• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہاتھ میں فریکچر کے باعث نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر ٹیسٹ سیریز سے باہر

Updated: November 17, 2026, 5:02 PM IST | Wellington

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ہندوستان کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر اور وائٹ بال کپتان مچل سینٹنر دائیں ہاتھ میں فریکچر کے باعث پوری ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

Mitchell Santner.Photo:INN
مچل سینٹنر۔ تصویر:آئی این این

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ہندوستان کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر اور وائٹ بال کپتان مچل سینٹنر دائیں ہاتھ میں فریکچر کے باعث پوری ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے میڈیکل جانچ اور اسکین رپورٹ کے بعد ان کی انجری کی تصدیق کردی ہے۔ سینٹنر کو ہندوستان کے خلاف پانچویں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے ہاتھ میں چوٹ لگی تھی۔ اس چوٹ کے باعث وہ اب ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ مقابلوں میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔ ان کی جگہ نیوزی لینڈ نے اسپن بولنگ آل راؤنڈر ڈین فاکس کرافٹ کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
مچل سینٹنر کو یہ چوٹ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچویں ون ڈے میچ کے دوران لگی تھی۔ ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ہندوستانی فاسٹ بولر عرشدیپ سنگھ کی گیند ان کے دائیں ہاتھ پر لگی۔ چوٹ لگنے کے بعد انہیں میدان میں طبی امداد بھی فراہم کی گئی، تاہم وہ دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے اور ۲۴؍رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ میچ کے بعد ہونے والے اسکین میں ان کے دائیں ہاتھ میں فریکچر کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد انہیں ٹیسٹ سیریز سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:انگلینڈ نے عالمی چمپئن اسپین کی فتوحات کے سلسلے کو روک دیا

نیوزی لینڈ کرکٹ نے سینٹنر کی جگہ سینٹرل ڈسٹرکٹس کے اسپن بولنگ آل راؤنڈر ڈین فاکس کرافٹ کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ ۲۸ ؍سالہ فاکس کرافٹ نے رواں سال مئی میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ وہ اس سے قبل ہندوستان اے کے خلاف غیر سرکاری ٹیسٹ مقابلوں میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے ان مقابلوں میں ۵۱، ۴۲، ۹۳ ؍اور ناٹ آؤٹ ۱۰ ؍رن بنائے تھے۔ ان کی شمولیت سے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کے ساتھ اسپن بولنگ کا ایک اضافی متبادل بھی مل گیا ہے۔
ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ پہلا ٹیسٹ ۱۹ نومبر سے ویلنگٹن کے بیسن ریزرو میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ ۲۷ نومبر سے کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں شروع ہوگا۔ نیوزی لینڈ کی قیادت ٹام لیتھم کریں گے۔مچل سینٹنر کی انجری صرف ہندوستان کے خلاف سیریز تک محدود نہیں رہ سکتی بلکہ آسٹریلیا کے دورے میں ان کی شرکت بھی غیر یقینی ہوگئی ہے۔ نیوزی لینڈ کو دسمبر میں آسٹریلیا کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے، جس کا آغاز ۹ ؍ دسمبر کو پرتھ میں ہوگا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق سینٹنر کی صحت یابی اور دوبارہ میدان میں واپسی کے وقت کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ان کی دستیابی کے بارے میں بعد میں باضابطہ اطلاع دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے:فلم ’’یہ پریم مول لیا‘‘ کا ٹریلر لانچ حالیہ بڑی تقریبات میں سے ایک ہوگا

مچل سینٹنر کی غیر موجودگی نیوزی لینڈ کے لیے ایک بڑا نقصان سمجھی جارہی ہے، کیونکہ وہ ایک تجربہ کار اسپن بولر ہونے کے ساتھ ساتھ مفید بلے باز بھی ہیں۔ وہ ٹیم کو درمیانی اوورز میں وکٹیں حاصل کرنے اور ضرورت کے وقت رنز بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ ہندوستان کے خلاف گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں بھی ان کی کارکردگی غیر معمولی رہی تھی۔ ۲۰۲۴ میں ہندوستان کے دورے کے دوران پونے ٹیسٹ میں انہوں نے مجموعی طور پر ۱۳ ؍وکٹ حاصل کرکے ہندوستانی بلے بازوں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز ۱۔۳؍سے اپنے نام کی تھی۔ اب دونوں ٹیموں کی نظریں ٹیسٹ سیریز پر مرکوز ہیں، جہاں نیوزی لینڈ اپنی گزشتہ کامیابیوں کو دہرانا چاہے گا، جبکہ ہندوستانی ٹیم بیرون ملک ٹیسٹ کرکٹ میں مضبوط واپسی کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ سینٹنر کی غیر موجودگی سے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا توازن ضرور متاثر ہوگا اور یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ڈین فاکس کرافٹ اس اہم سیریز میں اپنی صلاحیتوں کا کتنا بہتر مظاہرہ کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK