• Wed, 09 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پریتی زنٹا نے کہا :اداکار صرف اپنی محنت اور کارکردگی کو کنٹرول کر سکتے ہیں

Updated: September 09, 2026, 5:03 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ اداکارہ پریتی زِنٹا نے فلم ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ کی باکس آفس پر مایوس کن کارکردگی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار صرف اپنی محنت اور کارکردگی کو کنٹرول کر سکتے ہیں، فلم کی قسمت کو نہیں۔ ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ نے آٹھ سال بعد پریتی زنٹا کی بڑے پردے پر واپسی کی نشاندہی کی۔

Preity Zinta. Photo: INN
پریتی زنٹا۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ اداکارہ  پریتی زِنٹا  نے فلم  ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ کی باکس آفس پر مایوس کن کارکردگی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار صرف اپنی محنت اور کارکردگی کو کنٹرول کر سکتے ہیں، فلم کی قسمت کو نہیں۔ ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ نے آٹھ سال بعد پریتی زنٹا کی بڑے پردے پر واپسی کی نشاندہی کی، تاہم فلم باکس آفس پر توقعات کے مطابق کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ اس کے باوجود اداکارہ نے فلم پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ہر فلم میں اپنی سو فیصد محنت کرتی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پریتی زنٹا نے کہا کہ وہ فلم کی ریلیز کے بعد اس کے نتائج کے بارے میں فکر کرنے کے بجائے فلم کی شوٹنگ کے دوران اپنی بہترین کارکردگی دینے پر توجہ دیتی ہیں۔ ان کے مطابق وہ اپنے کام کو پوری  دیانتداری سے کرتی ہیں اور اس کے بعد نتیجہ خدا پر چھوڑ دیتی ہیں۔ پریتی زنٹا نے کہا، ’’میں فلم پر بہت فخر محسوس کرتی ہوں اور یہ میرے لیے ایک بہت جذباتی تجربہ ہے۔ ایک اداکارہ کے طور پر میں ہمیشہ توقعات کو سنبھالتی ہوں۔ جب میں کسی فلم پر کام کرتی ہوں تو اپنی سو فیصد محنت کرتی ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ  کرما  پر یقین رکھتی ہیں؛ انسان کو اپنا فرض اور کام پوری محنت سے کرنا چاہیے اور اس کے بعد نتائج خدا پر چھوڑ دینے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھئے:تکارام منڈے کی جون تا اگست ۸۸۰؍ دواساز کمپنیوں کیخلاف کارروائی

راج کمار سنتوشی کی ہدایتکاری میں بننے والی  ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ کو عامر خان نے اپنے پروڈکشن ہاؤس  عامر خان پروڈکشنز کے تحت پروڈیوس کیا ہے۔ فلم میں  سنی دیول، پریتی زنٹا، شبانہ اعظمی، کرن دیول، علی فضل، ابھیمانیو سنگھ، خوشی ہجاری، کنیکا کپور اور ایشا سندھیر  سمیت کئی فنکار اہم کرداروں میں شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق فلم تقریباً  ۱۵۰؍ کروڑ روپے  کے بجٹ میں بنائی گئی تھی، لیکن اسے ملے جلے سے منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ فلم نے ہندوستان میں تقریباً۸۰ء۳۸؍  کروڑ روپے نیٹ کا بزنس کیا۔

یہ بھی پڑھئے:میری ناکامیوں نے والدین کو بے بس کر دیا تھا: میگھنا گلزار

 پریتی زنٹا اب  کنال کیمو  کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’وائب‘‘ میں نظر آئیں گی، جس میں وہ ایک خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ اداکارہ کے مطابق یہ کردار ان کے لیے بالکل نیا تجربہ ہے اور اس میں ناظرین کو ان کا ایک ایسا روپ دیکھنے کو ملے گا جو اس سے پہلے پردے پر نظر نہیں آیا۔ پریتی نے بتایا کہ ’’وائب‘‘ میں ان کا کردار انتہائی سنجیدہ، مضبوط اور جارحانہ نوعیت کا ہے، جبکہ فلم میں مزاح کا عنصر بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس کردار کے لیے سخت جسمانی تربیت کی اور اپنے جسم میں مسلز بھی بنائے تاکہ وہ ایک مضبوط اور خطرناک خفیہ ایجنٹ کے طور پر نظر آسکیں۔
کنال کیمو اور چراغ نہلانی کے پروڈکشن ہاؤس ’’ڈرونگو فلمز‘‘ کے بینر تلے بننے والی ’’وائب‘‘ میں کنال کیمو کے ساتھ پریتی زنٹا اور اسپرش شریواستو بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ فلم میں ونشیکا دھیر، یشپال شرما اور دنیش لال یادو بھی شامل ہیں۔ **’’وائب‘‘ ۱۸؍ ستمبر ۲۰۲۶ءکو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK