Inquilab Logo

مشقی میچ میں محمد سمیع نے ۳؍وکٹ لئے

Updated: October 18, 2022, 12:04 PM IST | Agency | Brisbane

ہندوستان نے آسٹریلیا کو ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں ۶؍رن سے شکست دی۔سوریہ کمار اور راہل کی نصف سنچری

Rohit Sharma and Mohammed Shami .Picture:INN
روہت شرما اور محمد سمیع ۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان نے کے ایل راہل (۵۷؍رن) اور سوریہ کمار یادو (۵۰؍رن) کی نصف سنچریوں کے بعد آخری اوور میں محمدسمیع کی شاندار گیند بازی کی بدولت آئی سی سی ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے وارم اپ میچ میں پیر کو آسٹریلیا کو ۶؍ رن  سے شکست دے دی۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کو۲۰؍ اوور میں ۱۸۷؍ رن کا ہدف دیا جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم ۱۸۰؍رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ۱۸۷؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے۱۸؍ اوورس میں ۴؍ وکٹ کے نقصان پر ۱۷۱؍ رن بنائے اور اسے جیت کیلئے۱۲؍ گیندوں پر ۱۶؍ رن  درکار تھے۔ ہرشل پٹیل نے۱۹؍ویں اوور میں ایرون فنچ (۷۹؍رن) کو ۵؍رن پر آؤٹ کیا جب کہ دھماکہ خیز بلے باز ٹم ڈیوڈ  رن آؤٹ ہوگئے۔ کپتان روہت شرما نے آخری اوور میں۱۱؍  رن کے دفاع کی ذمہ داری محمد سمیع کو دی جنہوں نے گزشتہ ایک سال سے ایک بھی ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل نہیں کھیلا ہے۔ سمیع نے اس اوور میں صرف ۴؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ حاصل کئے جب کہ ایشٹن ایگر کے رن آؤٹ ہونے کے ساتھ آسٹریلیا ٹیم۱۸۰؍ رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ اس سے قبل کے ایل راہل نے۳۳؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۵۷؍ رن بنا کر ہندوستان کو مضبوط اسکور تک پہنچایا جبکہ سوریہ کمار نے ۳۳؍گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۵۰؍رن بنائے۔ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے اننگز کا دھماکہ خیز آغاز کیا۔ روہت ایک کنارے پر پرسکون رہے جبکہ راہل نے چھٹے اوور میں اپنی ففٹی تک پہنچنے کیلئے انتھک بیٹنگ کی۔ دونوں کے درمیان پہلے وکٹ کیلئے ۴۸؍ گیندوں پر۷۸؍ رن کی شراکت ہوئی جس میں راہل نے ۳۳؍ گیندوں پر۶؍چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۵۷؍ رن کی شراکت کی۔۸؍ویں اوور میں راہل کا وکٹ گرنے کے بعد روہت بھی ۹؍ویں اوور میں ۱۴؍ گیندوں پر۱۵؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ۷؍ اوورس میں ہندوستان کا اسکور۷۵؍ رن تھا لیکن اس کے بعد اننگز کی رفتار سست پڑ گئی۔ وراٹ کوہلی نے سوریہ کمار یادو کے ساتھ تیسرے  وکٹ کیلئے۴۲؍ رن جوڑے، حالانکہ کوہلی (۱۹؍رن)، ہاردک پانڈیا (۲؍رن) اور دنیش کارتک (۲۰؍رن) نے یکے بعد دیگرے اپنے  وکٹ گنوایئے۔اس کے بعد سوریہ کمار نے اننگز کی رفتار بدلی اور ۳۲؍ گیندوں پر۶؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی ففٹی مکمل کی۔ سوریہ کمار جیسے ہی آخری اوور میں اپنی نصف سنچری مکمل کر کے آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد روی چندرن اشون نے چھکا لگا کر ہندوستان کو ۲۰؍ اوورس میں۷؍وکٹ پر ۱۸۶؍ رن تک پہنچا دیا۔ اکشر پٹیل ۶؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کین رچرڈسن نے ۴؍ اوورس میں۳۰؍ رن دے کر ۴؍ وکٹ لئے۔ اس کے علاوہ مشیل  اسٹارک، گلین میکسویل اور ایشٹن ایگر نے ایک ایک وکٹ لیا۔ ڈیوڈ وارنر کی غیر موجودگی میں آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز کرنے  آئے مشیل مارش نے۴ء۴؍ اوورس میں ٹیم کو۵۰؍رن تک پہنچا دیا۔ مارش نے۱۸؍  گیندوں پر۴؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۳۵؍ رن بنائے اور ایرون فنچ  کے ساتھ پہلے وکٹ کیلئے ۶۴؍ رن جوڑے۔ مارش کا وکٹ گرنے کے بعد فنچ اپنی  نصف سنچری تک پہنچنے کیلئے آگے بڑھے، جبکہ اس دوران اسٹیو اسمتھ (۱۱)، گلین میکسویل (۲۳؍رن) اور مارکس اسٹونیس ( ۷؍ رن) ان کا ساتھ دینے میں ناکام رہے۔ آسٹریلیا کو۱۲؍ گیندوں پر۱۶؍ رن درکار تھے۔ ہندوستانی گیند بازوں نے یہاں ڈیتھ  اوورس کی گیند بازی سے متعلق ہونے والی تنقید سے کنارہ کشی اختیار کی۔ ہرشل  نے فنچ کو آؤٹ کیا جنہوں نے۱۹؍ویں اوور کی پہلی گیند پر۵۴؍ گیندوں پر ۷؍  چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۷۶؍ رن بنائے۔ دوسری گیند پر ڈیوڈ کے رن آؤٹ کے ساتھ میچ دلچسپ ہو گیا، جبکہ اس اوور میں صرف ۵؍ رن بنے۔ آخری  اوور میں ۱۱؍ رن کے دفاع کی ذمہ داری محمد سمیع کے پاس تھی، جنہوں نے ۸؍نومبر۲۰۲۱ء کے بعد کوئی ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل نہیں کھیلا تھا۔ سمیع  نے آخری اوور میں صرف ۴؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ لے کر ناقدین کا منہ بند کردیا۔ سمیع نے۲۰؍ویں اوور میں جوش انگلس، پیٹ کمنس اور کین رچرڈسن کو آؤٹ  کیا، جب کہ ایگر رن آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی اننگز ۲۰؍اوورس میں۱۸۰؍ رن پر سمٹ گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK