Inquilab Logo

رنجی ٹرافی :اُتراکھنڈ کے خلاف ممبئی فتح کا دعویدار

Updated: June 06, 2022, 1:43 PM IST | Agency | Mumbai

آج سے رنجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل کی شروعات۔ پرتھوی شا کی قیادت میں ممبئی کی ٹیم اُتراکھنڈ کو شکست دینے کیلئے بیقرار

Mumbai`s Ranji team leaves for Bangalore for the quarter finals..Picture:INN
ممبئی کی رنجی ٹیم کوارٹر فائنل مقابلہ کیلئے بنگلور روانہ ہوتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

 ممبئی پیر کو مضبوط دعویدار کے طور پر اتراکھنڈ کے خلاف رنجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل مقابلے کیلئے میدان پراترے گی۔ تقریباً ۲۲؍ سال قبل جب اتراکھنڈ وجود میں آیا تھا، تب تک ممبئی کی ٹیم نے۳۴؍ مرتبہ ملک کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کا خطاب جیتا تھا۔ ممبئی نے۲۰۰۰ء اور۲۰۲۲ء کے درمیان  ۷؍ خطاب  جیتے ہیں۔ تاہم، ممبئی کی ٹیم میں اب ماضی جیسا اسٹیمنا اور توانائی نہیں ہے۔ ایک وقت تھا جب ممبئی میں ڈومیسٹک کرکٹ کا غلبہ تھا اور ٹیم ہر ٹورنامنٹ میں مضبوط دعویدارکے طور پر اترتی تھی۔ تاہم اب دوسری ٹیمیں بھی ممبئی کو سخت مقابلہ دے رہی ہیں۔ موجودہ سیزن میں ممبئی کے لئے کوارٹر فائنل تک کا سفر آسان نہیں رہا۔
 سوراشٹر کے بونس پوائنٹس کے ساتھ اپنے آخری گروپ میچ میں گوا کے خلاف کامیابی حاصل  کرنے میں ناکام رہنے کے بعد ممبئی کی ٹیم نے آخری ۸؍ میں جگہ بنائی تھی۔ اس کے باوجود۴۱؍ بار کے رنجی چمپئن مضبوط دعویدار کے طور پر اتراکھنڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میں جائیں گے۔ ممبئی کی ٹیم کو اپنے کپتان پرتھوی شا سے بہت زیادہ امیدیں ہیں کہ وہ سامنے سے ٹیم کی قیادت کریں گے۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز کسی بھی گیندبازی حملہ کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور الور کرکٹ اسٹیڈیم ۲؍ میں اتراکھنڈ کے ناتجربہ کارگیندبازی حملےکو نشانہ بنانے کی کوشش کریں گے ۔ ممبئی کے بلے باز زیادہ رن بنانے کی کوشش کریں گے۔
 جارح بلے باز پرتھوی شاکسی بھی فارمیٹ میں حریف ٹیم  کے لئے خطرہ ہیں اور اتراکھنڈ کی ٹیم انہیں جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کرے گی۔ ممبئی کے بلے باز تاہم  زیادہ تجربہ کار نہیں ہیں جن میں ارمان جعفر، بھوپین لالوانی اور ہاردک تمورے  بھی شامل ہیں۔ ان سب کو ذہن میں رکھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پرتھوی کے علاوہ ٹیم کو نوجوان اوپنرس یشسوی جیسوال اور سرفراز خان سے اچھی کارکردگی کی امید ہوگی۔ سرفرازخان کے چھوٹے بھائی مشیر خان کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور ایسی صورتحال میں بڑے بھائی ان کے سامنے مثال قائم کرناچاہیں گے۔ سرفراز جنہوں نے انڈین پریمیر لیگ ۲۰۲۲ء میں دہلی کیپٹلس کے لئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیاتھا، کئی مواقع پر ممبئی کو مشکلات سے نکالا ہے اور ایک بار پھر ان پر ٹیم کی نظریں ہوں گی۔ جیسوال پر بھی ایک بار پھر ٹیم مینجمنٹ اور کوچ امول مجمدار نے بھروسہ کیا ہے۔ یہ دونوں بلے باز مختلف قسم کے شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور مخالف حملے کو تباہ کر سکتے ہیں۔ تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز آدتیہ تارے اور بائیں ہاتھ کے اسپن آل راؤنڈر شمس ملانی کو مزید ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ ملانی نے گوا کے خلاف ٹیم کے آخری لیگ میچ میں۱۱؍ وکٹ لئے تھے اور ایک بار پھر اپنی اسپن سے حریف ٹیم کے بلے بازوں کو الجھانے کی کوشش کریں گے۔ ملانی نے گوا کے خلاف تنوش کوٹیان کے ساتھ میچ جیتنے والی شراکت بھی کی تھی۔ ملانی کے پلیئنگ الیون میں کھیلنے کے لئے آف اسپنر کوٹیان کو ان کی بلے بازی کی صلاحیت کی وجہ سے سینئر کھلاڑی ششانک اٹارڈے پر ترجیح دی جا سکتی ہے۔ تجربہ کار دھول کلکرنی کی قیادت میں ممبئی کا تیز گیندبازی حملہ غالب ہے۔ تشار دیشپانڈے ان کا ساتھ دیں گے۔ تیسرے تیز گیند باز کی دوڑ میں موہت اوستھی اور روئسٹن ڈیاس مدمقابل ہوں گے۔ جہاں ممبئی کی ٹیم ۴۲؍ویں خطاب کی طرف ایک قدم آگے بڑھانا چاہے گی وہیں اتراکھنڈ کی نظریں حریف ٹیم کو حیران کرنے پر لگی ہوں گی۔ دوسری جانب پنجاب اور مدھیہ پردیش کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل میں شبھمن گل توجہ کا مرکز ہوں گے۔ دوسری طرف آئی پی ایل۱۵؍ چمپئن گجرات ٹائٹنس کے ساتھ کامیاب سیزن کے بعد، اوپنر گل سے ایک بار پھر اچھی کارکردگی کی امید کی جائے گی۔ ان کی ٹیم پنجاب اور مدھیہ پردیش کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز کو مدھیہ پردیش کی جانب سے متنوع بولنگ اٹیک کا سامنا کرنا پڑے گا جس میں بائیں ہاتھ کے اسپنر کمار کارتیکیا سنگھ بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنا آئی پی ایل ڈیبیو کیا تھا۔ اس میچ میں دو تجربہ کار کوچ چندرکانت پنڈت اور سریندر بھاوے بھی نظر آئیں گے، جن کا شمار ڈومیسٹک کرکٹ کے بہترین حکمت عملی بنانے والوں میں کیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK