Updated: September 09, 2026, 12:30 PM IST
|
Agency
| Mumbai
اس مدت میں محکمہ کی جانب سے۴۱ء۱۱؍ کروڑ روپے کی غیر قانونی ادویات اور کاسمیٹک کا سامان ضبط کیا گیا، گزشتہ سال ۶۴ء۱۳؍ کروڑکا سامان ضبط کیا گیا تھا۔
ممبئی میں واقع ایف ڈی اے کا دفتر۔ تصویر: آئی این این
ممبئی ( ایجنسی ) : مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے آئی اے ایس افسر تکارام منڈے کی قیادت میں رواں سال جون اور اگست کے درمیان دواسازتیارکرنے اور فروخت کرنے والی ۸۸۰؍کمپنیوں کے خلاف بڑی کارروائی کی۔ محکمہ نے اس مدت کے دوران ۱۱ء۴۱؍ کروڑ روپے کی غیر قانونی ادویات اور کاسمیٹک لوازمات ضبط کیے۔ ایف ڈی اے کی کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں لائسنس معطل اور منسوخ بھی کیے گئے۔
پیر کو ایف ڈی اے کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق۳؍ ماہ کے دوران مجموعی طورپر۶۰۷؍ مینوفیکچرنگ یونٹس اور ۲۲۹۵ ؍ سیلز آؤٹ لیٹ کے خلاف ۲۹۰۲؍ معائنے کئے گئے ۔ انسپکشن کے دوران ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کے خلاف قا نونی کارروائی کی گئی۔
۶۷۷؍ لائسنس معطل
محکمہ نے بتایا کہ کارروائی کے نتیجے میں ۶۷۷؍لائسنس معطل اور۲۰۳؍ لائسنس منسوخ کیے گئے۔ مزید برآں، غیر قانونی منشیات اور کاسمیٹکس سے متعلق معاملات میں ۱۰۴؍ تلاشی اور ضبطی کی کارروائیاں کی گئیں۔ ان معاملات میں ۲۰؍ ایف آئی آر بھی درج کی گئیں ۔ ایف ڈی اے کے مطابق تحقیقات کے دوران ۱۴۰؍ مینوفیکچرنگ یونٹس کے لائسنس ہولڈرز کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ ۷۴۰؍سیلز یونٹس کے خلاف بھی انضباطی کارروائی کی گئی۔
اس مدت کے دوران، محکمہ نے۱۱ء۴۱؍ کروڑ روپے کی غیر قانونی ادویات اور کاسمیٹک کے سامان ضبط کیے۔ پچھلے مالی سال میں اسی طرح کی کارروائی کے دوران، ضبط شدہ مواد کی قیمت ۱۳ء۶۴؍ کروڑروپے تھی۔
تکارام منڈے کا کیا کہنا ہے؟
ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور ضابطے کے مطابق ادویات فراہم کرنا محکمہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی تیاری سے لے کر فروخت تک ہر مرحلے پر موثر نگرانی کو یقینی بنانے کیلئے معائنے تیز کردئیے گئے ہیں۔ محکمہ غیر قانونی اور ضابطہ کی خلاف ورزی کرنے والی ادویات کی فروخت اور تیاری کے خلاف سخت موقف اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نےکہا کہ ایسے یونٹس کے خلاف تحقیقات اور کارروائی مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔
۲۹۰۲
معائنے ،۳؍ ماہ کے دوران کئے گئے