تمل ناڈو میں بارش کا اورنج الرٹ، دہلی، یوپی، بہار، راجستھان، پنجاب، ہریانہ اور مدھیہ پردیش میں ۱۵؍جنوری تک سرد لہر کے ساتھ گھنا کہرا چھایا رہےگا۔
ہریانہ میں شدید ٹھنڈ میں ایک کسان ٹریکٹر چلارہاہے۔ تصویر: آئی این این
نئی دہلی (ایجنسی): ملک بھر میں موسم کا مزاج تیزی سے بدل رہا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جہاں ایک طرف جنوبی ہندوستان کی ریاستوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے، وہیں شمالی ہند کے بڑے حصے شدید سرد لہر، گھنے کہرے اور ’کولڈ ڈے‘ کی زد میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والے گہرے دباؤ (ڈیپ ڈپریشن) کے اثر سے تمل ناڈو، آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک اور کیرالہ میں اگلے ۴۸؍گھنٹوں تک موسم فعال رہے گا۔ کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے اوسط بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں ۱۳؍ جنوری تک کیلئے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ چنئی، پڈوچیری، ناگاپٹنم، تروولور، کانچی پورم، تنجاور سمیت کئی علاقوں میں شدید بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
شمالی ہندوستان میں سردی نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔ دہلی، یوپی، بہار، راجستھان، پنجاب، ہریانہ اور مدھیہ پردیش میں ۱۵؍ جنوری تک سرد لہر اور انتہائی گھنے کہرے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کئی ریاستوں میں کولڈ ڈے جیسی صورتحال رہے گی، جس سے دن بھر ٹھنڈ کا احساس ہوگا۔ صبح کے وقت پالا گرنے اور حد نگاہ انتہائی کم رہنے کا خدشہ ہے، جس سے سڑک، ریل اور فضائی آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے۔
بہار کے تقریباً۱۵؍ اضلاع میں یلو اور۱۶؍ میں اورینج لرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پٹنہ، مظفر پور، دربھنگہ، سیتامڑھی، مدھوبنی سمیت کئی اضلاع میں دن بھر سرد لہر چلنے سے معمولات زندگی متاثر رہیں گے۔ یو پی کے تقریباً۳۰؍ اضلاع میں گھنے کہرے اور کڑاکے کی ٹھنڈ کا الرٹ ہے۔ راجستھان کے کئی حصوں میں کم از کم درجہ ٔحرارت ۳؍ سے۴؍ ڈگریتک پہنچ سکتا ہے۔اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ کے بالائی علاقوں میں مسلسل برف باری کی وجہ سے درجہ حرارت صفر سے نیچے گر گیا ہے۔