Inquilab Logo

ممبئی نے ودربھ کو ہراکر ۴۲؍ویں مرتبہ رنجی خطاب جیت لیا

Updated: March 15, 2024, 9:45 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ممبئی نے ۱۶۹؍رنوں سے ہراکر ۸؍سال کے طویل انتظار کے بعد رنجی ٹرافی خطاب پر قبضہ جمایا،مشیر خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Mumbai team players look happy after winning the trophy title.Photo: Inquilab, Atul Kamble
ممبئی ٹیم کے کھلاڑی ٹرافی کا خطاب جیتنے کے بعد خوش دکھائی دے رہے ہیں۔ تصویر،انقلاب:اتل کامبلے

رنجی ٹرافی میں سب سے کامیاب ٹیم ممبئی نے جمعرات کو ودربھ کو ۱۶۹؍ رنوں سے شکست دے کر ریکارڈ ۴۲؍ویں بار رنجی ٹرافی کا خطاب جیت لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی ممبئی نے ۸؍ سال کی خشک سالی کا خاتمہ بھی کیا۔ قابل ذکر ہے کہ ممبئی کی ٹیم ٹورنامنٹ کی تاریخ میں ۹۰؍ میں سے ۴۸؍ویں مرتبہ فائنل میں پہنچی تھی۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کا نتیجہ تقریباً اسی وقت طے ہو گیا تھا جب ودربھ کو ۵۳۸؍رنوں کا مشکل ہدف ملا۔ اس سے قبل ممبئی نے آخری بار ۱۶۔ ۲۰۱۵ءکے سیزن میں رنجی ٹرافی کا خطاب جیتا تھا۔ مشیر خان کو ان کے آل راؤنڈ کھیل کیلئے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ 
  ودربھ کے کپتان اکشے واڈکر (۱۰۲) اور ہرش دوبے (۶۵) نے کھیل کے پانچویں دن پہلے سیشن میں ممبئی کے گیند بازوں کو پریشان کیا۔ ودربھ نے ۵؍ وکٹ پر ۲۴۸؍رنوں سے کھیل شروع کیا اور اسےریکارڈ کامیابی حاصل کرنے کیلئے مزید ۲۹۰؍رن درکار تھے لیکن ودربھ کی ٹیم ۳۶۸؍ رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ واڈکر نے اس سال اپنی پہلی سنچری بنائی اور سیزن میں ۶۰۰؍ رنوں کا ہندسہ بھی عبور کیا۔ دوبے نے اپنے فرسٹ کلاس کریئر میں دوسری نصف سنچری بنائی۔ دونوں نے ایک ایسی شراکت داری کھیلی جو ۱۹۴؍ منٹ اور ۲۵۵؍ گیندوں تک جاری رہی۔ 
واڈکر کو دوسرے سیشن کے آغاز کے فوراً بعد تنوش کوٹیان نے آؤٹ کر دیا۔ کوٹیان نے ۹۵؍ رنوں کے عوض ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ اس شراکت کے ٹوٹنے کے بعد ودربھ کی شکست پر تقریباً مہر ثبت ہو گئی۔ تشار دیشپانڈے نے دوبے کو ایک شارٹ گیند پر آؤٹ کیا۔ دیش پانڈے نے آدتیہ سروتے کو بھی پویلین بھیجا۔ کوٹیان نے یش ٹھاکر کی شکل میں چوتھا وکٹ لیا۔ دھول کلکرنی نے اپنے کریئر کا آخری میچ کھیلتے ہوئے امیش یادو کا وکٹ لے کر ودربھ کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ واضح رہے کہ یہ ودربھ کا تیسرا فائنل تھا۔ اس سے قبل وہ ۲؍ بار فائنل میں جگہ بنا چکے تھے اور دونوں بار ٹرافی جیتی تھی۔ 
 اضافی ۵؍کروڑ کی انعامی رقم
ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن (ایم سی اے) نے ۴۲؍ویں بار رنجی ٹرافی خطاب جیتنے والی ٹیم کی انعامی رقم میں اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ ٹیم کو ۵؍کروڑ روپے کی اضافی رقم ملے گی۔ ایم سی اے کے سیکریٹری اجنکیا نائک نے کہا’’ ایم سی اے کے صدر امول کالے اور اپیکس کونسل نے رنجی ٹرافی کی انعامی رقم کو دُگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممبئی کے لئے یہ سیزن شاندار رہا ہے اور اس نے ۷؍ خطابات جیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہماری ٹیم بی سی سی آئی کے تمام عمر کے گروپ مقابلوں کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK