Inquilab Logo

شمالی مقدونیہ کو شکست دے کر پرتگال کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ءکیلئے کوالیفائی

Updated: March 31, 2022, 1:25 PM IST | Agency | Washington

کوالیفائنگ کے پلے آف کے فائنل میں پرتگال نے صفر۔۲؍ سے کامیابی حاصل کی۔ دونوں گول برونو فرنانڈیز نے کئے۔ رونالڈو کاایک اور ورلڈ کپ میں کھیلنا طے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 اٹلی جیسی مضبوط ٹیم کو فیفا  ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے کوالیفائنگ راؤنڈ سے باہر کرنے والی شمالی مقدونیہ کی ٹیم کو پرتگال کے ہاتھوں صفر۔۲؍ سے ملی۔ کوالیفائنگ کے پلے آف کے فائنل مقابلے میں پرتگال نےشمالی مقدونیہ کو صفر۔۲؍گول سے شکست دےدی۔ پرتگال کی فتح سے یہ طے ہوگیا ہے کہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ایک اورورلڈ کپ کھیلتے ہوئے نظرآئیں گے۔ امسال نومبر میں قطر میں ہونے والے فیفاورلڈ کپ میں ارجنٹائنا نے بھی کوالیفائی کیاہے اس لئے اب اس ورلڈ کپ میں رونالڈو، میسی اور نیمار کھیلتے ہوئے نظرآئیں گے۔  منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں پرتگال کی جانب سے دونوں گول برونو فرنانڈیز نے کئے۔ میچ کے ۳۲؍ویں منٹ میں انہوں نے کرسٹیانو رونالڈو کی مدد سے پہلا گول کیا اور دوسرے ہاف کے ۶۵؍ویں منٹ میں انہوں نے ڈیگو جوٹا کی مدد سے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو صفر۔۲؍ گول سے فاتح بنادیا۔  اس میچ سے قبل رونالڈو نے کہا تھا کہ شمالی مقدونیہ کی ٹیم نے سبھی کو تعجب میں ڈالاہے لیکن پرتگال کی ٹیم نے ثابت کردیا ہے کہ وہ اب بھی اچھا کھیل رہی ہے۔خیال رہے کہ رونالڈونے اب تک ورلڈ کپ جیتنے میں کامیابی حاصل نہیں کی ہے۔ پرتگال نے ۸؍ویں مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنلس میں جگہ بنائی ہے اور مسلسل چھٹی بار وہ فیفا ورلڈکپ میں کھیلنے والا ہے۔ دوسری طرف شمالی مقدونیہ نے اٹلی کو صفر۔ ایک سے شکست دے کر امید جگائی تھی کہ وہ ورلڈ کپ میں کھیلتے ہوئے نظرآئے گی لیکن اس کے کھلاڑیوں نے رونالڈو کو روکنے کی کوشش میں دیگر پرتگالی کھلاڑیوں پر توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے اس ٹیم کو صفر۔۲؍ گول سے شکست کا سامنا کرناپڑا۔  میچ کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا ’’ہم نے ہدف حاصل کرلیاہے۔ اب ہم قطرمیں ورلڈ کپ کھیلتے ہوئے نظرآئیں گے۔ اب ہم اپنی صحیح جگہ پر پہنچ گئے ہیں۔ میں سبھی پرتگالی حامیوں کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہو ںنے ہمیں مسلسل سپورٹ کیا اور ورلڈ کپ فائنلس میں جگہ کیلئے حوصلہ افزائی کی۔‘‘ ورلڈ کپ کوالیفائنگ کے افریقہ زون سے مصر کی ٹیم باہر ہوگئی ہے ۔ محمد صلاح کے اسٹار کھلاڑی کے ہوتے ہوئے اس ٹیم کو سینیگال کی ٹیم نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں باہر کردیا۔ سادیو مانے کی ٹیم نے مصر کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK