Inquilab Logo

پاکستان، بنگلہ دیش کو شکست دے کرسہ فریقی سیریز کے فائنل میں داخل

Updated: October 14, 2022, 11:33 AM IST | Agency | Christchurch

پاکستان نے ٹی ۲۰؍میچ میں ۷؍وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔ بابر اعظم اور محمد رضوان نے نصف سنچری بنائی۔ بنگلہ دیش کی چھٹی شکست

Pakistan`s star batsmen Mohammad Rizwan and Babar Azam.Picture:INN
پاکستان کے اسٹار بلے بازمحمد رضوان اور بابر اعظم ۔ تصویر:آئی این این

پاکستان نے محمد رضوان (۶۹) اور بابر اعظم (۵۵) کی نصف سنچریوں کے بعد محمد نواز (ناٹ آؤٹ۴۵؍رن) کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت جمعرات کو بنگلہ دیش کو سہ فریقی ٹی۲۰؍سیریز میں ۷؍وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کو۱۷۴؍ رن کا ہدف دیا تھا جسے بابر کی ٹیم نے ایک گیند پہلے ہی حاصل کر لیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے رضوان اور بابر نے پہلے وکٹ کیلئے۱۰۱؍ رن کی شراکت کی۔ جب پاکستان کو ۷؍ اوورس میں۷۳؍ رن درکار تھے تو کریز پر آنے والے محمد نواز نے۲۰؍ گیندوں پر ۴۵؍ رن  بنائے اور آخری اوور کی ۵؍ویں گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو جیت دلادی۔اس وقت محمد رضوان اور بابر اچھے فارم میں ہیں۔  اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان فائنل میں پہنچ گیا ہے جبکہ بنگلہ دیش ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں مسلسل چھٹی شکست کے ساتھ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل جمعہ کو کھیلا جائے گا، جس کے بعد تمام ٹیمیں آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلیا روانہ ہو جائیں گی۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بلے بازی  کا فیصلہ کیا۔ تاہم اس کے اوپنر سومیا سرکار صرف ۴؍ رن  بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کریز پر آئے لیٹن داس نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے جبکہ دوسرے اوپنر نجم الحسن شنٹو (۱۲) تھوڑی جدوجہد کے بعد آؤٹ ہوگئے۔چوتھے نمبر پر بلے بازی کیلئے   آنے والے کپتان شکیب الحسن نے لیٹن کا ساتھ دیا اوردونوں نے تیسرے وکٹ کیلئے ۸۸؍ رن کی شراکت قائم کی۔ شکیب نے اننگز کا آغاز سست کیا جبکہ لیٹن نے تیز کھیلتے ہوئے۴۲؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۶۹؍ رن  بنائے۔اننگز کے۱۵؍ویں اوور میں لیٹن کے آؤٹ ہونے کے بعد شکیب نے ہاتھ کھولے اور بنگلہ دیش کو ۱۹؍ اوورس میں۱۷۰؍ رن تک لے گئے۔ شکیب نے ۴۲؍ گیندوں پر۶۸؍ رن بنائے جس میں ۷؍ چوکے اور ۳؍ چھکے شامل تھے، حالانکہ۱۹؍ ویں اوور میں ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش نے۲۰؍ ویں اوور میں صرف ۳؍ رن جوڑ کر پاکستان کو۱۷۴؍ رن  کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں اپنی ۸؍ویں سنچری شراکت  سے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ پاکستان کے۱۰۰؍ رن۱۲؍ ویں اوور میں مکمل ہوئے جبکہ۱۳؍ویں اوور میں بابر اور حیدر علی آؤٹ ہوئے۔ بابر نے۴۰؍ گیندوں پر ۹؍چوکوں کی مدد سے۵۵؍ رن  بنائے۔ پاکستان کو آخری۴۲؍ گیندوں پر۷۲؍رن  درکار تھے اور نواز نے آتے ہی بلےبازی  شروع کر دی۔ انہوں نے رضوان کے ساتھ تیسرے  وکٹ کیلئے۶۴؍رن بنائے، حالانکہ سومیا سرکار نے ۱۹؍ویں اوور میں اس شراکت کو توڑ کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ رضوان نے آؤٹ ہونے سے قبل۵۶؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں کی مدد سے ۶۹؍ رن بنائے۔ دوسری جانب نواز نے۲۰؍گیندوں پر۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۴۵؍ رن بنائے اور ۲۰؍ویں اوور کی ۵؍ویں گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو فتح دلائی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK