Inquilab Logo

میدویدیف، اوگر ،ستسپاس، کورنیٹ اور کولنس کوارٹر فائنل میں داخل

Updated: January 25, 2022, 12:47 PM IST | Agency | Melbourne

روسی کھلاڑی نے میکسم کو شکست دےدی۔ اوگر نے مضبوط کھلاڑی سلچ کو ہرا کر اگلے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کیا۔ ستسپاس نے ۵؍سیٹ کھیلے

Daniil Medvedev. Picture:INN
ڈینیل میدویدیف۔ تصویر: آئی این این

کینیڈا کے فیلکس اوگر-الیاسیمے نے پیر کو آسٹریلین اوپن۲۰۲۲ء میں مارین سلِچ کو شکست دے کر اپنے تیسرے گرینڈ سلیم کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ ان کے ساتھ روسی سیکنڈ سیڈ ڈینیل میدویدیف نے بھی آخری ۸؍میں جگہ بنا لی ہے۔ دوسری طرف  چوتھی  سیڈیڈ یونان کے اسٹیفانوس ستسپاس نے پیر کو میراتھن مقابلے میں۲۰؍ ویں سیڈیافتہ  امریکہ کے ٹیلر فرٹز کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی کی۔ ۳؍ گھنٹے۲۳؍منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں ستسپاس نے ٹیلر کو۶۔۴، ۴۔۶،۶۔۴، ۳۔۶، ۴۔۶؍ سے شکست دی۔ ستسپاس کا مقابلہ آخری ۸؍ میں نوجوان آسٹریلیا کے جانک سینر سے ہوگا۔ میدویدیف نے فرانسیسی نژاد امریکی میکسم کریسی ۲۔۶، ۶۔۷، ۷۔۶، ۵۔۷؍سے شکست دی۔ کوارٹر فائنل میں میدویدیف کا مقابلہ کینیڈا کے اوگر۔الیاسیمے سے ہوگا جنہوں  نے ۴؍ کوششوں میں سے پہلی میں سلچ کے خلاف۶۔۲، ۶۔۷، ۲۔۶، ۶۔۷؍ سے کامیابی حاصل کی۔  فیلکس گرینڈ سلیم کوارٹر فائنل میں داخل ہونے والے واحد کینیڈین نہیں ہیں۔ ان کے ہم وطن اور دوست ڈینس شاپووالووو بھی آخری ۸؍ میں پہنچ گئے ہیں۔ منگل کو ان کا مقابلہ اسپین کے رافیل ندال سے ہوگا، جو۲۰؍ گرینڈ سلیم خطاب  کے فاتح اور عالمی نمبر ۶؍ ہیں۔ رافیل ندال نے اس ٹورنامنٹ میں بہت اچھا ٹینس کھیلا ہے اور وہ اچھے فارم میں بھی ہیں۔ 

 ایلیس کورنیٹ اور ڈینیل کولنس نے خواتین کے سنگلز کے  آخری ۸؍ میں جگہ بنا لی ہے۔آسٹریلین اوپن میں پیر کو ایک بڑا الٹ پھیر ہوا اور سیمونا ہالیپ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔ آئیگا سویاتک  اور کائیا کانیپی نے بھی اپنے اپنے میچ جیت کر آسٹریلین اوپن کے اگلے راؤنڈ کیلئے  کوالیفائی کرلیا۔  کورنیٹ نے۱۳؍ سال کے انتظار کے بعد پہلی بار کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ انہوں نے ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے میچ میں سابق نمبر ایک رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو۴۔۶، ۶۔۳، ۳۔۶؍ سے شکست  دے دی۔ میچ کے بعد انہوںنے کہاکہ مجھے یقین نہیں ہورہاہے کہ میں کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہوں اور سیمونا ہالیپ جیسی مضبوط کھلاڑی کو شکست دے دی ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ میں اگلے میچ میں بھی ایسی ہی کارکردگی دُہرانے کیلئے تیار ہوں اور ایک اچھی حکمت عملی کے ساتھ حریف کھلاڑی کا مقابلہ کروں گی۔ کولنس نے تقریباً ۳؍ گھنٹے تک جاری رہنے والے میچ میں بلجیم کی ایلیس مرٹینس کو۶۔۴، ۴۔۶، ۴۔۶؍ سے شکست دے کر پہلی بار آخری ۸؍ میں داخلہ حاصل کرلیا۔ آئیگا سویاتک نے سورانا کرسٹی کو ۷۔۵، ۳۔۶، ۳۔۶؍ کے اسکور سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ کائیا نے آرائنا سبالینکا کو ۷۔۵، ۲۔۶، ۶۔۷؍ سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK