Inquilab Logo Happiest Places to Work

میرابائی اور لوولینا نے دولتِ مشترکہ کھیلوں کی افتتاحی پریڈ میں ہندوستانی دستے کی قیادت کی

Updated: July 24, 2026, 6:48 PM IST | Glasgow

دولتِ مشترکہ کھیل ۲۰۲۶ء کا باضابطہ آغاز جمعرات کو اسکاٹ لینڈ کی ثقافت کی جھلک پیش کرنے والی شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا، جہاں اولمپک تمغہ یافتہ ویٹ لفٹر میرابائی چانو اور باکسر لوولینا بورگوہین نے ہائیڈرو ایرینا میں ہندوستانی دستے کی قیادت کی۔

Indian Squad .Photo:PTI
ہندوستانی دستہ۔ تصویر:پی ٹی آئی

 دولتِ مشترکہ کھیل  ۲۰۲۶ء کا باضابطہ آغاز جمعرات کو اسکاٹ لینڈ کی ثقافت کی جھلک پیش کرنے والی شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا، جہاں اولمپک تمغہ یافتہ ویٹ لفٹر میرابائی چانو اور باکسر لوولینا بورگوہین نے ہائیڈرو ایرینا میں ہندوستانی دستے کی قیادت کی۔برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس سوم نے کھیلوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔ دولتِ مشترکہ کھیلوں کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب افتتاحی تقریب کسی انڈور اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں موسیقی، روشنیوں اور اسکاٹ لینڈ کی ثقافتی روایات کی دلکش پیشکش کے ذریعے ۷۴؍ ممالک اور خطوں سے آنے والے کھلاڑیوں کا خیرمقدم کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:فولارین بالوگن کی معطلی ختم کرنے پر فیفا کے خلاف شکایت پر غور


ہندوستانی دستہ تقریب میں گہرے نیلے رنگ کے بلیزر اور ٹراؤزر پر مشتمل سرکاری رسمی لباس میں ملبوس تھا ۔ ممالک کی پریڈ کا آغاز بوٹسوانا کے دستے کی ایرینا میں آمد سے ہوا، جس کے بعد افریقہ، امریکہ، ایشیا، کیریبین، اوشیانیا اور یورپ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔برمنگھم  ۲۰۲۲ء کے برعکس، جہاں ہر ملک کی نمائندگی دو علمبردار کرتے تھے، گلاسگو ۲۰۲۶ء میں ایک نیا طریقہ کار اختیار کیا گیا، جس کے تحت ہر شریک ملک یا خطے کی جانب سے ایک علمبردار اور ایک بیٹن بردار کو شامل کیا گیا۔
افتتاحی تقریب کاآغاز مقبول برطانوی ٹیلی ویژن سیریز ڈاکٹر ہو سے متاثر ایک خصوصی منظر سے ہوا، جس میں چھ مرتبہ کے اولمپک سائیکلنگ چیمپئن سر کرس ہوئے شریک تھے۔ اس کے بعد کنگ چارلس سوم اور ملکہ کیملا نے مشہور ٹارڈِس کے ذریعے ڈرامائی انداز میں ایرینا میں داخلہ لیا۔ بعد ازاں ایک پہلے سے ریکارڈ کی گئی فلم پیش کی گئی، جس میں ٹائم مشین کے ذریعے اسکاٹ لینڈ کی تاریخ کے مختلف ادوار کی جھلک دکھائی گئی۔ اس فلم میں سر کرس ہوئے اور اسکاٹش اداکار گریگ میک ہیو ٹائم مشین چلا رہے تھے اور آخر میں شاہی جوڑے کے ہمراہ ہائیڈرو ایرینا پہنچے۔

یہ بھی پڑھئے:تھلاپتی وجے کی ’’جنا نائیگن‘‘ نے پہلے دن ہندوستان میں ۴۱؍ کروڑ روپے کی کمائی


تقریب کے دوران ٹیم اسکاٹ لینڈ کا پُرجوش خیرمقدم کیا گیا، جس کی قیادت معروف باؤلز کھلاڑی الیکس مارشل کر رہے تھے۔ اس کے بعد ایرینا میں اسکاٹ لینڈ کے قومی ترانے فلاور آف اسکاٹ لینڈ کی پُرسوز پیشکش نے شرکا کا دل موہ لیا۔ افتتاحی تقریب کا اختتام دولتِ مشترکہ کے پرچم کو ایرینا میں لانے اور اسے لہرانے کے ساتھ ہوا۔ بعد ازاں کھلاڑی پال فوسٹر، رابن لو اور لیسلی رائے نے کھلاڑیوں، عہدیداروں اور ججوں کی جانب سے دولتِ مشترکہ کھیلوں کا حلف اٹھایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK