Inquilab Logo

سبکدوشی کے باوجود کرکٹ سے منسلک رہنا چاہوں گی: میتھالی

Updated: June 09, 2022, 2:09 PM IST | Agency | New Delhi

ہندوستان کی اسٹار کرکٹر نے کہا: کھیلنے کا سفر شاید ختم ہو گیا ہو لیکن ایک اور سفر مجھے بلاتاہے۔ اس کھیل سے مجھے پیار ہے اور میں خواتین کی ترقی دیکھنا چاہتی ہوں

Mithali Raj .Picture:INN
میتھالی راج۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میتھالی راج نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے بدھ کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک خط شیئر کرتے ہوئے کیا۔ میتھالی راج نے خط میں لکھاکہ میں نے چھوٹی بچی کے طور پر ہندوستان کی جرسی پہننے کا سفر شروع کیا تھا۔ یہ سفر اتار چڑھاؤ سے بھرا ہوا تھا۔ اس سفر کے ہر واقعہ نے مجھے کچھ نیا سکھایا اور پچھلے۲۳؍ سال چیلنج بھرے اور خوشگوار رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہر سفر کی طرح اس کا بھی اختتام ہونا ہے۔ آج میں تمام طرح کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرڈ ہو رہی ہوں۔ میتھالی نے۱۹۹۹ء میں۱۶؍ سال کی عمر میں ہندوستان کے لئے کھیلنا شروع کیاتھا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’’میں نے جب بھی میدان میں قدم رکھا، ہندوستان کو جیتنے کے ارادے سے اپنا بہترین دیا۔مجھے ترنگے کی نمائندگی کرنے کا جو موقع ملا ہے اس کی میں ہمیشہ قدر کروں گی۔ میرے مطابق اب اپنے کریئر کو ختم کرنے کا صحیح وقت ہے کیونکہ ٹیم کچھ بہت باصلاحیت کھلاڑیوں کے ہاتھ میں ہے اور ہندوستانی کرکٹ کا مستقبل روشن ہے۔ میتھالی  نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اور بورڈ کے سکریٹری جے شاہ کا ان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اتنے برسوں تک ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ کرکٹ کے ساتھ اپنے مستقبل کے بارے میں میتھالی  نے کہا’’یہ سفر شاید ختم ہو گیا ہو لیکن ایک اور سفر میرے لئے  باقی ہے۔ میں اس کھیل سے منسلک ہونا چاہوں گا جس سے مجھے پیار ہے اور میں ہندوستان اور پوری  دنیا میں خواتین کے کرکٹ کی ترقی میں  اہم رول ادا کرنا چاہوں گی ۔ بھلے ہی میں سبکدوش ہوگئی ہوں لیکن میں کرکٹ سے وابستہ رہنا چاہتی ہوں۔  میتھالی نے اپنے تمام مداحوں کی محبت اور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خط کا اختتام کیا۔ ہندوستان کی ہمہ وقت کی مایہ ناز میتھالی نے۱۲؍ ٹیسٹ،۲۳۲؍ ون ڈے اور ۸۹؍ ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے اور بطور کپتان ہندوستان کو ۲؍ ورلڈ کپ فائنل تک پہنچایا ہے۔ بی سی سی آئی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر میتھالی کے خط کو شیئر کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی ان کی ۴؍تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ بی سی سی آئی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ میں آپ کی خدمات  بہت اچھی ہیں۔ آپ کے بہترین کیلئے آپ کو مبارکباد۔ آپ اپنے پیچھے ایک اچھی  وراثت چھوڑ کر جارہی ہیں۔ ہم آپ کی دوسری اننگز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK