• Tue, 10 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شوٹ آف میں منو بھاکر گولڈ سےچوک گئیں، ایشا سنگھ نے کانسے کا تمغہ جیتا

Updated: February 10, 2026, 1:07 PM IST | Agency | New Delhi

ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں جاری ایشیائی رائفل/پسٹل چمپئن شپ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کی اسٹار نشانہ باز منو بھاکر خواتین کے۲۵؍ میٹر پسٹل ایونٹ میں طلائی تمغے کے بالکل قریب پہنچ کر چوک گئیں۔

Esha Singh, Thuy Trang Nguyen And Manu Bhaker With Their Medals.Photo:INN
ایشا سنگھ ،تھوئی ترانگ نگوین اورمنوبھاکر اپنے اپنے تمغوں کے ساتھ - تصویر:آئی این این

ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں جاری ایشیائی رائفل/پسٹل چمپئن شپ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کی اسٹار نشانہ باز منو بھاکر خواتین کے۲۵؍ میٹر پسٹل ایونٹ میں طلائی تمغے کے بالکل قریب پہنچ کر چوک گئیں۔ دو بار کے شوٹ آف کے بعد ویتنام کی تھوئی ترانگ نگوین نے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، جبکہ ہندوستان کی ایشا سنگھ نے اس چمپئن شپ میں اپنا دوسرا انفرادی تمغہ جیتتے ہوئے کانسہ (برانز میڈل) حاصل کیا۔
جونیئر زمرے میں بھی  ہندوستان کا غلبہ برقرار رہا جہاں نامیا کپور نے ایک اور ہیجان خیز شوٹ آف میں گولڈ میڈل جیتا، جبکہ انجلی بھگوت نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا ۔ ان فتوحات کے ساتھ ہی  ہندوستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد۶۰؍ ہو گئی جس میں۳۷؍سونا،۱۳؍چاندی اور۱۰؍ کانسے کے تمغے شامل ہیں۔
فائنل کا آغاز ایشا سنگھ نے پہلی سیریز میں پرفیکٹ پانچ شاٹس کے ساتھ کیا، جبکہ منو اور تھوئی نے چار چار شاٹ لگائے۔ مقابلے کے دوران ہر سیریز کے ساتھ پوزیشن بدلتی رہی۔ چھٹی سیریز میں ویتنامی کھلاڑی نے برتری حاصل کی لیکن ساتویں سیریز میں ہندوستانی نشانہ بازوں نے اس فرق کو کم کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے:ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ: پاکستان حکومت کا یوٹرن! ۱۵؍ فروری کو ہند-پاکستان میچ ہوگا

میچ اس وقت ڈرامائی صورتحال اختیار کر گیا جب آٹھویں سیریز تک۳۰؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہنے والی ایشا سنگھ نویں سیریز میں تمام شاٹس مکس کر گئیں اور انہیں کانسے کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ آخری سیریز کے بعد منو اور تھوئی کے پوائنٹس۳۵-۳۵؍ سے برابر ہو گئے، جس کے باعث فیصلہ شوٹ آف پر ہوا۔ پہلے شوٹ آف میں دونوں برابر رہیں لیکن دوسرے شوٹ آف میں منو تین شاٹ مکس کر گئیں اور یوں سونا ویتنام کے حصے میں چلا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:فلم ’ ’لاہور ۱۹۴۷ء‘‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان

جونیئر فائنل میں نامیا کپور نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا کی ریحاد طول اسفیہ کو شوٹ آف میں شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔ نامیا نے شوٹ آف میں تین شاٹ لگائے جبکہ ان کی حریف ایک بھی شاٹ نہ لگا سکیں۔ اسی ایونٹ میں انجلی بھگوت  نے ۲۴؍ پوائنٹس کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا ۔ انفرادی کامیابیوں کے علاوہ، ہندوستانی ٹیموں نے سینئر اور جونیئر دونوں ٹیم ایونٹس میں بھی طلائی تمغے جیت کر اپنی برتری ثابت کر دی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK