Updated: November 25, 2026, 9:59 PM IST
| New York
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چین، یورپی یونین، ہندوستان اور جاپان سمیت ۱۴؍ بڑی تجارتی معیشتوں سے درآمد ہونے والی اشیا پر نئے محصولات (Tariffs) عائد کرنے کی تجویز پیش کردی ہے۔ امریکی حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ ممالک اپنی صنعتی پیداوار کو بڑھانے کے لیے مختلف سرکاری مراعات، سبسڈی اور پالیسیوں کا استعمال کر رہے ہیں۔
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر:آئی این این
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چین، یورپی یونین، ہندوستان اور جاپان سمیت ۱۴؍ بڑی تجارتی معیشتوں سے درآمد ہونے والی اشیا پر نئے محصولات (Tariffs) عائد کرنے کی تجویز پیش کردی ہے۔ امریکی حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ ممالک اپنی صنعتی پیداوار کو بڑھانے کے لیے مختلف سرکاری مراعات، سبسڈی اور پالیسیوں کا استعمال کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں ضرورت سے زیادہ اشیا پہنچ رہی ہیں اور امریکی صنعتوں کو نقصان ہورہا ہے۔امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر (USTR) نے ۲۵ ؍ نومبر کو اعلان کیا کہ ۱۹۷۴ء کے ٹریڈ ایکٹ کی دفعہ ۳۰۱ (Section 301) کے تحت آٹھ ماہ کی تحقیقات کے بعد ۱۴ ؍معیشتوں کے خلاف کارروائی کی بنیاد موجود ہے۔ تاہم یہ محصولات ابھی حتمی طور پر نافذ نہیں ہوئے ہیں، بلکہ ان کے نفاذ کے لیے تجاویز پیش کی گئی ہیں اور عوامی مشاورت و سماعت کا عمل باقی ہے۔
امریکی حکومت کی فہرست میں چین، یورپی یونین، ہندوستان، جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان، سنگاپور، سوئزرلینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، ویتنام اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔امریکی حکام کے مطابق ان معیشتوں کی صنعتی پالیسیوں اور اضافی پیداواری صلاحیت سے امریکی کاروبار، صنعتوں اور برآمدات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ بعض ممالک میں سرکاری معاونت اور دیگر اقدامات کے ذریعے پیداوار کو اس سطح تک بڑھایا جارہا ہے جو حقیقی طلب اور مارکیٹ کی ضرورت سے زیادہ ہے۔اس معاملے میں ہندوستان کے لیے مجوزہ شرح خاص طور پر اہم ہے۔ امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر نے ہندوستانی مصنوعات پر ۲۵ ؍فیصد تک اضافی محصول عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ تاہم امریکی حکومت نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ اگر ہندوستان امریکہ کے ساتھ باہمی تجارتی معاہدہ (Agreement on Reciprocal Trade) طے کرلیتا ہے تو یہ شرح ۱۷؍فیصد تک رکھی جاسکتی ہے۔اس طرح ہندوستان کے لیے مجوزہ محصول کی شرح کا انحصار دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات اور حتمی معاہدے پر ہوگا۔ اس پیش رفت سے ہندوستانی برآمد کنندگان، خصوصاً ان شعبوں پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے جن کی مصنوعات امریکی منڈی میں فروخت ہوتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:نیٹ فلکس کی پاکستانی سیریز’ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کا ٹریلر جاری
چین کے لیے مجوزہ محصول کی شرح ۲۰؍ فیصد تک ہے، جبکہ یورپی یونین کے لیے ۱۵ ؍فیصد کی شرح تجویز کی گئی ہے۔ جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان اور سوئزر لینڈ کے لیے بھی ۱۵ ؍فیصد تک محصولات کی تجویز سامنے آئی ہے۔اسی طرح ملائیشیا، انڈونیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش اور سنگاپور سمیت دیگر ایشیائی معیشتوں کو بھی نئی تجارتی پابندیوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔ مختلف ممالک کے لیے شرحیں الگ الگ مقرر کی گئی ہیں اور بعض صورتوں میں پہلے سے موجود تجارتی معاہدوں اور محصولات کو مدنظر رکھا جائے گا۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بعض ممالک کی صنعتی پالیسیاں عالمی تجارت میں عدم توازن پیدا کررہی ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق کئی معیشتیں اپنی صنعتوں کو مالی مدد، پیداوار میں مراعات، مزدوروں سے متعلق پالیسیوں اور دیگر حکومتی اقدامات کے ذریعے فروغ دے رہی ہیں، جس سے ان کی مصنوعات عالمی منڈی میں کم قیمت پر دستیاب ہوتی ہیں۔واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ اس صورت حال کے باعث امریکی صنعت کاروں کو مسابقت میں مشکلات کا سامنا ہے اور ملک میں صنعتی پیداوار، روزگار اور سرمایہ کاری متاثر ہورہی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ ان نئے محصولات کو امریکی صنعتوں اور ملازمتوں کے تحفظ کے اقدام کے طور پر پیش کررہی ہے۔ تاہم متاثرہ ممالک کی جانب سے ان الزامات پر اختلاف اور ممکنہ جوابی اقدامات کا امکان بھی موجود ہے۔
یہ بھی پڑھئے:یش پانچ بڑی زبانوں میں ۵۰ ؍کروڑ کمانے والی دو فلموں کے ساتھ پہلے ہندوستانی اداکار بن گئے
امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر نے ۱۱؍ مارچ ۲۰۲۶ء کو ۱۶ ؍معیشتوں کے خلاف صنعتی شعبوں میں اضافی پیداواری صلاحیت اور حکومتی پالیسیوں سے متعلق تحقیقات شروع کی تھیں۔ ان میں مذکورہ ۱۴ معیشتوں کے علاوہ میکسیکو اور ناروے بھی شامل تھے۔ تاہم ۲۵ نومبر کو جاری کردہ فیصلے میں ان دونوں ممالک کے بارے میں فی الحال کوئی حتمی تعین نہیں کیا گیا۔امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے مطابق تحقیقات کے دوران تقریباً ۱۴۰ ؍گواہوں کے بیانات اور ایک ہزار ۷۰ ؍سے زائد عوامی تبصرے موصول ہوئے۔ ان کی بنیاد پر ۱۴؍معیشتوں کے خلاف دفعہ ۳۰۱ ؍کے تحت کارروائی کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ یہ قانون امریکہ کو ایسے غیر ملکی تجارتی اقدامات کے خلاف کارروائی کا اختیار دیتا ہے جنہیں امریکی تجارت کے لیے غیر منصفانہ، غیر معقول یا نقصان دہ قرار دیا جائے۔
مجوزہ اقدامات میں بعض مصنوعات کو محصولات سے مستثنیٰ رکھنے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق توانائی کی بعض مصنوعات، مثلاً تیل اور گیس، ایسی غذائی اشیا جو امریکہ میں پیدا نہیں کی جاسکتیں، اہم معدنیات، کھاد، سیمی کنڈکٹر چپس کی مخصوص اقسام اور بعض ادویات کو چھوٹ دی جاسکتی ہے۔اس کا مقصد یہ ہے کہ نئی تجارتی پابندیوں کے باوجود امریکہ کی ضروری درآمدات اور اہم صنعتی سپلائی چین متاثر نہ ہو۔ البتہ چھوٹ کا اطلاق مخصوص مصنوعات اور متعلقہ سرکاری فہرستوں کے مطابق ہوگا۔