Inquilab Logo

مارش اور ٹھاکر نے پنجاب کو شکست دی ، لیگ میں اُمیدیں برقرار

Updated: May 18, 2022, 2:17 PM IST | Agency | Mumbai

پنجاب نے ۱۷؍رن سے کامیابی حاصل کرلی۔ سرفراز خان نے بھی شروعات میں تیزی سے رن بنائے

Delhi Capitals player Sarfraz Khan.Picture:INN
دہلی کیپٹلس کے کھلاڑی سرفراز خان ۔ تصویر: آئی این این

مشیل مارش (۶۳؍رن) کی شاندار نصف سنچری اورشاردل ٹھاکر (۲۸؍ رن  پر ۴؍ وکٹ) کی عمدہ گیندبازی سے دہلی کیپٹلس نے پنجاب کنگز کو پیرکوآئی پی ایل میچ میں ۱۷؍ رن  سے شکست دے کر پلے آف میں پہنچنے کی اپنی امیدوں کوقائم رکھاہے۔
 دہلی نے مقررہ۲۰؍ اوورمیں ۷؍ وکٹ پر ۱۵۹؍رن کا چیلنجنگ اسکوربنانے کے بعد پنجاب کو۲۰؍ اوور میں ۹؍وکٹ پر۱۴۲؍ رن پر روک دیا۔ ۱۳؍ میچوں میں دہلی کی یہ ۷؍ویں جیت ہے اور اس کے۱۴؍ پوائنٹس ہوگئے ہیں جبکہ پنجاب ۱۳؍ میچوں میں ۷؍ویں ہار کے بعد۱۲؍ پوائنٹس پر ہے اور اس کی امیدیں ختم ہو چکی ہیں۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے دہلی کی شروعات خراب رہی اور اس نے لیام لیونگ اسٹون کی اننگز کی پہلی گیند پر اپنے اوپنر ڈیوڈ وارنر کو گنوا دیا۔ لیونگ اسٹون نے بعد میں دہلی کے کپتان رشبھ پنت اور رومین  پاویل کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ لیونگ اسٹون نے ۴؍ اوورس میں۲۷؍رن دے کر ۳؍ وکٹ لئے۔ پنت ۷؍ اور پاویل ۲؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مارش نے ایک کنارہ سنبھال کرکھیلتے ہوئے ۴۸؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۶۳؍رن بنائے اور اننگزکے۱۹؍ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ اوپنر سرفراز خان نے۱۶؍ گیندوں پر۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۳۲؍ اور للت یادو نے ۲۱؍ گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکے کی مدد سے ۲۴؍ رن بنائے۔ اکشر پٹیل نے۲۰؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۱۷؍ رن بنائے۔ پنجاب کے لئے ارشدیپ سنگھ نے۳۷؍ رن دے کر۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پنجاب کی جانب سے جتیندر شرما نے۳۴؍ گیندوں پر سب سے زیادہ  ۴۴؍رن بنائے جبکہ جونی بیریسٹو نے ۱۵؍ گیندوں پر ۲۸؍ رن کا تعاون دیا۔ شکھر دھون نے۱۹؍ اور راہل چاہر نے ناٹ آؤٹ ۲۵؍رن بنائے۔دہلی کی جانب سے شاردُل ٹھاکر کے ۴؍ وکٹوں کے علاوہ اکشر پٹیل اور کلدیپ یادو نے ۲۔۲؍ وکٹ لئے۔ پنجاب نے ۳۸؍رن کی اچھی شروعات کے بعد مسلسل اپنے وکٹ گنوائے۔
 اس جیت کے ساتھ دہلی کے اب ۱۴؍ پوائنٹس ہو گئے ہیں اور ان کا نیٹ رن ریٹ بھی اچھا ہو گیا ہے۔ اس وقت دہلی پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ ان کے پاس ابھی ایک اور میچ ہے۔ اگر وہ جیت جاتاہے تو پلے آف میں اس کا ٹکٹ تقریباً طے ہو جائے گا۔ آج کے میچ کی بات کریں تو دہلی کی ٹیم نے ایک چھوٹے اسکور کااچھی طرح سے دفاع کیا۔ اس کے گیند بازوں نے وقت وقت پرپنجاب کو جھٹکا دیا۔ پنجاب نے اچھی شروعات کی لیکن اس کے بعد ان کا بیٹنگ آرڈر تاش کے پتوں کی طرح بکھرگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK