Updated: April 09, 2026, 3:02 PM IST
| Mumbai
اکشے کمار کی واپسی کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔ ۱۷؍ اپریل کو ان کی فلم ’’بھوت بنگلہ ‘‘ سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ لیکن اس سے ایک دن پہلے ہی فلم کے میکرز نے پیڈ پریویوز رکھے ہیں۔ فلم کا حال ہی میں شاندار ٹریلر سامنے آیا تھا، جسے ہر کسی نے بہت پسند کیا۔ تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ ٹریلر ۱۰۰؍ ملین ویوز سے آگے جا چکا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اکشے کی بہن کا کردار ادا کرنے والی میتھیلا کو یہ موقع کس کے کہنے پر ملا؟
میتھیلا۔ تصویر :آئی این این
کافی عرصے بعد اکشے کمار ہارر کامیڈی صنف میں واپسی کر رہے ہیں۔ ’’بھوت بنگلہ ‘‘ کے ٹریلر کو زبردست رسپانس ملا ہے۔ یہ ایک فیملی انٹرٹینر فلم ہے، جس کی خاص بات ہے پریادرشن اور اکشے کمار کا دوبارہ ایک ساتھ آنا۔ دونوں کافی وقت بعد ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ویسے تو اس سال اکشے کمار کی مزید فلمیں بھی ریلیز ہوں گی، جن میں ’’حیوان‘‘ اور ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘شامل ہیں۔ فی الحال ۱۷؍ اپریل کو ’’بھوت بنگلہ ‘‘کا سب کو انتظار ہے جبکہ ۱۶؍ اپریل کو اس کے پیڈ پریویوز ہوں گے۔ فلم میں راجپال یادو، پریش راول، اسرانی، تبو، وامیکا گبی اور میتھیلا شامل ہیں جبکہ ایکتا کپور کا پروڈکشن ہاؤس اس فلم میں سرمایہ لگا رہا ہے۔ اسی دوران جانیے کہ میتھیلا پالکر کو اکشے کمار کی بہن کا کردار کیسے ملا۔
یہ بھی پڑھئے:کمفرٹ اور شخصیت ہی میرے لئے فیشن ہے:سحر بمبا
اگر آپ نے ٹریلر دیکھ لیا ہے تو آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ فلم میں اکشے کمار کا بھوتنیوں سے پالا پڑنے والا ہے۔ ایک ’’’وادھوسر‘‘ نام کا راکشس بھی ہے، جو اس جگہ کسی کی شادی نہیں ہونے دیتا جبکہ میتھیلا پالکر فلم میں اکشے کمار کی بہن کے کردار میں ہیں، جس کی شادی کی تیاریاں حویلی میں چل رہی ہیں۔ ٹریلر میں ایک مزاحیہ منظر ہے جہاں اکشے خود میتھیلا سے کہتے ہیں:’’بہن ڈر گئی، ڈر گئی!‘‘ لیکن میتھیلا کو اس فلم میں ایک اداکارہ کے کہنے پر موقع ملا۔
یہ بھی پڑھئے:فلم ’’کاک ٹیل۲‘‘ کے گانے ’’جب تلک‘‘ کے سیٹ پر مثبت توانائی تھی: شاہد کپور
’’بھوت بنگلہ ‘‘ میں میتھیلا کو موقع کیسے ملا؟
میتھیلا پالکر نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا، جس میں پریادرشن نظر آ رہے تھے۔ انہوں نے مداحوں کے ساتھ یہ بھی شیئر کیا کہ انہیں اکشے کمار کی فلم میں کردار کیسے ملا۔ وہ کہتی ہیں’’یہ ایک ایسا موقع ہے جس کا میں نے کبھی اپنے لیے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ میں کلیانی پریادرشن کی بہت شکر گزار ہوں، جن کے بغیر اس خیال کی شروعات ہی ممکن نہیں تھی۔ وہ واقعی لڑکیوں کی سچی دوست ہیں اور پریان سر، مجھ پر اعتماد کرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔ میں بیان نہیں کر سکتی کہ آپ کی فلموں کی دنیا کا حصہ بننا میرے لیے کتنا قیمتی ہے۔ میں ہمیشہ آپ کی شکر گزار رہوں گی۔‘‘ جی ہاں، پریادرشن نے اپنی بیٹی کلیانی کے کہنے پر میتھیلا کو یہ موقع دیا۔
کچھ عرصہ پہلے ریئلٹی گیم شو’ویل آف فارچیون‘ کے سیٹ پر اکشے کمار نے انکشاف کیا تھا کہ’’بھوت بنگلہ ‘‘ میں میتھیلا بھوت کا نہیں بلکہ ان کی بہن کا کردار ادا کریں گی۔