Inquilab Logo

ممبئی انڈینس کے سامنے ایشان, پانڈیا ,سوری میں سے کسی ایک کو ٹیم میں برقراررکھنے کا چیلنج

Updated: November 28, 2021, 7:11 AM IST | Mumbai

ب تک صرف دہلی کیپٹلس نے اپنے ۴؍ کھلاڑیوں کو ریٹین کیا ہے حالانکہ ڈیڈلائن ۳۰؍ نومبر نزدیک ہے۔ ممبئی انڈینس کے سامنے ایشان کشن، ہاردک پانڈیا یا سوریہ کمار یادو میں سے کسی ایک کو رکھنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔

Ishan Kishan
ایشان کشن

اب تک صرف دہلی کیپٹلس نے اپنے ۴؍ کھلاڑیوں کو  ریٹین کیا ہے حالانکہ ڈیڈلائن ۳۰؍ نومبر نزدیک ہے۔ ممبئی انڈینس کے سامنے  ایشان کشن، ہاردک پانڈیا یا سوریہ کمار یادو میں سے کسی ایک کو رکھنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔
 ممبئی انڈینس: کپتان روہت شرما اور جسپریت بمراہ کو برقرار رکھا جانا یقینی ہے اور ۵؍ بار کی چمپئن ممبئی انڈینس بھی کیرون پولارڈ کو  ریٹین کرسکتی ہے، جو فرنچائزی  کے سب سے اہم کھلاڑی رہے ہیں۔ ساتھ ہی چوتھے مقام کے لیے تین کھلاڑیوں کے درمیان دوڑ ہے: ایشان کشن، سوریہ کمار یادو اور ہاردک پانڈیا۔ ہاردک ان ۴؍ کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جنہیں۲۰۱۸ء کی نیلامی میں برقرار رکھا گیا تھا، لیکن وہ ۲۰۲۱ء کے آئی پی ایل میں فٹنیس کے ساتھ جدوجہد کر رہے تھے۔ فی الحال ہندوستانی  سلیکٹرس کچھ عرصے تک انہیں سلیکشن سے دور رکھیں گے جس سے وہ گیندبازی کے ساتھ پوری فٹنیس  حاصل کرسکیں۔
 کشن ممبئی کے لیے اس لیے بھی اہم ہیں کیونکہ وہ جارحانہ بلے باز ہیں اور وکٹ کیپنگ  بھی کر سکتے ہیں۔وہ  جوان کھلاڑی ہیں ۔ دوسری طرف سوریا نے  بھی اپنی کارکردگی سے متاثر کیا ہے۔
  چنئی سپر کنگز: دفاعی چمپئن  اپنے ۴؍ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کے لیے بالکل تیار ہیں، جن میں سے تین ہندوستانی  ایم ایس دھونی، رویندر جڈیجا اور ریتوراج گائیکواڈ ہیں۔ چوتھے نمبر پرمعین علی، جوش ہیزل ووڈ، سیم کیرن اور ڈوین براوو شامل ہوسکتے  ہیں۔ ایک اور مسئلہ دھونی کو ری ٹین کرنے کا  ہوگا، کیونکہ اس سے ان کے نیلامی پرس پر فرق پڑے گا۔ چنئی دھونی کو برقرار رکھنا چاہتا ہے جو۲۰۰۸ء کے بعد ان کے کپتان اور پہلے ریٹینر کھلاڑی بھی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ ان کے پرس سے۱۶؍ کروڑ کم ہو جائیں گے۔ تاہم، فرنچائزی  کے  پاس ایڈوانٹج یہ ہے کہ اگر سابق ہندوستانی کپتان۲۰۲۲ء کے آئی پی ایل کے بعد ریٹائر ہو جاتے ہیں، تو فرنچائزی کے پاس ۲۰۲۳ءمیں ایک مضبوط پرس ہوگا۔ تاہم یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ دھونی کم پیسوں میں بھی ریٹین ہونے کو تیار ہیں جس سے کہ دوسرے کھلاڑیوں کو اچھا پیسہ مل سکے۔
 کولکاتا نائٹ رائیڈرس: سنیل نارائن اور آندرے رسل ریٹین ہونے والی فہرست میں سب سے آگے ہیں ۔ کے کے آر ٹیم  ورون چکرورتی کو بھی برقرار رکھنے کی خواہاں ہیں، جو گزشتہ دو سیزن سے ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ چوتھے مقام کے لیے وینکٹیش ایّر، شبھمن گل اور راہل ترپاٹھی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ گل اور ایّر کے درمیان انتخاب کرنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ دونوں کھلاڑی مضبوط اور انفرادی طور پر مختلف ہیں۔ کے کے آر کو گل میں کپتانی کا جذبہ دکھتا ہے اور ایر نے حال ہی میں نمایاں طور پر متاثر کیا ہے۔ جس کی وجہ سے وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی۲۰؍ سیریز میں ہندوستانی ٹیم میں ڈیبیو کرنے میں بھی کامیاب رہے تھے۔ ترپاٹھی نے  بھی دکھایا ہے کہ وہ کسی بھی پوزیشن پر ہنستے ہوئے بلے بازی کر سکتے ہیں۔
 رائل چیلنجرز بنگلور: وراٹ  کوہلی اور گلین میکسویل کو  ریٹین کرنے  کا پورا  امکان ہے۔ تاہم، آر سی بی کو چار میں سے دو ہندوستانی کھلاڑیوں کو برقرار رکھنا ہوگا۔ دیو دت پڈیکل اور ہرشل پٹیل کے ساتھ ساتھ یزویندر چہل اور محمد سراج بھی دعویدار ہوں گے اور یہ آسان انتخاب نہیں ہونے والا ہے۔ پڈیکل کی عمر۲۱؍سال ہے اور۲۰۱۹ء میں منتخب ہونے کے بعد مسلسل اوپنر کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ انہیں صرف۲۰؍ لاکھ میں خریدا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف  حال ہی میں ٹی ۲۰؍ میں ڈیبیو کرنے والے ہرشل آئی پی ایل میں بہترین ڈیتھ اوورس کے گیندباز کے طور پر ابھرتے ہیں۔ اس آئی پی ایل میں وہ سب سے زیادہ وکٹ لینے والے  گیندباز بھی تھے۔ وہیں چہل، راشد خان اور آر اشون  کے ساتھ آئی پی ایل کے بہترین اسپنرس میں سے ایک ہیں جبکہ سراج پچھلے دو سیشنز میں قابل اعتماد گیندباز کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
 راجستھان رائلز: سنجو سیمسن، جنہیں گزشتہ سال کپتان مقرر کیا گیا تھا، کا پہلا ریٹینر کھلاڑی بننا طے ہے۔ رائلز نے اس کی تصدیق بھی کردی ہے۔  رائلز نے ابھی مزید تین کھلاڑیوں کوریٹین کرنا ہے۔ انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جوس بٹلر کا دوسرا نام ہوسکتے ہیں  اور رائلز کو یقین ہے کہ یہ  بلے باز نیا معاہدہ  کرے گا۔ چوتھے سلاٹ پر ہندوستانی کھلاڑی یشسوی جیسوال ہوسکتے ہیں، جنہیں رائلز نے ۲۰۲۰ء کی نیلامی میں۲ء۴؍ کروڑ میں خریدا تھا۔
 سن رائزرس حیدرآباد:ویسے کئی سارے سن رائزرس حیدرآباد کے مداح چاہتے ہیں کہ فرنچائیزی عظیم کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کو ریٹین کرے ، جو۲۰۲۱ء ٹی ۲۰؍ عالمی کپ کے پلیئر آف دی سیریز رہے تھے لیکن ایسا ممکن نظرنہیں آرہا ہے۔ راشد خان پہلے کھلاڑی ہوں گے جنہیں فرنچائزی برقرار رکھنے کے لئے تیار ہے۔ کپتان کین ولیمسن دوسرے غیر ملکی کھلاڑی ہوسکتے ہیں جنہیں حیدرآباددوبارہ ری ٹین کرے ۔ تاہم اگر فرنچائزی ولیمسن کو برقرار رکھتی ہے تو ان کے پرس سے۱۰؍ سے۱۲؍ کروڑ روپے کم ہوجائیں گے۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سن رائزر تین کھلاڑیوں کو برقرار رکھے گا یا چار۔ یہ انکشاف ہوا ہے کہ فرنچائزی  ایک ان کیپڈ ہندوستانی کھلاڑی کو شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جموں و کشمیر کے عبدالصمد اس دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔
 پنجاب کنگز: کیا کے ایل راہل نے پنجاب کنگز کو بتایا کہ وہ چھوڑنا چاہتے ہیں؟ اس کا ابھی تک کوئی جواب نہیں ہے۔ لیکن اس بات کا قوی امکان ہے کہ یہ ہندوستانی بلے باز لکھنؤ کی نئی فرنچائزی کے ساتھ جا سکتا ہے۔کنگز راہل کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتی ہے ، کیونکہ یہ بلے باز گزشتہ چند سیزن میں آئی پی ایل میں بہترین بلے باز کے طور پر سامنے آیا ہے۔اگر وہ راہل کو لیتی ہے تو انہیں مینک اگروال کو بھی لینا پڑے گا۔ اگروال کو پہلے یا دوسرے کھلاڑی کے طور پر برقرار رکھا گیا  تو ان کے۱۲؍ سے۱۶؍ کروڑ پرس  سے کم ہوجائیں گے۔لیکن اگر وہ انہیں  ریلیز کرتی ہے، تو دو نئی فرنچائزی میں سے ایک انہیں خرید سکتی ہے۔فرنچائزی کچھ ان کیپڈ ہندوستانی کھلاڑیوں کو بھی برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے، جس میں ارشدیپ سنگھ اور روی آگے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK