Inquilab Logo

راہل زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ سیریز سے باہر، سوریہ ٹیم میں شامل

Updated: November 24, 2021, 12:59 PM IST | Agency | Kanpur

ہندوستانی بلے باز کو ران میں کھنچاؤ کی وجہ سے باہر ہوناپڑا۔ اب وہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کی تیاری کریں گے

KL Rahul .Picture:PTI
کے ایل راہل ۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کے ٹیسٹ بلے باز لوکیش راہل بائیں ران  میں کھنچاؤ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف۲۵؍ نومبر سے شروع ہونے والی  ۲؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ راہل اب اگلے ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کی تیاری کے لیے این سی اے میں ری ہیبلی ٹیشن سے گزریں گے۔ آل انڈیا سلیکشن کمیٹی نے راہل کی جگہ سوریہ کمار یادو کو منتخب کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ۲۵؍ نومبر سے کانپور کے گرین پارک گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔۳۱؍ سالہ مڈل آرڈر بلے باز سوریہ کمار آخری لمحات میں انگلینڈ میں بھی  ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ  بنے تھے لیکن انہیں میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔  ہندوستانی ٹی۲۰؍انٹرنیشنل ٹیم کے باقاعدہ  رکن بننے والے سوریہ کمار رنجی ٹرافی میں ممبئی کے لیے بھی اہم کھلاڑی رہے ہیں۔ حالیہ رنجی سیزن۲۰۔۲۰۱۹ء میں، انہوں نے۱۰؍ اننگز میں۵۶ء۴۴؍ کے اوسط اور ۹۵ء۱۳؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۵۰۸؍ رن بنائے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ۲؍ سنچریاں اور ۲؍ نصف سنچریاں اسکور کیں۔ اپنے۷۷؍ فرسٹ کلاس میچوں میں سے۷۱؍  رنجی ٹرافی میں کھیل چکے ہیں۔ راہل کی غیر موجودگی میں شبھمن گل اور مینک اگروال  اننگز کا آغاز کریں گے۔ ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل کے کپتان روہت شرما کو اس ٹیسٹ سیریز کیلئے آرام دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی کو پہلے ٹیسٹ کے لیے آرام دیا گیا ہے اور وہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں لوٹ آئیں گے اور کپتانی کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔    ٹیم : اجنکیا رہانے (کپتان)، مینک اگروال، چتیشور پجارا (نائب کپتان)، شبھمن گل، شریس ایّر، سوریہ کمار یادو، ردھیمان  ساہا (وکٹ کیپر)، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، رویندر جڈ یجا، روی چندرن اشون، اکشر پٹیل جینت یادو، ایشانت شرما، امیش یادو، محمد سراج، پرسدھ کرشنا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK