نائٹ رائیڈرس کے کوچ نے کہا :۲۰۰۸ء کے سیزن میں سورو گنگولی نے مجھ سے کہا تھا کہ تمہاری زندگی بدلنے والی ہے
EPAPER
Updated: April 19, 2020, 1:15 PM IST | Agency | Kolkata
نائٹ رائیڈرس کے کوچ نے کہا :۲۰۰۸ء کے سیزن میں سورو گنگولی نے مجھ سے کہا تھا کہ تمہاری زندگی بدلنے والی ہے
انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے پہلے ایڈیشن کے پہلے میچ میں کولکاتا نائٹ رائڈرس ( کے کے آر ) کی جانب سے کھیلتے ہوئے دھماکہ خیز اننگز کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے اوپنر برینڈن میکولم نے کہا ہے کہ اس اننگز نے ان کی زندگی بدل دی۔
میکولم نے۲۰۰۸ء میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ۷۳؍ گیندوں میں۱۰؍چوکوں اور۱۳؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۱۵۸؍رن بنائے تھے جس کی بدولت کولکاتا نے بنگلور کو۱۴۰؍رن سے شکست دی تھی۔میکولم نے کہا کہ میں بہت خوش تھا کہ مجھے یہ موقع ملا۔ آپ کے کریئر میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن اس رات نے میری زندگی بدل کر رکھ دی۔ اس ۳؍ گھنٹے کو میں کبھی نہیں بھول سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ موقع کیوں ملا کہ میں سورو گنگولی کے ساتھ اوپننگ کرنے اترا۔ مجھے پہلے میچ میں کھیلنے کا موقع کیسے ملا۔ میں نے کس طرح اس موقع سے استفادہ کیا۔ سچ بتاؤں تو مجھے ان سوالات کے جواب نہیں معلوم لیکن میں اتنا جانتا ہوں کہ اس نے میری زندگی تبدیل کر دی۔ میکولم نے کہا کہ میں نے اپنے خاندان کی بھی زندگی ہمیشہ کے لئے بدل دی اور میں اپنے آپ کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں۔ میں نے اس دن جو کیا ایسا میں کبھی کر پاؤں گا اس بارے میں نہیں سوچا تھا۔ لیکن یہ بھی سچ ہے کہ میں اپنے ٹیم کے ساتھیوں کے بغیر یہ نہیں کر پاتا۔ یہ ایسا پل ہے جب آپ اس بارے میں سوچتے ہیں تو لگتا ہے کہ آپ کتنے خوش قسمت ہیں۔ کے کے آر کے چیف کوچ مقررہونے والے میکولم نے اس دن کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اب بھی اس وقت کے کپتان سورو گنگولی کی بات یاد ہے جو انہوں نے میکولم سے کہی تھی۔
میکولم نے کہا کہ مجھے پوری بات یاد نہیں لیکن اتنا یاد ہے جو دادانے مجھے کہا تھا۔ انہوں نے مجھے کہا تھا کہ تمہاری زندگی ہمیشہ کے لئے بدل جائے گی لیکن اس وقت میں یہ نہیں سمجھ پایا تھا۔ اگرچہ میں ان سےصد فیصد متفق ہوں۔ ٹیم کے شریک مالک شاہ رخ خان نے بھی مجھ سے کہا تھا کہ تم ہمیشہ نائٹ رائڈرس کے ساتھ رہو گے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے کریئر میں اتنا بے چین کبھی نہیں ہوا لیکن اس دن میں کافی بے چین تھا۔ میرے خیال سے ہم لوگوں میں سے کسی کو نہیں پتہ تھا کہ یہ ٹورنامنٹ کیسا ہوگا۔ لیکن ہمیں یہ منصوبہ بندی پسند آئی تھی اور بنگلور میں جو ہوا وہ یادگار لمحہ تھا۔
میکولم نے کہا کہ ایک وقت تھا جب میں کے کے آر کے ساتھ تھا لیکن اس کے بعد مجھے ریلیزکر دیا گیا۔ اگرچہ میرا ٹیم کے ساتھ رشتہ ہمیشہ اچھا رہا۔ میں فرنچائزی کا مجھے موقع دینے کے لئے ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔ میرے پاس جب کوچ بننے کی تجویز آئی تو میں نے اس بارے میں غور کیا۔ مجھے شاہ رخ نے بھی کہا تھا کہ تم ہمیشہ کے کے آر کا حصہ رہو گے۔ میرے خیال سے یہ بھی ایک موقع ہے۔
برینڈن میکولم نے کہا کہ کے کے آر میں تمام لوگ اچھے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ ہم میدان پر کامیاب ہوں گے۔ ہم بنگال کے لوگوں، شاہ رخ اور فرنچائزی سے وابستہ دیگر افراد کی توقع تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ ہم کامیاب ہوں گے کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ ہماری ٹیم بے حد متوازن ہے ۔ امید کرتے ہیں اس بار آئی پی ایل خطاب ہم جیتیں گے۔