ خطاب اپنے نام کیا تھا۔ دریں اثنا ایک دیگر مقابلے میںپوائنٹ ٹیبل میں تیسرے نمبر پر موجود چیلسی نے لیڈس یونائٹیڈ کو تین صفر سےشکست دی۔چیلسی کے ۳۶؍ میچوں سے ۷۰؍پوائنٹس ہیں اور وہ چوتھی پوزیشن پر قابض آرسنل سے ۴؍پوائنٹ آگے ہے۔دیگر مقابلوں میں ناروچ نے لیسسٹر کیخلاف میچ تین صفر سے گنوا دیا جبکہ واٹفورڈ اور ایورٹن کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔