Inquilab Logo

کورونا ٹیسٹنگ کے معاملے میںراشد لطیف اور شعیب اختر کی پی سی بی پر سخت تنقید

Updated: July 01, 2020, 11:15 AM IST | Agency | Lahore

سابق کپتان راشد لطیف نےکہا کہ نتائج مثبت آنے کے بعد بھی پی سی بی کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیج رہا ہے تو لازمی طورپر بورڈ نےای سی بی سے کوئی ڈیل کی ہوگی

Shoib Akhtar and Rashid Latif
شعیب اختر اور راشید لطیف ۔ تصویر : آئی این این

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی راشد لطیف اور شعیب اختر نے انگلینڈ کے لئے منتخب کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے طریقہ کار پر سخت تنقید کی ہے۔ سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ اس حوالے سے لازمی طور پر پی سی بی کی انگلش بورڈ سے کوئی ڈیل ہوئی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کے بعد۴۸؍ گھنٹوں کے دوران پس پردہ جو کچھ ہوا ہم اس بارے میں نہیں جانتے۔
 تفصیلات کے مطابق دورۂ انگلینڈ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے منتخب کھلاڑیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ ہوئے، ان میں  سے۱۰؍ کے نتائج مثبت رہے۔ تاہم آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بعد میں ایک نجی لیب سے خود کرائے جانے والے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کا سوشل میڈیا پر انکشاف کیا۔ سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ مجھے ان نتائج پر شبہات ہیں۔۲۲؍ جون کو جب پہلی بار ٹیسٹ ہوئے تو نتائج سامنے لانے ہی چاہئے تھے۔اگر پی سی بی مثبت نتائج آنے کے باوجود کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیج رہا ہے تو لازمی طور پر انہوں نے ای سی بی سے کوئی ڈیل کی ہوگی۔سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے دورہ انگلینڈ کو اہم قرار دیا ہے۔
  یو ٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے کورونا ٹیسٹ کے معاملے پر تھوڑی بد نظمی دکھائی او ر کھلاڑیوں کے بے ترتیب ٹیسٹنگ کا سلسلہ شروع کردیا جس کے باعث زیادہ مثبت نتائج سامنے آئے جبکہ متبادل کھلاڑیوں کے ٹیسٹ بھی مشکوک نظر آرہے ہیں۔ شعیب اختر نے کہا کہ جتنے زیادہ ٹیسٹ کئے جائیں گے تو اتنے ہی زیادہ پازیٹیو کیس سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز نے دورۂ برطانیہ کو سامنے رکھتے ہوئے حیاتیاتی تحفظ کا ماحول بنایا جس کے بعد اپنے۱۵،۲۰؍ کھلاڑیوں کو طلب کر کے کورونا ٹیسٹ کئے۔انہوں نے کہا کہ محمدحفیظ کو سوشل میڈیا پر کورونا ٹیسٹ کے نتائج ڈال کر پی سی بی سے محاذ آرائی سے گریز کرنا چاہئے تھا کیونکہ اگر وہ ایسا طرز عمل اپنائیں گے تو ان کیلئے مسائل کھڑے ہوں گے اور بورڈ کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کا فائدہ نہیں ہے ،ایسا کر کے محمد حفیظ نے غلطی کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کا شکارہونے کے بعد کھلاڑیوں میں کمزوری آتی ہے ، ٹانگیں متاثر ہوتی ہیں اور کمزوری کے باعث ایک ایتھلیٹ کو اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی دکھانے میں مشکل ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK