سربیائی کھلاڑی نے کہا :میں نہیں چاہتا کہ سفر کرنے سے قبل کسی کو ایسا ویکسین لگانے کے لئے مجبور کیا جائے
EPAPER
Updated: April 21, 2020, 1:36 PM IST | Agency | Belgrade
سربیائی کھلاڑی نے کہا :میں نہیں چاہتا کہ سفر کرنے سے قبل کسی کو ایسا ویکسین لگانے کے لئے مجبور کیا جائے
عالمی نمبر وَن ٹینس کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ نے ٹینس سیزن دوبارہ شروع ہونے سے پہلے کھلاڑیوں کے لئے کورونا وائرس ویکسین لازمی کرنے کی مخالفت کی ہے۔
سربیائی اسٹار جوکووچ نے ساتھی سربیائی کھلاڑیوں کے ساتھ لائیو فیس بک چیٹ میں کہاکہ یہ بڑی شش و پنج کی حالت ہو گی اگر ٹینس سیزن دوبارہ شروع ہونے سے پہلے کھلاڑیوں کو کہا جائے کہ انہیں کورٹ میں اترنے سے پہلے کورونا ویکسین لگانا ہوگا۔ ذاتی طور پر میں ایسے کسی ویکسین کا مخالف ہوں اور میں نہیں چاہتا کہ سفر کرنے سے قبل کسی کو ایسا ویکسین لگانے کے لئے مجبور کیا جائے۔
عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نے کہا کہ اگر یہ لازمی کر دیا جاتا ہے تو پھر کیا ہوگا۔ مجھے اپنا فیصلہ کرنا ہوگا۔ میں اس معاملے میں اپنے خیالات رکھتا ہوں اور یہ خیال کسی وقت بدلیں گے، میں نہیں جانتا۔ نوواک جوکووچ نے کہا کہ اگر یہ مانا جائے کہ سیزن جولائی، اگست یا ستمبر میں شروع ہوتا ہے تو مجھے لگتا ہے کہ كوارنٹين سے نکلنے کے بعد براہ راست ویکسین کی ضرورت پڑے گی اگرچہ ابھی تک کوئی ایسا ویکسین بنا نہیں ہے۔
گزشتہ ماہ ایملی مریسمو نے کہا تھا کہ کوروناوائرس کی وجہ سے ۲۰۲۰ءمیں باقی سیزن کا ہونا مشکل ہے اور کھلاڑیوں کا ویکسینیشن کئے بغیر سیزن کو شروع نہیں کیا جانا چاہئے۔ طبی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ اگلے سال سے پہلے کورونا کا ٹیکہ تیار نہیں ہو سکتا۔