Inquilab Logo

ایلکائی غندوغان کی بدولت مانچسٹرسٹی نے انگلش پریمیرلیگ کا خطاب جیت لیا

Updated: May 24, 2022, 1:17 PM IST | Agency | Manchester

مانچسٹرسٹی نے فائنل میچ ڈے پر ایسٹن ولا فٹبال کلب کو۲۔۳؍ گول سے شکست دے دی۔ غندوغان نے ۲؍گول کئے۔ سٹی نے لیورپول کو ایک پوائنٹ کی برتری کے ساتھ شکست دی

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل )کے فاتح فیصلہ اتوارکو ہوگیا اور اس چمپئن کا تاج مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے سر سج گیا۔ سٹی کی جانب سے ایلکائی غندوغان نے ٹیم کیلئے اہم ۲؍گول کرکے اسے چوتھی بارای پی ایل کا چمپئن بنادیا۔  مانچسٹر سٹی نے  اس سیزن کے اپنے آخری لیگ میچ  میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ایسٹن ولا فٹبال کو۲؍ کے مقابلے ۳؍ گول سے شکست دے کر۵؍ سیزن میں چوتھی بار پریمیر لیگ کا خطاب جیت لیا۔ حالانکہ  خطاب کیلئے اس ٹکر لیورپول فٹبال کلب سے تھی جس نے اتوار کو ہی ایک اور میچ میں والوورہیمپٹن کو ۱۔۳؍ گول سے شکست دے دی۔ سٹی نے لیورپول کو ایک پوائنٹ سے پیچھے کرتے ہوئے خطاب اپنے نام کرلیا۔    منیجر پیپ گارڈیالا کی ٹیم اتحاد اسٹیڈیم میں دوسرے ہاف کے درمیان تکصفر۔۲؍گولسے پیچھے رہنے کے بعد خطاب سے محروم ہونے کی دہلیز پر تھی۔  لیکن جرمنی سے تعلق رکھنے والے مانچسٹر سٹی کے مڈفیلڈرایلکائی غندوغان  نے حیران کن گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے خسارے کو کم کر دیا جس کے بعد روڈری نے دوسرا گول کرکے ٹیم کا اسکور برابر کردیا۔ غندوغان نے ۷۶؍ویں منٹ میں پہلا گول کیا اور اس کے ۲؍منٹ بعد ہی راڈری نے ایک اور گو ل کردیا۔   ایلکائی غندوغان  نے میچ کے۸۱؍ویں منٹ میں۵؍ منٹ کے وقفے کے بعد اپنا دوسرا گول کرتے ہوئے مانچسٹر سٹی کے لئے تیسرا گول کردیا جس کے بعد میدان میں شاندار جشن کا آغاز ہوگیا اور دوسرے نمبر پر رہنے والی لیورپول کی والوو کے خلاف اس کی  ۱۔۳؍گول کی فتح کو بھی بے معنی بنا دیا۔ مانچسٹر سٹی کلب نے لیورپول کلب سے ایک پوائنٹ آگے رہتے ہوئے۹۳؍پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ کا فاتحانہ اختتام کیا۔اس فتح کے ساتھ مانچسٹرسٹی پریمیر لیگ کی تاریخ میں واحد کلب بن گیا ہے جس نے۵؍ سیزن میں ۴؍خطاب جیتے ہیں۔مانچسٹر سٹی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فتح کے ساتھ اپنے پرستاوں کی جانب سے ایسا زبردست جشن اور خراج تحسین حاصل کیا جو برسوں یاد رکھا جائے گا۔ایک بار پھر مانچسٹر سٹی نے کھیل کے آخری وقت تک بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیزن کے فائنل میں دوسری بار لیورپول کو باہر کردیا جبکہ اس سے قبل۲۰۱۹ء میں بھی فائنل میچ ڈے پر شکست دی تھی۔ دیگر ایک میچ میں لیورپول نے والوو کو ۱۔۳؍ سے ہرا دیا۔ اس میچ میں لیورپول کی جانب سے سادیو مانے، محمد صلاح اور اے رابرٹسن نے ایک ایک گول کیا۔تناؤ سے بھر پور ٹورنامنٹ کے آخری دن   ٹوٹنہم نے ناروچ سٹی فٹبال کلب کو صفر۔۵؍گول سے شکست دی۔ آرسنل  نے ایورٹن کا ۱۔۵؍ سے شکست دی۔ کرسٹل پیلس نے ٹورنامنٹ کے آخری دن مانچسٹر یونائٹیڈ کو صفر۔ ایک سے ہرا دیا۔ چیلسی نے ویٹفورڈ فٹبال کلب کو ۱۔۲؍ گول سے شکست دے دی۔ لیسسٹر سٹی نے ساؤتھمپٹن کو ۱۔۴؍ گول سے ہرا دیا۔  ای پی ایل سے مانچسٹر سٹی ، لیورپول، چیلسی اور ٹوٹنہم ہاٹسپرفٹبال کلبز نے چمپئن لیگ کے اگلے سیزن کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیاہے ۔ آرسنل اور مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلبزنے یوروپا لیگ کے اگلے سیزن کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیا۔ ویسٹ ہیم یونائٹیڈ نے یوروپا کانفرنس لیگ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیاہے۔ برنلے، ویٹفورڈ اور ناروچ سٹی فٹبال کلبز لیگ سے باہر ہوگئے ہیں اور اب وہ چمپئن شپ میں اچھی کارکردگی کے ساتھ ای پی ایل میں لوٹ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK