اپوزیشن لیڈر نے’ محمد دیپک‘ کو مدعو کرکے حوصلہ افزائی کی، کوٹ دوار کے دورہ اور جِم کی ممبر شپ لینے کاوعدہ بھی کیا، رمضان بعد دیپک ’انسانیت جوڑو یاترا‘ نکالیں گے
EPAPER
Updated: February 23, 2026, 11:45 PM IST | New Delhi
اپوزیشن لیڈر نے’ محمد دیپک‘ کو مدعو کرکے حوصلہ افزائی کی، کوٹ دوار کے دورہ اور جِم کی ممبر شپ لینے کاوعدہ بھی کیا، رمضان بعد دیپک ’انسانیت جوڑو یاترا‘ نکالیں گے
اتراکھنڈ میں بھگوا عناصر کے خلاف بزرگ مسلم دکاندار کے دفاع میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہوجانےوالے دیپک کمار جنہوں نے فرقہ پرستوں کے منہ پر طمانچہ رسید کرتے ہوئے اپنا تعارف ’’محمددیپک‘‘ کے طور کروایاتھا، کوراہل گاندھی نے دہلی بلا کر پیر کو ۱۰؍ جن پتھ پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ راہل گاندھی نےفرقہ پرستی کے خلاف انسان دوستی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال بن کر ابھرنے والے دیپک کمار عرف محمد دیپک سے وعدہ کیا کہ وہ کوٹ دوار آئیں گے اوران کی جم کی ممبر شپ بھی لیں گے۔ اس موقع پردیپک کی ملاقات سونیا گاندھی سے بھی ہوئی۔ انہوں نے خود اس کے تعلق سے تفصیل فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ’’سونیا گاندھی جی سے ملاقات بہت پیاری اور خوبصورت تھی،انہوں نے مجھے اپنا آشیرواد دیا ہے۔
یہی محبت کی دکان ہے: راہل
پیر کو ۱۰؍ جن پتھ پر سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر ہونےوالی ملاقات میں راہل گاندھی کے علاوہ کانگریس کے رہنما ویبھَو والیا ، دیپک کے دوست وجے راوت اور دیگر کئی افراد موجود تھے ۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے کہاکہ’’ہر انسان برابر ہے۔ یہی ہندوستانیت ہے، یہی ’’محبت کی دکان‘‘ ہے۔‘‘ اپوزیشن لیڈر نے اپنے فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ اتراکھنڈ کے بھائی محمد دیپک سے ملاقات ہوئی، اتحاد اور ہمت کی یہ شمع ہندوستانی نوجوان کے دل میں روشن رہنی چاہیے۔‘‘
دیپک کمار ’’نہ ڈرنے‘‘ کےموقف پر قائم
دیپک کمار جنہیں ایک مسلمان دکاندار کے دفاع اوراپنا تعارف ’’محمد دیپک‘‘ کے طو رپر کرانے کی وجہ سے بھگوا عناصر کی نفرت انگیز مہم کا سامنا ہے، نے دہلی میں راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد اجیت انجم اور سوربھ شکلا سمیت کئی صحافیوں سےگفتگو کی۔اس دوران وہ بھگو اعناصر سے نہ ڈرنے کے موقف پر اٹل رہےاور اعلان کیا کہ وہ لوگوں کومتحد رکھنے اور بھائی چارہ کے فروغ کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ محمد دیپک اوران کے ساتھیوں نے ’’انسانیت جوڑو یاترا‘‘ کے نام سے ملک گیریاترانکالنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ راہل گاندھی سے اپنی ملاقات کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ’’راہل جی نے مجھے بلایا۔ انہوں نے میرا تعارف سونیا جی سے کرایا اور میری اہلیہ سے بھی فون پر بات کی۔‘‘