• Sun, 21 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مندھانا کی شاندار اننگز رائیگاں، آسٹریلیا کا سیریز پر قبضہ

Updated: September 21, 2025, 12:38 PM IST | New Delhi

آسٹریلیا کی خواتین ٹیم کے ۴۱۲؍رنوں کے جواب میں ٹیم انڈیا نے ۳۶۹؍رن بنائے۔ مہمان ٹیم نے ہندوستان کے خلاف اپنا ریکارڈ برقرار رکھا۔

Smriti Mandhana (right) and captain Harmanpreet Kaur showed aggressive batting. Photo: PTI.
اسمرتی مندھانا (دائیں )اور کپتان ہرمن پریت کور نے جارحانہ بلے بازی کامظاہرہ کیا۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

بیتھ مونی کی شاندار ماسٹرکلاس سنچری کے سامنے اسمرتی مندھاناکی زبردست کارکردگی ٹیم کے کام نہ آئی اور آسٹریلیا نے تیسرے ویمنز ون ڈے میں ہندوستان کو ۴۳ رنوں سے شکست دے کر اپنی بالادستی ثابت کر دی۔ اس جیت کیساتھ ہی آسٹریلیا نے میزبان ٹیم کے خلاف ۱۱؍ویں دوطرفہ سیریز جیت لی ہے۔ 
بیتھ مونی کی ۷۹؍ گیندوں پر ۱۳۸؍ رنوں کی طوفانی اننگز نے آسٹریلیا کو ۴۱۲؍ رنوں کا مشترکہ طور پر سب سے بڑا ون ڈے اسکور بنانے میں مدد دی۔ یہ آسٹریلیا کا ہندوستان کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے، جس نے پچھلے سال برسبین میں بنائے گئے ۸؍وکٹ پر ۳۷۱؍کے اسکور کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس کے بعد آسٹریلوی گیند بازوں نے اپنے اعصاب پر قابو رکھا اور اسمرتی مندھنا (۶۳؍گیندوں پر ۱۲۵؍ رن) اور کپتان ہرمن پریت کور (۳۵؍گیندوں پر ۵۲؍ رن) کے درمیان ۱۲۱؍ رنوں کی شراکت اور دیپتی شرما (۵۸؍گیندوں پر ۷۲؍رن) کی آخری لمحوں میں جارحانہ اننگز کا سامنا کرتے ہوئے ہندوستان کو ۳۶۹؍رنوں پر آؤٹ کر دیا اور ۳؍ میچوں کی سیریز دو ایک سے جیت کر اپنا سو فیصد سیریز جیتنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔ 
۴۱۳؍ رنوں کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، اسمرتی مندھانا نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے خوبصورتی اور جارحیت کا مظاہرہ کیا۔ ان کی مسلسل دوسری سنچری ۵۰؍ گیندوں پر ایک ماسٹرکلاس تھی جو ون ڈے میں کسی بھی ہندوستانی خاتون کھلاڑی کی تیز ترین سنچری ہے، جس میں انہوں نے اپنا ہی ۷۰؍ گیندوں کا ریکارڈ توڑا۔ انہوں نے ۵؍ چھکے بھی لگائے۔ ہرمن پریت کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے انہوں نے رنوں کی رفتار کو ۱۰؍رن فی اوور سے اوپر رکھا تھا۔ اگرہندوستان میچ میں کامیاب ہو جاتا تو وہ سب سے بڑے کامیاب رن چیس کا عالمی ریکارڈ توڑ دیتا، جو اس وقت سری لنکا کے پاس ہے جس نے ۲۰۲۴ءمیں پوچفیسٹروم میں جنوبی افریقہ کے خلاف ۳۰۲؍ رنوں کا ہدف حاصل کیا تھا۔ 
اس سے قبل بیتھ مونی (۱۳۸) کی شاندار سنچری، جارجیا وول (۸۱) اور ایلس پیری (۶۸) کی نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے سنیچر کو تیسرے اور فیصلہ کن یکروزہ مقابلے میں ہندوستان کو جیت کے لئے ۴۱۳؍رنوں کا ہدف دیا تھا۔ 
آسٹریلیائی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ سلامی بلے باز کپتان ایلیسا ہیلی اور جارجیا وول کی شراکت نے ۴۳؍رن جوڑے۔ پانچویں اوور میں کرانتی گوڑ نے ایلیسا ہیلی کو ۱۸؍گیندوں پر ۳۰؍رن پر آؤٹ کر کے یہ پارٹنرشپ توڑ دی۔ اس کے بعد ایلس پیری نے جارجیا وول کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے ۱۰۷؍ رن جوڑ کر بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ ۲۲؍ویں اوور میں اسنیہا رانا نے جارجیا وول کو آؤٹ کر کے اس سنچری شراکت کا خاتمہ کیا۔ جارجیا وول نے ۶۸؍گیندوں پر ۱۴؍ چوکوں کی مدد سے ۸۱؍رن بنائے۔ 
۳۳؍ویں اوور میں اروندھتی ریڈی نے ایلس پیری (۶۸) کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد رینوکا سنگھ نے ایشلے گارڈنر (۳۹) کو پویلین بھیجا۔ تالیا میک گرا (۱۴) کو دیپتی شرما نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ ۴۵؍ویں اوور میں بیتھ مونی رن آؤٹ ہوئیں۔ بیتھ مونی نے ۷۵؍گیندوں پر ۲۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۱۳۸؍رنوں کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اسی اوور میں دیپتی شرما نے گریس ہیریس (ایک) کو اپنی ہی گیند پر کیچ کیا۔ رینوکا نے جارجیا ویئرہم (۱۶) کو آؤٹ کر کے اپنا دوسرا وکٹ حاصل کیا۔ کم گارتھ (ایک) نویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئیں، انہیں اروندھتی ریڈی نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا۔ اسی اوور میں اروندھتی نے الانا کنگ (۱۲) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی اننگز کو ۴۷ء۵؍اوور میں ۴۱۲؍رنوں پر آل آؤٹ کردیا۔ 
ہندوستان کی جانب سے اروندھتی ریڈی نے ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ دیپتی شرما اور رینوکا سنگھ نے ۲۔ ۲؍ وکٹ لئے جبکہ کرانتی اور اسنیہا رانا نے ایک۔ ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK