Updated: November 25, 2026, 9:05 PM IST
| Doha
اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ۲۰۲۶ءاب ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ ۲۶؍ نومبر کو کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا اے کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا، جو اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی ہے۔ اس مقابلے میں سب کی نظریں نوجوان ہندوستانی بلے باز ویبھَو سوریہ ونشی پر ہوں گی۔
ویبھوسوریہ ونشی۔ تصویر:ایکس
اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ۲۰۲۶ءاب ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ ۲۶؍نومبر کو کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا اے کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا، جو اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی ہے۔ اس مقابلے میں سب کی نظریں نوجوان ہندوستانی بلے باز ویبھَو سوریہ ونشی پر ہوں گی، جنہوں نے گزشتہ میچ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف تیز ترین ڈبل سنچری بنائی تھی۔
پاکستان اے کے خلاف شکست کے بعد متحدہ عرب امارات کے خلاف شاندار جیت کے ساتھ واپسی کرنے والی انڈیا اے کی ٹیم اپنی بلے بازی کی اس فارم کو ناک آؤٹ مرحلے میں بھی برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کرے گی۔ دوسری جانب سری لنکا اے نے پورے گروپ مرحلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس نے اپنے تینوں میچ جیتے اور گروپ اے میں سرفہرست رہتے ہوئے سیمی فائنل میں انڈیا اے کے خلاف سخت مقابلے کے لیے کوالیفائی کیا۔
یہ بھی پڑھئے:یش پانچ بڑی زبانوں میں ۵۰ ؍کروڑ کمانے والی دو فلموں کے ساتھ پہلے ہندوستانی اداکار بن گئے
انڈیا اے نے اپنی مہم کا آغاز نیپال کے خلاف ۳۰۶؍ رن کی بڑی جیت کے ساتھ کیا تھا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم نے ۹؍ وکٹ پر ۳۳۲؍ رن بنائے اور اس کے بعد نیپال کی پوری ٹیم کو محض ۲۶؍ رن پر سمیٹ دیا۔ تاہم، اسے پاکستان اے کے خلاف ۴۸؍ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن متحدہ عرب امارات کے خلاف اس نے زبردست واپسی کی۔ انڈیا اے نے۲۵۰؍ رن کا ہدف محض ۲ء۱۴؍ اوور میں حاصل کرتے ہوئے سات وکٹ سے کامیابی درج کی۔
اس میچ میں ویبھَو سوریہ ونشی نے صرف ۵۳؍ گیندوں پر شاندار ۲۰۴؍ رن بنائے، جو لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ ہے۔ تلک ورما، کمار کشاگرا اور جارحانہ بلے باز ویبھَو سوریہ ونشی کی عمدہ کارکردگی سے انڈیا اے نے اپنی بلے بازی کی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹیم سیمی فائنل میں بھی اسی طرح کی ایک اور شاندار کارکردگی پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے:میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ کمنز مجھ پر ذاتی طور پر جارحانہ ہوں گے: خواجہ
سری لنکا اے گروپ اے کی سب سے مضبوط ٹیم رہی ہے، جس نے اپنے تینوں میچ جیت کر ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس نے افغانستان اے کو چھ وکٹ سے شکست دے کر اپنی مہم کا آغاز کیا، پھر ہانگ کانگ کو ۲۴؍رن سے ہرایا اور آخر میں بنگلہ دیش اے کے خلاف سات وکٹ سے شاندار کامیابی کے ساتھ گروپ مرحلے کا اختتام کیا۔ بلے بازی اور گیندبازی، دونوں شعبوں میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سری لنکا اے کی ٹیم پورے اعتماد کے ساتھ سیمی فائنل میں اترے گی۔ وہ اپنی جیت کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کرے گی۔