Inquilab Logo

تیسرے میچ کیلئے ٹیم منتخب کرنے میں راہل دراوڑ کودشواریوں کا سامنا

Updated: July 23, 2021, 2:41 PM IST | Agency | Colombia

سری لنکا کیخلاف یکروزہ سیریز میں ٹیم انڈیا ۲۔ صفر سے آگے،آج کھیلے جانے والے آخری میچ میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دئیے جانے کا امکان

Team India.Picture:INN

سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری یکروزہ میچ سے قبل ہندوستانی ٹیم کے کوچ راہل دراوڑ  دشواری میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ان کے سامنے مسئلہ یہ ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں کلین سویپ کےلئے ٹیم کو برقرار رکھیں یا پھر دیگر کھلاڑیوں کو موقع دیں۔واضح رہے کہ شکھر دھون کی کپتانی میں ہندوستان نے پہلا میچ ۷؍وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ دوسرے میچ میں ملنے والی کامیابی میں دیپک چاہر نے۶۹؍رنوں کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اب یہ  دیکھنا  دلچسپ ہوگا کہ اننگز کا آغاز کرنے کےلئے دھون کے ساتھ پرتھوی شا کو ہی اتارا جائےگا یا پھر دیودت پلیکل اور رتو راج گائیکواڑ میں سے کسی کو موقع دیا جاتا ہے۔پرتھوی شا نے ابتدائی ۲؍ میچو ں میں ۴۳؍اور ۱۳؍رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔اگر پرتھوی کو برقرار رکھا جاتا ہے تو وہ اچھی شروعات کو بڑی اننگزمیں تبدیل کرنے کی کوشش کریںگے۔ ٹیم انتظامیہ کے سامنے ایک اور خوشگوار پریشانی یہ ہوگی کہ جارح بلے باز ایشان کشن کو موقع دیا جائے یا سنجو سیمسن کو یکروزہ کرکٹ میں موقع دیا جائے۔منیش پانڈے اور سریہ کمار یادو مڈل آرڈر میں اپنی جگہ برقرار رکھیںگے۔نائب کپتان بھونیشور کمار کہہ چکے ہیں کہ ہاردک پانڈیا کی فٹنس کے تعلق سے کوئی پریشانی نہیں ہے اس لئے امید کی جا سکتی ہے پانڈیا برادران تیسرے میچ میں کھیلیںگے۔ٹیم انتظامیہ کو کھلاڑیوں پر پڑنے والے دباؤ کا بھی خیال رکھنا ہوگا کیوںکہ سری لنکا میں انہیں ۱۲؍دنوں کے دوران ۶؍میچ کھیلنے ہیں۔ گزشتہ ۲؍میچوں میں ہندوستانی گیندباز سری لنکا کے نوجوان بلے بازوں کو قابو میں رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔بھونیشور کمار تیز گیندبازی کی قیادت کریںگے جبکہ ان کا ساتھ دینے کےلئے نودیپ سینی یا چیتن سکاریا کو دیپک چاہر کی جگہ موقع دیا جا سکتا ہے۔چاہر نے حالانکہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک کارآمد بلے باز بھی ہیں۔ٹی۔۲۰؍میچوں میں ان کا اہم رول ہوگا اس لئے انہیں تیسرے میچ میں آرام دیا جا سکتا ہے۔اسپن گیندبازی کے شعبہ میں کلدیپ یادو اور یزویندر چہل کی جگہ آف اسپن گیندبازکرشنپا گوتم کو موقع دئیے جانے کا امکان ہے۔ سری لنکائی ٹیم دوسرے میچ میں جیت کے قریب پہنچ گئی تھی جس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہوگا۔افتتاحی بلے باز اوشکا فرنانڈو کو حالانکہ دوسرے کنارے پر کسی اچھے ساتھی کی ضرورت ہوگی۔گزشتہ میچ میں غصہ میں نظر آنے والے سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کو اپنے کھلاڑیوںکی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی۔کُل ملاکر ایک جانب جہاں ہندوستانی کوچ راہل دراوڑ کے سامنے یہ خوشگوار دشواری ہوگی کہ وہ ٹیم میں کس کھلاڑی کو جگہ دیں تو وہیں سری لنکا کے کوچ مکی آرتھر کے سامنے ایسے کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا مسئلہ ہوگا جو ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں اور آخر ی میچ جت کر ٹی ۔۲۰؍سیریز کےلئے اعتماد بحال کر سکیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK