Inquilab Logo

بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی کم از کم عمر۱۵؍ سال

Updated: November 21, 2020, 3:00 AM IST | Dubai

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی عمر کی حد مقرر کی تاکہ کھلاڑیوں کی بہتر طریقہ سے حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق اب۱۵؍برس سے کم عمر کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ نے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے عمر کی پالیسی متعارف کروائی ہے جس کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے اہل ہونے کیلئے کرکٹر کی عُمر کم از کم۱۵؍ سال ہونا ضروری ہے۔آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی حفاظت میں بہتری لانے کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ کے لئے کم سے کم عمر کی پابندیاں متعارف کروانے کی تصدیق کی ہے جس کا اطلاق آئی سی سی ایونٹ، باہمی کرکٹ اورانڈر ۱۹؍ کرکٹ کے ساتھ تمام کرکٹ میں ہوگا اور یہ اصول مردوں ، خواتین اور انڈر۱۹؍ کرکٹ میں ہر ایک کیلئے نافذ ہوگا۔
  دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کا کہنا ہے کہ کچھ وجوہات کی بناء پر اگر کسی ملک کا کرکٹ بورڈ عالمی سطح پر اپنے۱۵؍ سال سے کم عمر کھلاڑی کو موقع دینا چاہتے ہیں تو اُنہیں اس کے لئے آئی سی سی کو درخواست دینی ہوگی جس میں وہ تمام وجوہات سے آگاہ کریں گے جس کے بعد آئی سی سی اُس کھلاڑی کی صلاحیت دیکھتے ہوئے اُسے اجازت نامہ دے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کی عُمر سے متعلق کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔
 یاد رہے کہ ۱۹۹۶ءسے۲۰۰۵ء کے درمیان ۷؍ ٹیسٹ اور۱۶؍ ون ڈے میچ کھیلنے والے پاکستان کے حسن رضا کے پاس سب سے کم عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا ریکارڈ ہے۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے ٹیسٹ کریئر کا آغاز ۱۴؍ سال کی عمر میں کیا تھا۔ہندوستان کی جانب سے سب سے کم عمر میں بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کھیلنے کا ریکارڈ عظیم بلے باز سچن تینڈولکر کے نام ہے۔ انہوں نے۱۶؍برس ۲۰۵؍دن کی عمر میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ کریئر کی شروعات کی تھی۔ 
ٹیسٹ چمپئن شپ :فیصد کی بنیاد پر آسٹریلیا چوٹی پر ، ہندوستان دوسرے نمبر پر 
آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چمپئن کی فہرست میں پوائنٹ کے فیصد کی بنیاد پر ہندوستان نے اپنا چوٹی کا مقام گنوا دیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے حالانکہ سب سے زیادہ ۳۶۰؍ پوائنٹ حاصل کئے ہیں لیکن فیصد کے معاملے میں ٹیم انڈیا دوسرے نمبر پر جبکہ آسٹریلیا نے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ ہندوستان نے اب تک ۴؍ سیریز کھیلی ہیں جبکہ آسٹریلیا نے ۳؍ سیریز اپنے نام کی ہیں ۔ آسٹریلیا۸۲ء۲؍ فیصد کے ساتھ چوٹی پر پہنچا۔ ہندوستان کا فیصد۷۵؍ ہے۔ انگلینڈ ۶۰ء۸۳؍ کے ساتھ تیسرے پر، نیوزی لینڈ ۵۰؍فیصد کے ساتھ چوتھے اور پاکستان ۳۹ء۵۲؍ فیصد کے ساتھ ۵؍ویں نمبر پر ہے۔ اس پوائنٹ ٹیبل میں چوٹی کی دو ٹیموں کے بیچ عالمی ٹیسٹ چمپئن کا فائنل کھیلا جائے گا۔ 
 آئی سی سی نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ عالمی ٹیسٹ چمپئن (ڈبلیو ٹی سی ) کے دو فائنلسٹ کا فیصلہ پوائنٹ کی بنیاد پر طے کیا جائے گا جسے اب آئی سی سی بورڈ نے اپنی منظوری دے دی ہے۔ آئی سی سی کی پیر سے شروع ہوئی سہ ماہی میٹنگ میں انل کمبلے کی صدارت والی آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے اس نئے ضابطے کی سفارش کی تھی۔ 
 سی ای او منو ساہنی نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی اور چیف ایگزیکٹیو کمیٹی دونوں نے اس سسٹم کو منظور کردیا ہے۔ نئی کاونٹنگ میں یعنی پوائنٹ فیصد کی بنیاد پر بنائی گئی رینکنگ میں آسٹریلیا ۸۲ء۲؍فیصد کے ساتھ چوٹی پر پہنچ گیا ہے جبکہ ہندوستان۷۵؍ فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گیاہے۔ اس سے پہلے ہندوستان۳۶۰؍ پوائنٹ کےساتھ پہلے نمبر پر اور آسٹریلیا۲۹۶؍ پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا لیکن نئی کاونٹنگ سے دونوں ٹیموں کی رینکنگ میں تبدیلی آئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK