Updated: November 25, 2026, 10:00 PM IST
| Bankura
مغربی بنگال کے ضلع بانکوڑہ میں کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے کارکن شیخ عبدالحفیظ نے اپنے والد شیخ محمد مفیق کے قتل کے ملزمان کو مبینہ طور پر ضمانت ملنے کے بعد اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کی جان کو لاحق خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں حفیظ نے شواہد کی موجودگی کے باوجود ملزمان کی رہائی پر سوال اٹھاتے ہوئے اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
سی جے پی کارکن شیخ عبدالحفیظ اپنی ماں کے ساتھ۔ تصویر: ایکس۔
کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے کارکن شیخ عبدالحفیظ نے مغربی بنگال کے ضلع بانکوڑہ میں اپنے گھر پر ہونے والے حملے میں اپنے والد شیخ محمد مفیق کے قتل کے ملزمان کو مبینہ طور پر ضمانت ملنے کے بعد اپنی والدہ، بہن اور خود اپنی سلامتی کے حوالے سے گہرے خوف کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں حفیظ نے الزام عائد کیا کہ حملے کے ویڈیو شواہد موجود ہونے کے باوجود ملزمان کو ضمانت دے دی گئی ہے اور ان کی رہائی کے بعد انہوں نے اپنے اہلِ خانہ کے تحفظ پر شدید تشویش ظاہر کی۔ واضح رہے کہ ۱۵؍ اگست ۲۰۲۶ء کو بانکوڑہ کے گاؤں کری شُنڈا میں کچھ لوگوں کے مبینہ حملے کے بعد شیخ محمد مفیق انتقال کر گئے تھے۔ یہ حملہ اس واقعے کے دو دن بعد ہوا تھا جب حفیظ نے ۱۳؍ اگست کو سی جے پی کی ’اسکول ٹھیک کرو‘ مہم کے تحت ایک مقامی پرائمری اسکول کا معائنہ کیا تھا، جس کا مقصد مقامی سرکاری اسکولوں کی خستہ حالی کی جانب توجہ مبذول کرانا تھا۔ چونکہ یہ حملہ ان کے اسکول کے دورے کے فوراً بعد ہوا تھا، اس لئے متاثرہ خاندان اور سی جے پی کے حامیوں نے الزام لگایا کہ یہ حملہ سیاسی محرکات کی بنا پر کیا گیا تھا اور اس کا تعلق ان کی سماجی و سیاسی سرگرمیوں سے تھا۔پولیس نے اس معاملے میں ایک مقامی بی جے پی لیڈر سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کیا تھا، تاہم بی جے پی نے کسی بھی سیاسی ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: ناگپور: ’یومِ آئین‘ پر ابھیجیت دپکے کا ’جمہوریت بچاؤ‘ ریلی نکالنے کا اعلان
اب ملزمان کو مبینہ طور پر ضمانت ملنے سے حفیظ کے خدشات ایک بار پھر بڑھ گئے ہیں۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ملزمان کی رہائی کے نتائج کے پیشِ نظر وہ اپنے اور اپنے خاندان کیلئے خوفزدہ ہیں۔ مکتوب میڈیا سے بات کرتے ہوئے حفیظ نے کہا، ’’مجھے ابھی تک عدالتی حکم نامے کی کاپی نہیں ملی ہے، لیکن مجھے علم ہے کہ میرے والد کے قتل کے ذمہ داروں کو ضمانت مل گئی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’میں نے یہ ویڈیو اس لئے بنائی ہے تاکہ یہ بات ریکارڈ پر آ جائے اور سب کو معلوم ہو جائے کہ ہمیں خطرہ لاحق ہے۔ اگر وہ میرے والد کو قتل کر سکتے ہیں تو ہمیں بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔‘‘ حفیظ نے بتایا کہ جیسے ہی انہیں عدالت کی جانب سے دی گئی ضمانت کے دستاویزات موصول ہوں گے وہ آج رات ہی انہیں عوام کے سامنے پیش کر دیں گے اور ضرورت پڑنے پر اعلیٰ عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔ دوسری جانب، سی جے پی کی قومی سیکرٹری آفرین نواز نے مکتوب کو بتایا، ’’ہم عدالتی حکم نامے کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جیسے ہی اس بات کی تصدیق ہو جائے گی کہ ایسا کوئی حکم جاری ہوا ہے، ہم ایک عوامی بیان جاری کریں گے۔ پارٹی کے فیصلے کے مطابق آئندہ کے لائحہ عمل کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔‘‘