Inquilab Logo

میسی کی شاندار کارکردگی، ارجنٹائنا نے اٹلی کو ہرادیا

Updated: June 03, 2022, 11:56 AM IST | Agency | London

’لا فنالے سیما‘ کپ کے فائنل میں ارجنٹائنا نے تین صفر سے کامیابی حاصل کی،ڈی ماریا،مارٹینز اورڈائبالا نے گول کئے

Lionel Messi can be seen happily with fellow players carrying the trophy..Picture:INN
لیونل میسی ٹرافی اٹھائے ہوئے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ خوش دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

اسٹار  فٹبال کھلاڑی لیونل میسی کے شاندار کھیل کی بدولت ارجنٹائنا نے کونمیبول۔یوائیفا کپ آف چمپئن یعنی’  لا فنالے سیما‘ کے فائنل میں اٹلی کو شکست دے کر خطاب جیت لیا۔کوپا امریکہ فاتح ٹیم ارجنٹائنا نے یوروپی چمپئن اٹلی کو تین صفر سے شکست دی۔یہ فائنل برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں واقع ویمبلی اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں موجود شائقین کے سامنے بدھ کی دیر رات کھیلا گیا۔ ۷؍ بار بیلون ڈی اور جیتنے والے لیونل میسی نے ارجنٹائناکے ساتھ ۱۱؍ماہ میں اپنی دوسری بین الاقوامی ٹرافی جیتی۔ ارجنٹائنا کے نمبر ۱۰؍ کھلاڑی کیلئے یہ فتح اور بھی خاص ہے کیونکہ ۱۹۹۳ء  میں  ارجنٹائنا کے لئے آخری ’لا فینالے سیما ‘ڈیاگو میراڈونا نے جیتا تھا جوخود بھی نمبر ۱۰؍  کی جرسی پہننے والے کھلاڑی تھے۔اٹلی کے خلاف میچ میں لیونل میسی نے بھلے ہی گول نہ کیا ہو لیکن انہوںنے ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کےلئے  گول کرنے کے مواقع بنائے ۔ کپتان میسی نے۸۷؍ہزار شائقین اور حامیوں کے درمیان ۲؍ گول کرنے میں مدد کی۔  اینجل ڈی ماریا نےمیسی کے کراس کی مدد سے میچ کے ۲۸؍ویں منٹ میں اپنی ٹیم کو ایک صفرکی برتری دلا دی ۔ اس کے بعد مارٹینز نے ہاف ٹائم سے ٹھیک پہلے ڈی ماریا کے ایک پاس کو    اٹلی  کے گول کیپر کے سر کے ااوپر سے نیٹ میں پہنچا کر ٹیم کی برتری کو دو صفر کردیا۔اس کے علاوہ  ارجنٹائنا کے لئے پاؤلوڈائبالا نے بھی انجری ٹائم میں گول کرتے ہوئے ٹیم کو تین صفر سے فتح دلانے میں اہم رول ادا کیا۔ واضح رہے کہ یہ کونمیبول۔یوائیفا کپ آف چمپئن کا تیسرا سیزن ہے۔اس سے پہلے ۱۹۸۵ء میں اور ۱۹۹۳ء میں اس ٹورنامنٹ کا الگ الگ نام سے انعقاد کیا گیا تھا۔اس کے بعد کئی برسوں تک یہ ٹورنامنٹ نہیں کھیلا گیا ۔۲۰۲۰ء میں یوائیفا اور کونمیبول کے درمیان ہونے والے معاہدہ کے بعد ایک پھر اس ٹورنامنٹ کو اس سال منعقد کیا گیا۔۱۹۸۵ء میں فرانس نے یوروگوئے کو دو صفر سے شکست دے کرخطاب جیتا تھا جبکہ ۱۹۹۳ء میںارجنٹائنا نے ڈنمارک کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا تھا۔ واضح رہے کہ فٹبال میں ارجنٹائنا کا دبدبہ جاری ہے۔اس نے گزشتہ ۳۲؍بین الاقوامی مقابلوں میں شکست کا سامنا نہیں کیا ہے ۔ ارجنٹائنا  کی ٹیم ۲۰۱۹ء کے بعد سے ہی لگاتار مقابلے یا تو جیت رہی ہے یا پھر میچ ڈرا کرا رہی ہے۔ دوسری جانب اٹلی کی ٹیم گزشتہ ۷؍میچوں میں سے صرف ۲؍مقابلے ہی جیت سکی ہے جبکہ ۳؍ میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ ۲؍ میچ ڈرا پر ختم ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں اسپین کے نیشنس لیگ کے سیمی فائنل میں اٹلی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ شمالی مقدونیہ نے اسی سال مارچ میںہراکر اسے عالمی کپ کوالیفائنگ راؤنڈ سے باہر کردیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK