Inquilab Logo

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ اسکواڈ میں وراٹ کیلئے جگہ نہیں:رپورٹ

Updated: March 12, 2024, 9:57 PM IST | Mumbai

اطلاعات آرہی ہیں کہ وراٹ کوہلی کوٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۴ء کے اسکواڈ سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ اس کی وجہ ویسٹ انڈیز اور امریکہ کی سست رفتار پچ بتائی جاتی ہے، ایسے وکٹ پر کوہلی کے بلے بازی کے انداز سے ہندوستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا

Virat Kohli. Photo:PTI
وراٹ کوہلی۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۴ء کیلئے  تمام ٹیموں کا اعلان ۳۰؍  اپریل تک کیا جانا ہے۔ ساتھ ہی، بی سی سی آئی کو اس دوران ہندوستانی ٹیم کا اعلان بھی کرنا ہوگا۔ بی سی سی آئی آئی پی ایل ۲۰۲۴ء میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا چاہتا ہے۔ دریں اثنا، اطلاعات آرہی ہیں کہ وراٹ کوہلی کوٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۴ء کے اسکواڈ سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ اس کی وجہ  ویسٹ انڈیز اور امریکہ کی سست رفتار پچ بتائی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایسے وکٹ پر کوہلی کے بلے بازی کے انداز سے ہندوستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
درحقیقت، دی ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ کے مطابق  اگر وراٹ  کوہلی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۴ء کیلئے  ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانا چاہتے ہیں تو انہیں آئی پی ایل۲۰۲۴ء میں بہت اچھی بلے بازی کرنی ہوگی کیونکہ موجودہ کارکردگی کی بنیاد پر سلیکٹرس کی انہیں ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ٹیم میں رکھنے میں دلچسپی نہیں ہے۔ ٹیم انتظامیہ کا خیال ہے کہ کوہلی اب تک کرکٹ کے بیشتر فارمیٹس میں ٹیم کی ضروریات کو پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ کوہلی نے گزشتہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے بعد سے کوئی بھی ٹی ۲۰؍  انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا ہے۔ انہوں نے روہت شرما کے ساتھ افغانستان کے خلاف ٹی ۲۰؍ سیریز کھیلی تھی لیکن وہ ناکام رہے تھے۔
آپ کو بتا دیں کہ بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ پہلے ہی روہت شرما کو ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ  ۲۰۲۴ءکیلئے کپتان بنانے کی بات کر چکے ہیں۔ تاہم  وہ وراٹ کوہلی کےٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل مستقبل کے حوالے سے سوال پر خاموش رہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بورڈ نے کوہلی کے انتخاب کا معاملہ چیف سلیکٹر اجیت اگرکر پر چھوڑ دیا ہے۔ ایسے میں اب ان کا ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کریئر خطرے میں نظر آرہا ہے۔بی سی سی آئی کا ماننا ہے کہ سوریہ کمار یادو، رنکو سنگھ، تلک ورما اور شیوم دوبے جیسے نوجوان کھلاڑیوں کے پاس ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل میں وراٹ  سے زیادہ پیشکش کرنے کیلئے  بہت کچھ ہے۔ وہیں کے ایل راہل کو وکٹ کیپر بلے باز کے طور پر ٹیم انڈیا کا پہلا انتخاب بتایا جا رہا ہے۔ تاہم، محدود اوورس کے فارمیٹ میں ان کا اسٹرائیک ریٹ موضوع بحث رہا ہے۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اب رشبھ پنت بھی فٹ ہو گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK