• Mon, 01 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آر اشون بلے بازوں کو الجھانے کے فن میں ماہرتھے

Updated: August 29, 2025, 1:08 PM IST | Inquilab News Network | Chennai

چنئی سپر کنگز کیساتھ سفر شروع کرنے والےاسپن گیندباز نے اسی ٹیم کے ساتھ آئی پی ایل کریئر کے اختتام کا اعلان کردیا۔

Ravichandran Ashwin. Picture: INN
روی چندرن اشون۔ تصویر: آئی این این

 دنیا کے کامیاب ترین گیند بازوں میں سے ایک روی چندرن اشون صرف ایک گیندباز نہیں تھےبلکہ وہ ٹیم کےکیلئے عظیم حکمت عملی تیار کرنے والے کھلاڑی بھی تھے۔ میدان میں ان کی چالاکی، بلے بازوں کو الجھانے کا فن اور ان کے منفرد تجربات انہیں دوسرے کھلاڑیوں سے ممتاز کرتے تھے۔ چاہے وہ `’کیرم بال‘ کی دریافت ہو یا’ `مانکڈنگ‘ پر بحث، اشون نے ہمیشہ کھیل میں نئی سوچ کو فروغ دیا۔
 گزشتہ روز آر اشون نے آئی پی ایل سے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ یہ وہی اشون ہیں جنہوں نے اپنی انگلیوں کے جادو سے نہ صرف ہندوستان کو کئی تاریخی فتوحات دلائیں بلکہ آئی پی ایل کے پلیٹ فارم پر بھی اپنی خاص شناخت بنائی۔ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے چند ماہ بعد ہی انہوں نے اس لیگ سے بھی ریٹائرمنٹ لے کر اپنے پرانے رشتے کو ختم کیا۔
 اشون نے سوشل میڈیا پر اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا’’ہر اختتام کے ساتھ ایک نئی شروعات ہوتی ہے۔ آئی پی ایل کرکٹر کے طور پر میرا وقت آج ختم ہو رہا ہے، لیکن مختلف لیگز میں کھیل کی تلاش کا میرا وقت آج سے شروع ہو رہا ہے۔‘‘ ان کے اس پیغام سے یہ واضح ہو گیا کہ اگرچہ ان کا آئی پی ایل کا سفر ختم ہو گیا ہے لیکن کرکٹ کے لئے ان کا جنون اور لگن اب بھی برقرار ہے۔ 
 ٹیسٹ کرکٹ کے ماہر۳۸؍سالہ اشون ہندوستان کی ٹیسٹ تاریخ کے دوسرے سب سے کامیاب گیندباز ہیں۔ انہوں نے ۵۳۷؍وکٹیں حاصل کر کے عظیم گیندباز انل کمبلے (۶۱۹) کے بعد اپنی جگہ بنائی۔ دسمبر ۲۰۲۴ء میں آسٹریلیا کے دورے کے دوران بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے اشون نے ایک بار پھر کرکٹ دنیا کو جذباتی کر دیا۔
 اشون کے آئی پی ایل کریئر کا آغاز ۲۰۰۹ء میں چنئی سپر کنگز کے ساتھ ہوا تھا۔ مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں انہوں نے جلد ہی اپنی صلاحیت ثابت کی اور ٹیم کیلئے ایک اہم کردار ادا کیا۔ تقریباً ڈیڑھ دہائی کے اس سفر میں انہوں نے کُل ۲۲۱؍میچ کھیلے اور ۱۸۷؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین کارکردگی ۳۴؍ رن دے کر ۴؍وکٹیں تھی۔ گیند بازی کے ساتھ ساتھ انہوں نے بلے بازی میں بھی اپنا رول بخوبی نبھایا اور ۸۳۳؍ رن بنائے، جن میں ان کا سب سے زیادہ اسکور ۵۰؍  رہا۔ ۲۰۲۵ء میں اشون کی واپسی ایک بار پھر چنئی سپر کنگز میں ہوئی، جب فرنچائز نے انہیں ۹ء۷۵؍کروڑ روپے کی بڑی رقم میں خریدا۔ اسی ٹیم کے ساتھ انہوں نے اپنا آخری آئی پی ایل میچ بھی کھیلا۔ وہ اپنے آئی پی ایل کریئر کے دوران اب بند ہو چکی رائسنگ پونے سپر جائنٹس، پنجاب کنگز، دہلی کپیٹلز اور راجستھان رائلز کے لئے بھی کھیل چکے ہیں۔

 اشون گیندبازی کے  سائنٹسٹ :پنیسر
ہندوستانی آف اسپنر آر اشون نے بین الاقوامی کرکٹ کے بعد انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) سے بھی ریٹائرمنٹ لے لیا ہے۔ اشون کے اس فیصلے پر انگلینڈ کے اسپنر مونٹی پنیسر نے حیرانی کا اظہار کیا اور انہیں اسپن گیندبازی کا سائنٹسٹ قرار دیا ۔ مونٹی پنیسر نے کہا کہ’’اشون نے آئی پی ایل میں  بحیثیت ٹی۔۲۰؍گیندباز کے طور پر اپنی شناخت بنائی۔ انہوں نے پاور پلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور آہستہ آہستہ تمام فارمیٹ میں ایک شاندار آل راؤنڈر کے طور پر ابھرے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ اشون نے اپنی گیندبازی میں نئی تکنیک استعمال کی اور بلے بازوں کو مسلسل پریشان کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شہرت اسپن گیندبازی  کے سائنٹسٹ کے طور پر بھی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK