Inquilab Logo

نیشنزلیگ: دفاعی اور عالمی چمپئن فرانس کی شکست

Updated: June 15, 2022, 1:50 PM IST | Agency | Paris

کروشیا کی ٹیم نے فرانس کو صفر۔ ایک گول سے شکست دے دی۔ لوکاماڈرچ نے میچ کے آغاز میں پنالٹی پر واحد گول کیا

Croatia`s entire squad celebrates in the dressing room after defeating France.Picture:INN
فرانس کو شکست دینے کے بعد کروشیا کا پورا اسکواڈ ڈریسنگ روم میں جشن کے موڈ میں ۔ تصویر: آئی این این

یوئیفا نیشنز لیگ کے دفاعی چمپئن فرانس کی فٹبال ٹیم کو پیر کی دیررات ہونے والے میچ میں شکست کا سامنا کرناپڑا۔ فیفا ورلڈ کپ ۲۰۱۸ء میں فرانس نے جس ٹیم کروشیا کو شکست دی تھی اسی ٹیم نے نیشنز لیگ کے گروپ مرحلے کے میچ میں عالمی چمپئن کو شکست سے دوچار کردیا۔ اس میچ میں واحد گول ہوا اور یہ گول بھی کروشیا کے اسٹار اور تجربہ کار کھلاڑی لوکا مارڈچ نے کیا۔  اس فتح کے بعد کروشیائی ٹیم کو ۳؍پوائنٹس ملے ہیں اور وہ ٹیبل پر اچھی پوزیشن پر ہے۔  پیر کی دیر رات ہونے والے میچ میں کروشیا کے کھلاڑی فرانس سے ورلڈ کپ کی شکست کا حساب بیباق کرنے کی کوشش میں تھے اور وہ اس میں کامیاب بھی رہے ۔ کروشیا کا دفاع مضبوط تھا جس کی وجہ سے فرانس کی ٹیم کوئی گول نہیں کرسکی ۔ میچ کے آغاز ہی میں کروشیا کو پنالٹی ملی تھی۔ ۵؍ ویں منٹ میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کی جانب سے کھیلنے والے لوکا مارڈچ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو صفر۔ ایک سے آگے کردیا تھا۔ یہی اسکور میچ کے آخر تک برقرار رہا اور کروشیائی ٹیم نے صفر۔ ایک سے میچ جیت لیا۔  اس میچ میں فرانس کی جانب سے کائلیان ایمباپے اور کریم بینزیما جیسے عالمی سطح کے اسٹار اسٹرائیکرس کھیل رہے تھے تاہم وہ گول کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے فرانس کو اپنے ہی گھریلو میدان پر شکست سے دوچار ہونا پڑا۔اس شکست کے بعد فرانس کی ٹیم گروپ مرحلے سے تقریباً باہر ہوچکی ہے۔ اگر اس نے اپنا اگلا میچ نہیں جیتا تو ممکن ہے کہ وہ اس لیگ سے بھی باہر ہوجائے گی اور اسے نیشنز لیگ بی میں کھیلنا پڑے گا۔  اس فتح کے باوجود کروشیا کی ٹیم دوسرے نمبرپر ہے کیونکہ پہلے نمبر پر ڈنمارک کی ٹیم ہے۔ کروشیا کے۴؍میچوں کے بعد ۷؍پوائنٹس ہیں۔  ڈنمارک نے گروپ مرحلے کے ۴؍ میں سے ۳؍ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور اسے ایک میچ میں شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ وہ پوائنٹ ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہے اور اس کے مجموعی طورپر ۹؍پوائنٹس ہیں۔   نیشنز لیگ اے کے گروپ اے کے ایک اور میچ میں ڈنمارک نے آسٹریا کو صفر۔۲؍سے شکست دے دی۔ اس میچ میں ڈنمارک کی ٹیم نے اچھی کارکردگی پیش کرتے ہوئے ۲؍ گول کئے۔ ڈنمارک نے اس ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی پیش کی ہے۔ پیر کی دیر رات ہونے والے میچ میں پہلا گول ۲۱؍ویں منٹ میں جے ونڈ نے کیا۔  انہوں نے جے مائہلے کی مددسے ٹیم کو صفر۔ ایک کی برتر ی دلائی۔ میچ کے پہلے ہاف میں ہی ڈینش ٹیم نے دوسرا گول کیا۔ ۳۷؍ویں منٹ میں اے اوسلن نے جے ونڈ کی مدد سے ٹیم کیلئے دوسرا گول کیا اور اسکور صفر۔۲؍ کردیا۔  اس گول کے بعد میچ میں کوئی اور گول نہیں ہوسکا اور ڈنمارک نے میچ جیتنے کے ساتھ ہی ۳؍پوائنٹس بھی حاصل کرلئے۔ وہ اس گروپ میں ٹاپ پر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK