Inquilab Logo

نیرج چوپڑا ورلڈ ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں ہندوستان کی سب سے بڑی امید

Updated: July 22, 2022, 1:14 PM IST | Agency | Eugene

نیزہ پھینک ایتھلیٹ چمپئن شپ میں میڈل جیت کر ہندوستان کی۱۹؍برسوں کی’ خشک سالی‘ ختم کرنے کی کوشش کریںگے

Neeraj Chopra.Picture:INN
نیرج چوپڑا ۔ تصویر: آئی این این

 ٹوکیو اولمپک ۲۰۲۰ءمیں ہندوستان کے لئے پہلا اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا جمعرات (ہندوستان میں جمعہ کی صبح) کوعالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں بھی ہندوستان کی خشک سالی کو ختم کرنا چاہیں گے۔ ہندوستان نے ۲۰۰۳ءمیں عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں اپنا واحد تمغہ جیتا تھا جب انجو بوبی جارج نے لانگ جمپ مقابلے میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اب سرفہرست جیولن تھروور(نیزہ پھینک ایتھلیٹ) نیرج چوپڑا ۱۹؍سال بعد ہندوستان کی تمغے کی امید کے طور پر مقابلے میں اتریں گے۔نیرج نے اپنے سنہری کریئر میں اولمپک، ایشیائی کھیل، انڈر ۔۲۰ورلڈ کپ، کامن ویلتھ گیمز اور ڈائمنڈ لیگ میں تمغے جیتے ہیں۔ عالمی چمپئن شپ واحد اہم ایونٹ ہے جہاں انہوں نے اب تک کوئی تمغہ نہیں جیتا ہے۔اس بار ان سے یہ کارنامہ بھی انجام دینے کی امید کی جارہی ہے۔ گزشتہ ماہ اپنا ۲۰۲۲ءسیزن شروع کرنے والے نیرج ۳؍ مقابلوں میں ۲؍ بار قومی ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔ انہوں نے  اس سیزن کا آغاز فن لینڈ کے پاو نورمی گیمز میں قومی ریکارڈ توڑتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیت کرکیاتھا۔ اس کے بعد انہوں نے کوورٹانے گیمز میں طلائی تمغہ جیتاجبکہ اسٹاک ہوم ڈائمنڈ لیگ میں انہوں نے ایک بار پھر قومی ریکارڈ توڑتے ہوئے ۹۴ء۸۹؍میٹر کے تھرو کے ساتھ دوسرامقام حاصل کیا۔ ۲؍ کوالیفائنگ گروپس میں کل ۳۲؍جیولن پھینکنے والے حصہ لیں گے۔ ۱۲؍بہترین کھلاڑی ہفتے کو ہونے والے فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گے۔ فائنل کیلئے کوالیفکیشن مارک ۸۳ء۵۰؍میٹر ہے اور چوپڑا اسے بغیر کسی پریشانی کے حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔نیرج کا سامنا  غرناطہ کے دفاعی چمپئن اینڈرسن پیٹرس سے ہوگا جنہوں نے اس سال تین بار ۹۰؍میٹر کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ فن لینڈ کے اولیور ہیلینڈر، ٹوکیو اولمپک سلورمیڈلسٹ جیکب واڈلیج (چیک جمہوریہ)، جرمنی کے جولین ویبر اور لندن اولمپک چمپئن کیشورن والکوٹ دوسرے اسٹار تھرورز ہوں گے جو موجودہ اولمپک چمپئن کو سخت ٹکردیں گے۔نیرج دوسری بار عالمی چمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔ لندن میں ۲۰۱۷ءکے ایڈیشن میں۲۴؍سالہ کھلاڑی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے تھے۔ کہنی کی سرجری کی وجہ سے وہ ۲۰۱۹ءمیں حصہ نہیں لے سکے تھے۔نیرج کے علاوہ ایک اور ہندوستانی نوجوان جیولن پھینکنے والے کھلاڑی روہت یادو بھی مقابلے میں حصہ لیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK