Inquilab Logo

پال پوگبا کے گول نے مانچسٹر یونائٹیڈ کو یوروپالیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچادیا

Updated: March 20, 2021, 1:00 PM IST | Agency | Melan

یوروپالیگ کے راؤنڈ ۱۶؍ کےدوسرے مرحلے کے میچ میں یونائٹیڈ نے اے سی میلان کو صفر۔ایک سے ہرادیا۔ دو مرحلوں کے بعد اسکور ایک۔۲؍ رہا ۔ اٹلی کا فٹبال کلب ٹورنامنٹ سے باہر

Paul Pogba - Pic : INN
پال پوگبا ۔ تصویر : آئی این این

 انجری سے صحت یاب ہوکر میدان پر لوٹنے والے پال پوگبا نے واحد اور فاتحانہ گول کرکےمانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب کو یوئیفا یوروپا لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔ ٹورنامنٹ کے راؤنڈ ۱۶؍ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں یونائٹیڈ نے اے سی میلان کو صفر۔ ایک سے ہرا دیا۔ اس طرح ۲؍مرحلوں کے مقابلے میں یونائٹیڈ کا مجموعی اسکور ایک۔۲؍ رہا۔ پہلے مرحلے کے میچ میں یونائٹیڈ نے اپنے گھریلو میدان پر اے سی میلان سے ایک ایک سے ڈرا کھیلا تھا۔
 جمعرات کی را ت ہونے والے میچ میں  پال پوگبا بحیثیت متبادل کھلاڑی میچ میں شامل ہوئے تھے۔ انہیں میچ کے دوسرے ہاف میں میدان پر بھیجا گیا تھا اور انہوںنے ثابت کردیا کہ وہ اب بھی اسٹا ر کھلاڑی ہیں۔یونائٹیڈ نے یہ میچ  بیرون شہر جیتا تھا اور اس سیزن میں مانچسٹر کے کلب نے بیرون شہر میچوں میں شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔دوسرے ہاف میں میدان پر آنے والے پوگبا نے جلد ہی گول کردیا۔ ۴۹؍ویں منٹ میں انہوںنے یونائٹیڈ کیلئے گول کیا اور ٹیم کا اسکور صفر۔ ایک کردیا۔ یوروپا لیگ کے میچ میں یونائٹیڈ کا دفاع بھی مضبوط تھا ، اس لئے اے سی میلان کی جانب سے کوئی گول نہیں ہوسکا۔ میچ کے آخرمیں اسکور صفر۔ ایک رہا اور مقابلہ یونائٹیڈ کے حق میں رہا۔ 
 میچ کے بعد یونائٹیڈ کے منیجر اولے گنر سولشائرنے کہا ’’ایسا لگ رہا تھا کہ پوگبا ۶؍ماہ کے بعد پر لوٹے ہیں۔ انہوںنے میدان پر لوٹنے کیلئے بہت محنت کی ہے لیکن فٹبال کھیلنا الگ بات ہے۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ انہیں مزید وقت درکار ہے۔ ‘‘انہوںنے مزید کہا’’وہ ابھی صرف ۴۵؍ منٹ تک ہی میدان پر رہ سکتے ہیں لیکن میں چاہتاہوںکہ وہ بہتر کھیلیں اور پورے سیزن ہمارے ساتھ رہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ وہ پورے۹۰؍منٹ میچ میں مانچسٹر یونائٹیڈ کے ساتھ رہیں اور زیادہ سے گول کریںاور اس کیلئے انہیں اپنی فٹنیس پر توجہ دینی ہوگی۔ ‘‘
 شکست پانے والی ٹیم اے سی میلان کے اسٹار کھلاڑی زلاتن ابراہیمووچ نے کہا ’’اس شکست کی وجہ سے مایوسی ہوئی ہے۔ ہم نے ۲؍ میچ بہت اچھے کھیلے ہیں۔ ہم جمعرات کی رات گول کرنے میں  ناکام رہے۔ ‘‘ خیال رہے کہ مانچسٹر یونائٹیڈ کے سابق اسٹرائیکر نے اے سی میلان کی جانب سے بحیثیت متبادل کھلاڑی میچ میں شرکت کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK