Inquilab Logo

دہلی کیخلاف پنجاب کنگز کی ٹیم بڑی فتح کی متمنی

Updated: May 17, 2023, 12:33 PM IST | Dharamshala

شکھردھون کی ٹیم کو آئی پی ایل کے پلے آف میں پہنچنے کیلئے آج کا میچ جیتنا لازمی ہے۔ دہلی کی ٹیم پنجاب کیلئے رُکارٹ بن سکتی ہے

photo;INN
تصویر :آئی این این

 پنجاب کنگز کی ٹیم بدھ کو یہاں دہلی کیپٹلس کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کرکے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے پلے آف میں جگہ بنانے کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھنے کی کوشش کرے گی۔ 
 دہلی کی ٹیم پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے اور اس میچ میں عزت برقرار رکھنے اور پنجاب کنگز کے حساب کتاب کو خراب کرنے کی کوشش کرے گی۔ پنجاب کے لئے اب تک کی مہم اتار چڑھاؤ سے پُر رہی ہے۔ اس نے اب تک ۶؍ میچ جیتے ہیں لیکن اتنے ہی میچوں میں اسے شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کی ٹیم  کے پاس ٹیبل پر ۱۲؍ پوائنٹس ہیں لیکن پلے آف میں جگہ کیلئےاس کے پاس صرف امید  ہے۔ تاہم، اسے اپنے نیٹ رن ریٹ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے جو فی الحال منفی۰ء۲۶۸؍ ہے۔ گزشتہ ہفتے دہلی کے خلاف۳۱؍ رن کی فتح  نے پنجاب کے حوصلے بلند کئے ہوں گے اور شکھر دھون کی قیادت والی ٹیم اس بار بھی سازگار نتیجہ حاصل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔پنجاب کو اپنی بلے بازی میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
 اوپنر پربھسمرن سنگھ کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دہلی کے خلاف نہیں چل سکا۔ دھون اور کچھ حد تک پربھسمرن کو چھوڑ کر، ان کے باقی بلے بازوں نے ابھی تک توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔ پنجاب کے گیند بازوں کو بھی اپنی کارکردگی بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے پاس ناتھن ایلس، سیم کیورن اور ارشدیپ سنگھ کی شکل میں اچھا گیندبازی حملہ  ہے لیکن وہ اکثر اپنے اسکور کا دفاع کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ دوسری طرف دہلی کیپٹلس کا سیزن ڈراؤنا خواب رہا ہے اور وہ پلے آف میں جگہ کی دوڑ سے باہر ہے۔ دہلی کو اس سیزن میں اس کے بلے بازوں نے مایوس کیا ہے۔ دہلی کی ٹیم میں شامل ہندوستانی بلے بازوں میں سے صرف اکشر پٹیل ہی اچھی کارکردگی پیش کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ پرتھوی شا اور سرفراز خان کی ناکامی دہلی کو مہنگی پڑی ہے۔
 ایسے میں ٹیم کو اپنے غیر ملکی بلے بازوں کو ٹاپ آرڈر میں میدان میں اتارنا پڑا۔ کپتان ڈیوڈ وارنر، وکٹ کیپر بلے باز فل سالٹ اور آل راؤنڈر مشیل مارش نے بلے سے کسی حد تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن جب تینوں جلد آؤٹ ہو جاتے ہیں تو دہلی کی اننگز ڈگمگانے لگتی ہے۔ پنجاب کے خلاف آخری میچ میں دہلی کی ٹیم جیت کی طرف بڑھ رہی تھی لیکن اس نے۶۷؍ رن کے اندر اپنے آخری ۸؍ وکٹ گنوا دیئے تھےتاہم دہلی کی ٹیم میں شامل ہندوستانی گیند بازوں نے اچھی کارکردگی  پیش کی  ہے۔ دہلی کی ۴؍ میں سے ۳؍ فتوحات میں گیند بازوں نے اہم کردار ادا کیا۔ تجربہ کار ایشانت شرما اپنا کردار بخوبی ادا کر رہے ہیں جبکہ خلیل احمد بھی انہیں اچھا سپورٹ دے رہے ہیں۔ اسپنر کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل نے بھی اکونامی کے تحت اچھی  بولنگ کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK