Updated: October 15, 2026, 4:29 PM IST
| Mumbai
رنجی ٹرافی کے ایلیٹ گروپ مقابلوں میں گجرات، بنگال اور بڑودہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریفوں کو شکست دے دی۔ گجرات نے ادیشہ کو ۱۰؍ وکٹ سے، بنگال نے دہلی کو ۹؍ وکٹ سے، جبکہ بڑودہ نے گوا کو اننگز اور ۱۳۵؍ رن سے ہرایا۔ ان فتوحات میں گیندبازوں نے اہم کردار ادا کیا۔
بنگال کے گیندباز عامر غنی۔ تصویر: آئی این این
گجرات نے ادیشہ کو ۱۰؍ وکٹ سے ہرایا
سدھارتھ دیسائی (۵؍ وکٹ) اور ارزان ناگواس والا (۳؍ وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت گجرات نے رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ سی کے مقابلے میں بدھ کو ادیشہ کو۱۰؍وکٹ سے شکست دے دی۔ادیشہ نے بدھ کو اپنی دوسری اننگز میں۴؍ وکٹ پر۱۱۹؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں سدھارتھ دیسائی نے سمبت بیجا(۴) کو آؤٹ کرکے گجرات کو پانچویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد انہوں نے سواستک سمل(۱)، آشیرواد سوین (۵) اور راجیش موہنتی(۳) کو بھی اپنا شکار بنایا۔۴۷؍ ویں اوور کی پہلی گیند پر چیتن گجا نے للت یادو(۶) کو بولڈ کرکے ۱۶۱؍ رن پر ادیشہ کی دوسری اننگز سمیٹ دی۔گجرات کو جیت کیلئے۴۷؍ رن کا ہدف ملا، جسے اس نے ۹ء۳؍ اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔ گجرات نے پہلی اننگز میں ۴۳۹؍ رن بنائے تھے۔ وہیں ادیشہ نے ۳۲۴؍رن بنائے تھے۔ ویدانت ترویدی کو شاندار کارکردگی کیلئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ادیشہ دوسری اننگز میں۱۶۱؍ رن پرآل آؤٹ ہوگئی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: جنوبی افریقہ کے پرو۲۰؍ میچ میں چیڈ لیکاک نے ایک اوور میں پانچ وکٹ لے کر ریکارڈ بنایا
بنگال نے دہلی کو ۹؍ وکٹ سے شکست دی
پردیپت پرمانک (تین وکٹ)، عامر غنی اور سُمنت گپتا (دو، دو وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے بعد کپتان ابھیمنیو ایشورَن (ناٹ آؤٹ۳۴) اور انکور پال(۳۸) کی بہترین اننگز کی بدولت بنگال نے بدھ کو رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ سی کے مقابلے میں دہلی کو ۹؍ وکٹ سے شکست دے دی۔دہلی نے بدھ کو اپنی دوسری اننگز میںتین وکٹ پر اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں عامر غنی نے ارجن راوت(۳۹) کو آؤٹ کرکے بنگال کو چوتھی کامیابی دلائی۔ یش دھُل(۲۲)پانچویں اور آیوش بدونی(۸۵) چھٹے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بنگال کے گیندبازی اٹیک کے سامنے دہلی کے بلے باز زیادہ دیر نہیں ٹک سکے اور پوری ٹیم ۲۷۷؍ پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی بنگال کو۸۹؍رن کا ہدف ملا۔بنگال کی جانب سے پردیپت پرمانک نے تین، عامر غنی اور سُمنت گپتا نے دو، دو وکٹ لیے، جبکہ محمد شامی، آکاش دیپ اور مکیش کمار نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ بنگال نے ۱۵ء۳؍ اوور میں ایک وکٹ پر۸۹؍رن بناکر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
یہ بھی پڑھئے: ربادا کی واپسی سے جنوبی افریقہ کو ملے گی مضبوطی: باؤما
بڑودہ نے گوا کو اننگز اور۱۳۵؍رن سے زیر کر دیا
مہیش پِٹھیا اور بھارگَو بھٹ کی شاندار گیندبازی کی بدولت بڑودہ نے بدھ کو رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ اے کے مقابلے میں گوا کو اننگز اور۱۳۵؍ رن سے ہرادیا ۔ مہیش پِٹھیا اور بھارگَو بھٹ نے میچ میں ۹، ۹؍ وکٹ لئے۔ مہیش پِٹھیا کو ’پلیئر آف دی میچ ‘قرار دیا گیا۔گوا نےبدھ کو اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر۳۵؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں پِٹھیا نے کپتان تیجرانا(۴۷) کو آؤٹ کرکے پویلین بھیجا۔ سنیہل کوتھنکر (صفر) کو راج لمبانی نے اپنا شکار بنایا۔۴۸؍ویں اوور میں بھارگَو بھٹ نے شیوَیندر بھجبل(۴۶) کو آؤٹ کرکے بڑودہ کو اہم کامیابی دلائی۔ اس کے بعد گوا کے بلے باز بڑودہ کی گیندبازی کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹک سکے اور پوری ٹیم ۶۸؍اوور میں ۱۳۸؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ بڑودہ کی جانب سے بھارگَو بھٹ نے ۵؍ اور مہیش پِٹھیا نے ۴؍ وکٹ لیے۔بڑودہ نے پہلی اننگز ۸؍ وکٹ پر۴۷۲؍ رن بناکر ڈکلیئر کردی تھی، جبکہ گوا نے پہلی اننگز میں۱۹۹؍ رن بنائے تھے۔بڑود ہ کی پہلی اننگز میں پانچ بلے بازوں نے نصف سنچری بنائی ۔اتیت شیٹھ ۹۹؍ رن پراپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔