Inquilab Logo

رنجی ٹرافی کے فائنل میں ممبئی کا محتاط آغاز

Updated: June 23, 2022, 1:35 PM IST | Agency | Bengaluru

مدھیہ پردیش کیخلاف میچ کے پہلے دن ۵؍وکٹ پر ۲۴۸؍رن بنائے۔ یشسوی کی نصف سنچری۔سرفراز ۴۰؍رن بناکر کریز پر موجود

Mumbai batsman Yashvi Jaiswal is seen with his teammate.Picture:INN
ممبئی کے بلے باز یشسوی جیسوال اپنے ساتھی کھلاڑی کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔ (۔ تصویر: آئی این این

بدھ کو رنجی ٹرافی کے فائنل کا آغاز ہوگیا اور ممبئی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے محتاط شروعات کی۔ بدھ کو میچ کے پہلے دن کا اختتام ہونے تک ممبئی نے ۵؍وکٹ پر ۲۴۸؍رن بنالئے تھے اور اس کے ۵؍وکٹ باقی تھے۔ ایک بار پھر یشسوی جیسوال نے بلے سےاپنا کمال دکھاتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک سرفراز خان ۴۰؍ رن اور شمس مُلانی ۱۲؍رن  بناکر کریز پر موجو دتھے۔  بدھ کو ممبئی کے کپتان پرتھوی شا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔پرتھوی شا اور جیسوال نے ٹیم کو اچھا آغازفراہم کیا اورپہلے وکٹ کیلئے ۸۷؍رن کی پارٹنر شپ کی۔ کپتان شا ۲۸؍ ویں اوور میں ۷۹؍ گیندوں پر ۵؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۴۷؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ وہ اپنی نصف سنچری بنانے سے محروم رہے۔ انہیں انو بھو اگروال نے بولڈ کیا۔ اس کے بعد ارمان جعفر نے یشسوی کا ساتھ دیا۔ ان دونوں نے ٹیم کے اسکور کو ۱۰۰؍ رن کے پارپہنچا دیا لیکن ۱۲۰؍ رن کے مجموعی اسکور پر ممبئی کی ٹیم کا دوسرا وکٹ گرا۔ ارمان جعفر ۵۶؍گیندوں پر ۳؍چوکوں کی مدد سے ۲۶؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔  ارمان جعفر کے بعد سوید پرکار بھی زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہیں سکے اور یشسوی کے ساتھ ۲۷؍رن کی پارٹنرشپ کرنے کے بعد ٹیم کے ۱۴۷؍رن کے مجموعی اسکورپر پویلین لوٹ گئے۔ ان کا وکٹ سارانش جین نے لیا۔ ۳؍وکٹ گر جانے کے بعد بھی ممبئی کی ٹیم نے رن بنانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم ۱۸۵؍رن کے اسکور پر اسے چوتھا جھٹکا لگا۔ یشسوی جیسوال کی شکل میں ممبئی کا اہم بلے باز آؤٹ ہوا۔ پویلین لوٹنے سے قبل یشسوی نے ۱۶۳؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۷؍چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ۷۸؍رن بنا لئے۔ اس میچ میں وہ سنچری بنانے سے محروم رہے۔  ان کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر ہاردک تمورے اور سرفرازخان نے اسکور کو آگے بڑھایا۔ ۲۲۴؍رن کے مجموعی اسکورپر ہاردک بھی  ۲۴؍رن کے نجی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ آؤٹ ہونے سے قبل ہاردک نے ۴۴؍گیندوں کا سامنا کیا اور ۳؍ چوکے لگائے۔ اس کے بعد ممبئی کا کوئی وکٹ نہیں گرا اور سرفراز اور شمس نے  رنجی ٹرافی کے فائنل کا پہلا دن آرام سے نکال لیا۔ اس وقت ممبئی کی ٹیم کے ہٹر بلے باز سرفرازخان ۱۲۵؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں کی مدد سے ۴۰؍ رن بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ دوسری طرف شمس مُلانی نے ۴۳؍گیندوں کا سامنا کیا ہے اور ایک چوکے کی مدد سے ۱۲؍رن بنائے ہیں۔ مدھیہ پردیش کی ٹیم کیلئے انوبھو اگروال اور سارانش جین نے ۲۔۲؍ وکٹ لئے۔ کمار کارتیکیا نے ایک وکٹ لیاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK