Inquilab Logo

ریئل میڈرڈ نے فرینکفرٹ کو ہراکر سپر کپ جیت لیا

Updated: August 12, 2022, 11:43 AM IST | Agency | Madrid

ریئل میڈرڈ نے دو صفر سے کامیابی حاصل کی، اسٹار کھلاڑی کریم بینزیما نے ریئل کیلئے سب سے زیادہ گول کرنے کے معاملے میں راؤل کو پچھاڑ دیا

 Real Madrid players can be seen celebrating with the trophy after defeating Frankfurt..Picture:INN
فرینکفرٹ کو شکست دینے کے بعد ریئل میڈرڈ کے کھلاڑیوں کو ٹرافی کے ساتھ خوش دیکھا جا سکتا ہے ۔ تصویر:آئی این این

بدھ کی دیر رات کھیلے گئے سپر کپ کے فائنل میں ریئل میڈرڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوئیف اسپر کپ کا خطاب جیت لیا۔ریئل میڈرڈ نے ڈیوڈ البا اور کریم بینزیما کے گول کی مدد سے فرینکفرٹ کو دو صفر سے شکست دے کر اس سال کا چوتھا خطاب اپنے نام کر لیا۔واضح رہے کہ ریئل میڈرڈ نے یوئیفا سپر کپ کا خطاب پانچویں مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔ اس میچ سے قبل ریئل میڈرڈ کے اسٹار اسٹرائیکر کریم بینزیما اور وِنگر ونیشیس جونیئر کو اعزاز سے نوازا گیا تھا۔بینزیما کو چمپئن پلیئر آف دی سیزن جبکہ چمپئن لیگ میں ونیشیس کو ینگ پلیئر آف دی سیزن ٹرافی سے نوازا گیا۔ فرینکفرٹ کے خلاف مقابلے میں ریئل کو۱۴؍ویں منٹ میں گول کرنے کا موقع ملا لیکن دائیچی کماڈا کے شاٹ کو ٹیبو کورتوا نے روک لیا۔اس کے ۳؍منٹ بعد ہی ونیشیس کے پاس گول کرنے کا موقع تھا لیکن فرینکفرٹ کے دفاعی کھلاڑی ٹوٹا نے شاندار طریقے سے گیند کو باہر کردیا۔ پہلے ہاف کے ۳۷؍ویں منٹ میں کیسمرو کے ہیڈر کے ذریعے ملنے والے پاس کو ڈیوڈ البا نے گول پوسٹ میں پہنچا کر ریئل میڈرڈ کو ایک صفر سے آگے کر دیا۔ اس کے بعد کریم بینزیما کے پاس بھی گول کرنے کا موقع آیا لیکن ان کا شاٹ گول پوسٹ کے قریب سے ہوتے ہوئے باہر چلا گیا۔ پہلے ہاف میں فرینکفرٹ نے بھی گول کرنے کی بہت کوشش کی لیکن انہیں کامیابی نہیں مل سکی اور پہلا ہاف ریئل میڈرڈ کے حق میں ایک صفر پر ختم ہوا۔
 دوسرے ہاف کے کھیل میں ریئل میڈرڈ نے جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے لگاتار کئی حملے مخالف گول پوسٹ پر کئے۔ ۶۰؍ ویں منٹ میں کیسمرو کا شاٹ کراس بار سے ٹکرا گیا ۔اس کے ۵؍ منٹ بعد ونیشیس نے باکس کے اندر کریم بینزیما کو پاس دیا جنہوں نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچاکر اپنا پہلا اور ٹیم کا دوسرا گول کردیا۔دو صفر کی برتری کو ریئل میڈدڈ نے آخر تک برقرار رکھا۔ اس گول کے ساتھ ہی کریم بینزیما نے ریئل میڈرڈ کیلئے ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ انہوں نے سابق اسٹرائیکر راؤل کو گول کرنے کے معاملے میں پیچھے چھوڑ دیا۔واضح رہے کہ راؤل کے نام ریئل میڈرڈ کےلئے ۳۲۳؍ گول کرنے کا ریکارڈ تھا جبکہ کریم بینزیما نے ۳۲۴؍واں گول کرتے ہوئے انہیں پچھاڑ دیا۔سب سے زیادہ گول کرنے کے معاملے میں بینزیما اب کرسٹیانو رونالڈو سے پیچھے ہیں جنہوں نے ریئل میڈرڈ کیلئے ۴۵۰؍گول کئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK