• Fri, 09 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سنسنی خیز مقابلے میں پنجاب نے ممبئی کو ایک رن سے شکست دے دی

Updated: January 08, 2026, 8:02 PM IST | Mumbai

گُرنور برار اور مینک مارکنڈے کی شاندار گیندبازی (۴۔۴؍ وکٹ) کی بدولت پنجاب نے جمعرات کو وجے ہزارے ٹرافی ایلیٹ گروپ سی کے مقابلے میں ممبئی کو ایک رن سے شکست دے کر سنسنی خیز کامیابی حاصل کر لی۔

Punjab Team.Photo;INN
پنجاب کی ٹیم ۔ تصویر:آئی این این

گُرنور برار اور مینک مارکنڈے کی شاندار گیندبازی (۴۔۴؍ وکٹ) کی بدولت پنجاب نے جمعرات کو وجے ہزارے ٹرافی ایلیٹ گروپ سی کے مقابلے میں ممبئی کو ایک رن سے شکست دے کر سنسنی خیز کامیابی حاصل کر لی۔ جمعرات کو ممبئی نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری پنجاب کی پوری ٹیم ممبئی کے گیندبازوں کے سامنے۱ء۴۵؍ اوور میں ۲۱۶؍ رن پر ڈھیر ہو گئی۔ پنجاب کی جانب سے رمن دیپ سنگھ نے سب سے زیادہ۷۲؍ رن بنائے، جن کی اننگز میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ انمول پریت سنگھ نے چھ چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے ۵۷؍ رن اسکور کیے۔
نمن دھیر (۲۲)، سکھدیپ سنگھ باجوا (۱۷)، ہرپریت برار (۱۵) اور پربھ سِمرن سنگھ (۱۱) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ابھیشیک شرما (۸) سمیت پانچ بلے باز دُہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ ممبئی کی جانب سے مُشیر خان نے ۳؍ وکٹ حاصل کیے، جبکہ اومکار ترمالے، ششانک اتارڈے اور شیوم دوبے نے دو، دو وکٹ اپنے نام کیے۔ سائی راج پاٹل نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔


اس کے بعد بلے بازی کے لیے اتری ممبئی کی شروعات انگکرش رگھوونشی اور مُشیر خان نے کی اور دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے ۵۷؍ رن جوڑے، تاہم گُرنور برار نے دونوں کو آؤٹ کر دیا۔ انگکرش رگھوونشی نے ۲۳؍ اور مُشیر خان نے ۲۱؍ رن بنائے۔ سرفراز خان نے ایک بار پھر جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض ۲۰؍ گیندوں پر پانچ چھکے اور سات چوکے لگاکر ۶۲؍ رن اسکور کیے، تاہم ۱۵؍ویں اوور میں انہیں مینک مارکنڈے نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ سوریہ کمار یادو اور شیوم دوبے کا بلّا بھی نہ چل سکا۔ سوریہ کمار یادو ۱۵؍ اور شیوم دوبے ۱۲؍رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھئے:اکشے کمار کی ’’بھوت بنگلہ‘‘ ۱۵؍ مئی کو ریلیز ہوگی

ایک موقع پر ممبئی نے۳ء۲۲؍ اوور میں چھ وکٹ کے نقصان پر ۲۱۰؍ رن بنا لیے تھے اور جیت کے لیے صرف سات رن درکار تھے۔ ۲۵؍ویں اوور میں ہرنور سنگھ نے ہاردک تامورے (۱۵؍رن ) کو آؤٹ کر کے ممبئی کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ اگلے ہی اوور میں ہرپریت برار نے سائی راج پاٹل (ایک) کو بولڈ کر کے ممبئی کو آٹھواں جھٹکا دیا۔۲۷؍واں اوور کرانے آئے مینک مارکنڈے نے ششانک اتارڈے اور اومکار ترمالے کو صفر پر آؤٹ کر کے پنجاب کو ایک رن سے یادگار فتح دلا دی۔

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ ۵؍ وکٹوں سے جیت کر ایشیزسیریز اپنے نام کر لی

پنجاب کی جانب سے مینک مارکنڈے نے ۲ء۵؍ اوور میں ۳۱؍ رن دے کر چار وکٹ حاصل کیے، تاہم ۱۰؍ اوور میں ۵۷؍ رن دے کر چار وکٹ لینے والے گُرنور برار کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ہرنور سنگھ اور ہرپریت برار نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK