Inquilab Logo Happiest Places to Work

کھلاڑی ریٹائر منٹ کے فوراً بعد غیر ملکی لیگز نہیں کھیل سکیں گے

Updated: July 07, 2023, 4:38 PM IST | Abhishek Tripathi | New Delhi

آج اہم میٹنگ، بی سی سی آئی کھلاڑیوں کیلئے ایک سے ۳؍سال کا کولنگ پیریڈ لاسکتا ہے

Ambati Rayudu signed with Texas Super Kings.
امباتی رائیڈو نے ٹیکساس سپر کنگز سے معاہدہ کیا۔

ہندوستانی کرکٹ کھلاڑیوں کیلئے یہ ایک بری خبر ثابت ہوسکتی ہے۔ ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی ریٹائرمنٹ کے فوراً بعد اب غیر ملکی ٹی۔۲۰؍ لیگز میں نہیں کھیل سکیں گے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) غیر ملکی لیگز میں کھیلنےکی خواہش رکھنے والے کرکٹروں  کیلئے نئی پالیسی لائے گا۔ جمعہ کو ہونے والی بی سی سی آئی اپیکس کونسل کی میٹنگ میں اس معاملے پر غوروخوض کیا جائے گا۔ بی سی سی آئی ایسے کھلاڑیوں کے لئے کولنگ آف پیریڈ کا ضابطہ لا سکتا ہے۔ کولنگ آف پیریڈ ایک سے ۳؍ سال کا ہو سکتا ہے۔ اس پر حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
  ایسے میں ہندوستان میں کھیلنے والے کرکٹرز تمام طرزکے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے ایک سے ۳؍ سال بعد ہی غیر ملکی لیگز میں کھیل سکیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں بی سی سی آئی سے بھی اجازت لینی پڑ سکتی ہے۔
 حال ہی میں ریٹائر ہونے والے امباتی رائیڈو نے رواں برس امریکہ میں ہونے والی میجر لیگ کرکٹ(ایم ایل سی) میں ٹیکساس سپر کنگز کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی اور ریٹائرڈ ہندوستانی کرکٹرز کو یو اے ای میں منعقد ہونے والی ٹی۔۲۰؍ لیگ میں کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔فی الحال بی سی سی آئی کے پاس ایسے کرکٹروں کیلئے کوئی پالیسی نہیں ہے۔
  دنیا بھر میں ٹی۔۲۰؍ لیگز کے بڑھتے  غلبے کے درمیان بہت سے غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنے قومی بورڈ کے سینٹرل کانٹریکٹ کوچھوڑ کر ان لیگز میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کچھ ہندوستانی کرکٹروں نے بھی ایسے قدم اٹھائے ہیں۔ حال ہی میں انگلینڈ کے کھلاڑی جیسن رائے نے سینٹرل کانٹریکٹ چھوڑ کر میجر لیگ کرکٹ آف امریکہ میں کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا۔ 
  بی سی سی آئی نہیں چاہتا کہ اس کے کھلاڑی ٹی۔۲۰؍ فرنچائز کرکٹ کے لئے قبل از وقت ریٹائر ہو جائیں۔ اگر وہ آئی پی ایل یا ہندوستانی ٹیم میں منتخب نہیں ہوتے ہیں تو انہیں گھریلو کرکٹ کھیلنا چاہیے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو گھریلو کرکٹ کی سطح بھی گرنے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے ساتھ معاہدہ کرنے والے فعال کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کے علاوہ کسی اور ٹی۔۲۰؍ لیگ میں کھیلنے کی اجازت نہیں ہے لیکن ریٹائرڈ کھلاڑیوں کے ساتھ ایسا نہیں ہے۔ اس لئے بی سی سی آئی اب نئی پالیسی لانے پر غور کر رہا ہے۔
ان  مسائل پر بھی بحث ہوگی
بی سی سی آئی کے اجلاس میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں کے سالانہ معاہدے کی منظوری بھی دی جائے گی۔
 بورڈ کے اعلیٰ حکام۵؍ اکتوبر سے ۱۹؍ نومبر تک منعقد ہونے والے یک روزہ عالمی کپ کے لئے اسٹیڈیم کو `اپ گریڈ کرنے کے لئے `روڈ میپ پر بھی فیصلہ کریں گے۔ 
سید مشتاق علی ٹی ۔۲۰؍ ٹرافی کیلئے پلیئنگ کنڈیشنز کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ 
آئی پی ایل کے بعد سید مشتاق علی ٹرافی میں بھی `امپیکٹ پلیئر کا ضابطہ متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK