Inquilab Logo Happiest Places to Work

خواب دیکھنا کبھی مت چھوڑیں: عمر عبدالقادر آرتن

Updated: August 13, 2026, 4:02 PM IST | Paris

صومالیہ کے معروف فٹبال ریفری عمر عبدالقادر آرتن نے نوجوان اور ابھرتے ہوئے ریفریز کو پیغام دیا ہے کہ ’’خواب دیکھنا کبھی مت چھوڑیں۔ ‘‘وہ آسٹریا کے شہر سالزبرگ میں یوئیفا سپر کپ میچ کی نگرانی کرکے تاریخ رقم کردی۔

Omar Artan.Photo:X
عمر آرتن۔۔ تصویر:ایکس

صومالیہ کے معروف فٹبال ریفری عمر عبدالقادر آرتن  نے نوجوان اور ابھرتے ہوئے ریفریز کو پیغام دیا ہے کہ ’’خواب دیکھنا کبھی مت چھوڑیں۔ ‘‘وہ  آسٹریا کے شہر سالزبرگ میں  یوئیفا سپر کپ میچ کی نگرانی کرکے تاریخ رقم کردی۔ آرتن اس مقابلے میں ریفری کے فرائض انجام دینے والے یورپ سے باہر کے پہلے ریفری   بن گئے ہیں۔  آرتن کو پیرس سینٹ جرمین اور ایسٹن ولا کے درمیان یوئیفا سپرکپ  ہیڈ  ریفری مقرر کیا گیا تھا۔ یہ میچ ۱۲؍ اگست ۲۰۲۶ء کو سالزبرگ میں کھیلا گیا ۔
صرف ۳۴؍ سال کی عمر میں آرتن نے گزشتہ تقریباً ایک دہائی کے دوران ریفری کی حیثیت سے تیزی سے ترقی کی ہے۔یوئیفا نے بھی انہیں ایک باصلاحیت اور تجربہ کار ریفری قرار دیا ہے۔  آرتن نے نوجوان ریفریز کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے سفر میں مشکلات ضرور آتی ہیں، لیکن انہیں اپنے خوابوں سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔ان کا پیغام خاص طور پر ان نوجوان افریقی ریفریز کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے جو عالمی فٹبال کے بڑے مقابلوں تک پہنچنے کا خواب دیکھتے ہیں۔ آرتن خود صومالیہ سے تعلق رکھنے والے ایسے ریفری ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر مسلسل اپنی جگہ بنائی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:شکیل بدایونی نے اپنے گیتوں سے درد اور محبت کو زبان دی

آرتن کی یوئیفا سپرکپ   تک رسائی کی کہانی اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ وہ فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں ریفری کے فرائض انجام دینے کے لیے منتخب کیے گئے تھے، لیکن انہیں امریکہ میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہونا پڑا۔ رپورٹس کے مطابق آرتن کو میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امریکی حکام نے داخلے سے روک دیا تھا۔ امریکی حکام نے اس معاملے کو ’’vetting concerns‘‘ سے جوڑا جبکہ ان کے پاس امریکہ کا ویزا موجود تھا۔ بعد میں فیفا نے انہیں ورلڈ کپ کے ریفری پینل سے ہٹا دیا۔  یہ واقعہ آرتن اور صومالی فٹبال کے لیے ایک بڑا دھچکا تھا، کیونکہ وہ ورلڈ کپ میں ریفری بننے والے پہلے صومالی شہری  بن سکتے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:سشمتا دیو کیخلاف شدید احتجاج اور مراعات شکنی کا نوٹس

 ورلڈ کپ سے محرومی کے کچھ ہی عرصے بعدیوئیفا نے آرتن کوسپرکپ  کے لیے منتخب کیا۔ اس طرح ایک بڑا دھچکا بالآخر ان کے کیریئر کے ایک تاریخی موقع میں تبدیل ہوگیا۔آرتن نے اس موقع پر ملنے والی حمایت کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ مشکل وقت کے دوران دنیا بھر سے ملنے والی حوصلہ افزائی ان کے لیے بہت اہم تھی۔   
آرتن کی تقرری صرف صومالیہ کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے افریقہ کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے۔  یوئیفا سپرکپ جیسے بڑے یورپی مقابلے میں ایک غیر یورپی ریفری کی تقرری اس بات کی علامت ہے کہ اعلیٰ سطح کی فٹبال آفیشیٹنگ میں جغرافیائی حدود بتدریج وسیع ہو رہی ہیں۔آرتن کے ساتھ اس میچ میں  جبوتی کے لیبان عبدالرزاق احمد اورکینیا کے اسٹیفن الیازار اونیاگو ییمبے  بطور اسسٹنٹ ریفریز شامل رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK