• Fri, 18 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میتھیو ویڈ کا بی بی ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، کوچنگ پر توجہ دیںگے

Updated: September 18, 2026, 12:47 PM IST | Agency | Sydney

آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر بلے باز میتھیو ویڈ نے کوچنگ پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

Matthew Wade. Photo: INN.
میتھیو ویڈ۔ تصویر: آئی این این

آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر بلے باز میتھیو ویڈ نے کوچنگ پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ وہ پہلے ہی آسٹریلیا کی وہائٹ بال ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔

ویڈ گزشتہ سال ہوبارٹ ہریکینز کی جانب سے بی بی ایل میں کھیلنے کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کی مردوں کی ٹیم کے ساتھ بھی کام کر رہے تھے، تاہم انہوں نے۲۷۔۲۰۲۶ءسیزن سے قبل مکمل طور پر کھیل کو الوداع کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ویڈ نے ۲۰۲۴ءکے ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور اب وہ بی بی ایل کی تاریخ کے اہم کھلاڑیوں میں شامل ہوکر اس ٹورنامنٹ سے رخصت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ۱۲۔۲۰۱۱ءکے پہلے سیزن میں میلبورن اسٹارز کیلئے شین ورن کے ساتھ کھیلتے ہوئے اپنے بی بی ایل کریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے اسٹارز کیلئے۱۶؍اور میلبورن رینیگیڈز کیلئے ۱۳؍ میچ کھیلے، جس کے بعد تسمانیہ واپس آکر ہریکینز کیلئے۹۰؍ میچوں میں حصہ لیا۔

یہ بھی پڑھئے:ایرانی کپ کیلئے رشبھ پنت کپتان اور سرفراز خان نائب کپتان مقرر

بی بی ایل میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں ویڈ نویں نمبر پر ہیں۔ ہریکینز کی جانب سے صرف بین میک ڈرموٹ اور ڈارسی شارٹ نے ان سے زیادہ رن بنائے ہیں، تاہم ان کے کریئر کے بہترین اسکور ۱۳۰ ؍ ناٹ آؤٹ سے زیادہ ٹیم کے کسی دوسرے بلے باز نے نہیں بنایا۔ اس کے علاوہ ۲۵۔ ۲۰۲۴ء میں ہریکینز کو اس کا پہلا بی بی ایل خطاب دلانے میں بھی ویڈ نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

ہریکینز کے کوچ جیف وان نے کہا’’ویڈ ان کرکٹرز میں سے ایک ہیں جنہیں آپ ہمیشہ اپنی ٹیم میں رکھنا چاہیں گے۔ جب بھی وہ میدان میں اترے، انہوں نے زبردست مقابلہ کیا اور ان میں کھیل کا رخ بہت تیزی سے بدلنے کی صلاحیت تھی۔ تاہم اتنی ہی اہم بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنے آس پاس موجود کھلاڑیوں کو کیا سکھایا۔ انہیں کرکٹ کی بہترین سمجھ ہے اور وہ ہمیشہ اپنی معلومات دوسروں کے ساتھ  مشترک کرنے اور ساتھی کھلاڑیوں کو بہتر بننے کی ترغیب دینے کے لئے تیار رہتے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK