Inquilab Logo

نیرج چوپڑا نےایک ہی تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا

Updated: June 20, 2022, 2:42 PM IST | Agency | Mumbai

فن لینڈ کے کوارٹانے گیمز میں ہندوستانی ایتھلیٹ کی دوسری اور تیسری کوشش فاؤل قرار دئیے جانے کے باوجود ان کے پہلے تھرو تک کوئی پہنچ نہیں سکا

India`s Julian Throw Athlete Neeraj Chopra in action..Picture:INN
ہندوستان کے جولین تھرو ایتھلیٹ نیرج چوپڑا ایکشن میں۔۔ تصویر: آئی این این

ٹوکیو اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے والے ہندوستان کے ٹاپ نیزہ پھینک ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے فن لینڈ کے کوارٹانے کھیلوں میں ۸۶ء۶۹؍میٹر کے تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیت لیا۔نیرج نے گزشتہ روز ہوئےمقابلے میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو کے کیشارن وولکاٹ اور غرناطہ کے اینڈرسن پیٹرس سے بہتر مظاہرے کرکے پہلا مقام حاصل کیا۔ وولکاٹ ۸۶ء۶۴؍میٹر کے تھرو کیساتھ دوسرے مقام پر جبکہ پیٹرس ۸۴ء۷۵؍میٹر کے تھرو کے ساتھ تیسرے مقام پر رہے۔  واضح رہے کہ حال ہی میں پاؤ نورمی کھیلوں میں ۸۹ء۳۰؍کے تھرو کے ساتھ قومی ریکارڈ بنانے والے نیرج نے کوارٹانے میں ۸۹ء۶۹؍ میٹر تھرو کے ساتھ مضبوط شروعات کی،جو ان کے حریفوں کو پچھاڑنے کیلئے کافی رہا۔دوسرے تھرو کے دوران نیرج سے فاؤل ہوا اور تیسرے تھرو کے دوران ان کا پیر پھسل گیا۔اس وجہ سے انہوں نے تھرو نہیں پھینکا ۔ٹوکیو اولمپک کے بعد یہ ان کا دوسرا مقابلہ تھا،جہاں وہ ایتھلیٹکس  میں طلائی تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی بنے۔ نیرج نے فن لینڈ میں ہی منعقد پاؤ نورمی گیمز میں منگل کو ۸۹ء۳۰؍میٹر کا نیشنل ریکارڈ بنایا تھا۔اس سے پہلے ان کا قومی ریکارڈ ۸۸ء۰۷؍میٹر تھا۔کوارٹانے میں بہترین کارکردگی کے بعد نیرج ۳۰؍ جون کو ڈائمنڈ لیگ کے اسٹاک ہوم لیگ میں حصہ لیں گے۔
ٹوکیو اولمپک کے بعد پہلا گولڈ
 ٹوکویو اولمپک میں ایتھلیٹک مقابلے کا ہندوستان کو پہلا گولڈ میڈل دلانے والے  نیرج چوپڑا نے فن لینڈ میں مشکل حالات میں میڈل اپنے نام کیا۔بارش کی وجہ سے فیلڈ گیلی تھی جس کی وجہ سے نیرج ایک بار پھسل بھی گئے۔ تیسری کوشش میں پھسلنے کی وجہ سے ان کا پیر تھرو لائن سے باہر نکل گیا  جس کی وجہ سے ان کے تھرو کو ضائع قرار دیا گیاہے۔نیرج نے  پہلی ہی کوشش میں۸۶ء۶۹؍دور نیزہ پھینکا تھا۔ان کا دوسرا تھرو بھی فاؤل قرار دیا گیا تھا لیکن نیرج کے پہلے تھرو کے قریب کوئی کھلاڑی پہنچ نہیں سکا جس کی وجہ انہوں نے طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔ نیرج چوپڑا کی اس شاندار کارکردگی کا ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے مبارکباد دی اور لکھا’’نیرج کو سونا ملا،انہوں ے پھر سے کردکھایا ہے۔شاندار چمپئن۔ دریں اثناءنیرج چوپڑا نے اپنا اگلاہدف ورلڈ چمپئن شپ اور کامن ویلتھ گیمس میں میڈل حاصل کرنا مقرر کیا ہے۔واضح رہے کہ ورلڈ چمپئن شپ امریکہ میں ۱۵؍سے ۲۴؍جولائی کے درمیان منعقد ہوگی  جبکہ دولت مشترکہ گیمس ۲۸؍جولائی سے ۸؍اگست کے درمیان برمنگھم میں ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK