Inquilab Logo

پنت کی کریئر کی بہترین درجہ بندی ، وراٹ کو ایک پائیدان کا نقصان

Updated: January 21, 2021, 1:52 PM IST | Agency | New Delhi

برسبین میں نصف سنچری اننگز کھیلنے کا فائدہ۔ٹیسٹ درجہ بندی میں ۱۳؍ویں نمبرپر ۔ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی چوتھے نمبرپر۔ کین ولیمسن سرفہرست ۔ گیندباز محمد سراج کو بھی فائدہ

Rishabh Pant.Picture :INN
رشبھ پنت ۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں اپنے کریئر کی  بہترین درجہ بندی  ۱۳؍ ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی ایک پائیدان کھسک کر چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ پنت نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں۳۲۸؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے۸۹؍رن بنائے تھے جس کا فائدہ انہیں رینکنگ سے ملا اور وہ بلے بازی رینکنگ میں۱۳؍ ویں نمبر پر آ گئے۔ پنت اپنےکریئر کی بہترین رینکنگ پر  ہیں۔ پنت نے سیریز میں۲۷۴؍ رن بنائے ۔ اس کے ساتھ  ہی  وہ چوٹی کے رینکنگ والے وکٹ کیپر بلے باز بھی بن گئے ۔ وراٹ نے آسٹریلیا کے خلاف ۴؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا تھا ، جس کے بعد وہ اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے وطن واپس آگئے تھے ۔ انہیں  اگلے ۳؍ ٹیسٹ میں نہ کھیلنے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور وہ تیسری پوزیشن سے کھسک کر چوتھے نمبر پر آگئے۔ تیسری پوزیشن پر ان کی جگہ آسٹریلیا کے مارنس لبوشین آگئے جنہوں نے ہندوستان کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بلے بازی رینکنگ میں چوٹی کے مقام پر قابض ہیں جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔پنت کے بعد بلے بازی کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک ہیں ، جو بلے بازی کی  رینکنگ  میں۱۵؍ ویں نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ  سرفہرست ۵؍ بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ روٹ ٹیسٹ بیٹنگ کی درجہ بندی میں۵؍ویں نمبر پر ہیں جبکہ ہندوستان کے چتیشور پجارا ۷؍ویں نمبرپر ہیں۔ گیندبازی کی رینکنگ میں  ہندوستان کے محمد سراج برسبین میں ۶؍ وکٹوں کی بدولت ۴۵؍ ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ آسٹریلیاکے تیزگیند باز جوش ہیزل ووڈ نیوزی لینڈ کے گیندباز ٹم ساؤدی کو پیچھے کرتے ہوئے چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں۔ آسٹریلیا کے تیزگیندباز پیٹ کمنس پہلے اور انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ دوسری پوزیشن پر ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK