اس نظام کی بدولت نہ صرف تعمیراتی کمپنی اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کرتی ہے بلکہ آس پاس رہنے والے افراد، مزدور اور راہگیر بھی محفوظ رہتے ہیں۔
EPAPER
Updated: July 24, 2026, 8:17 PM IST | Mumbai
اس نظام کی بدولت نہ صرف تعمیراتی کمپنی اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کرتی ہے بلکہ آس پاس رہنے والے افراد، مزدور اور راہگیر بھی محفوظ رہتے ہیں۔
شہروں میں جب کسی بڑی عمارت، فلائی اوور، میٹرو اسٹیشن یا کمرشل کمپلیکس کی تعمیر جاری ہوتی ہے تو اکثر اس کے باہر ایک ڈجیٹل ڈسپلے نصب نظر آتا ہے۔ اس اسکرین پر فضائی آلودگی، درجۂ حرارت، نمی (Humidity)، ہوا کی رفتار، شور (Noise Level) اور بعض اوقات ہوا کے معیار کا اشاریہ (AQI) بھی دکھایا جاتا ہے۔ کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ زیر تعمیر عمارتوں کے باہر ڈجیٹل ڈسپلے پر یہ تمام معلومات کیوں درج ہوتی ہے۔
فضائی آلودگی کی نگرانی
تعمیراتی کام کے دوران مٹی، سیمنٹ، ریت اور دیگر تعمیراتی مواد سے بڑی مقدار میں گرد و غبار پیدا ہوتا ہے۔ یہ ذرات ہوا میں شامل ہو کر سانس کی بیماریوں، دمہ اور الرجی کا سبب بن سکتے ہیں۔ اسی لئے ڈجیٹل ڈسپلے پر PM2.5 اور PM10 جیسے ذرات کی مقدار مسلسل ظاہر کی جاتی ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ تعمیراتی سرگرمیوں سے کتنی آلودگی پیدا ہو رہی ہے۔ اگر یہ مقدار مقررہ حد سے تجاوز کرے تو تعمیراتی کمپنی کو فوراً اقدامات کرنا پڑتے ہیں جیسے پانی کا چھڑکاؤ، مٹی کو ڈھانپنا یا گرد اُڑنے سے روکنے کے دیگر انتظامات۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں شہری انتظامیہ اس کے خلاف کارروائی کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بارش کے بعد فضا صاف ہوجاتی ہے، کیوں؟
ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد
بہت سے ممالک اور بڑے شہروں میں ماحولیات کے تحفظ کے قوانین کے تحت بڑے تعمیراتی منصوبوں کیلئے فضائی معیار کی نگرانی لازمی ہوتی ہے۔ متعلقہ سرکاری ادارے اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ تعمیراتی کمپنیاں ماحول کو غیر ضروری نقصان نہ پہنچائیں۔ ڈجیٹل ڈسپلے اس بات کا ثبوت بھی ہوتا ہے کہ تعمیراتی مقام پر ماحولیاتی نگرانی کی جا رہی ہے اور عوام کو حقیقی وقت (Real-Time) کی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
عوامی آگاہی میں اضافہ
ان ڈسپلے اسکرینوں کا ایک اہم مقصد عام لوگوں کو ماحول کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرنا بھی ہے۔ جو لوگ اس سڑک سے گزرتے ہیں، وہ دیکھ سکتے ہیں کہ اس وقت ہوا کا معیار کیسا ہے، درجۂ حرارت کیا ہے اور آلودگی کی سطح کتنی ہے۔ اگر آلودگی زیادہ ہو تو حساس افراد، بزرگ، بچے اور دمے کے مریض احتیاطی تدابیر اختیار کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: پلیٹ فارم کے کنارے زرد پٹی ہوتی ہے، کیوں؟
درجۂ حرارت اور موسم کی نگرانی
تعمیراتی سرگرمیوں میں موسم کا اہم کردار ہوتا ہے۔ شدید گرمی، زیادہ نمی یا تیز ہوا بعض اوقات مزدوروں کی صحت اور تعمیراتی معیار دونوں کو متاثر کر سکتی ہے۔ اسی لئے ڈسپلے پر درجۂ حرارت، نمی اور بعض مقامات پر ہوا کی رفتار بھی ظاہر کی جاتی ہے تاکہ انجینئر اور سپروائزر حالات کے مطابق کام کی رفتار یا حفاظتی انتظامات میں تبدیلی کر سکیں۔