Inquilab Logo

ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ کیلئے وکٹ کیپر کی دوڑ میں رشبھ اور سنجو آگے

Updated: April 19, 2024, 1:10 PM IST | Abhishek Tripathi | New Delhi

ٹاپ آرڈر میں بلے بازی کی وجہ سے کےایل راہل اور ایشان کشن کا انتخاب مشکل۔

Sanju Samson. Photo: INN
سنجو سیمسن۔ تصویر : آئی این این

 آئندہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا انعقاد امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا جس کیلئے اس ماہ کے آخر تک ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو حتمی شکل دی جائے گی۔ امکان ہے کہ صرف ان کھلاڑیوں پر بھروسہ کیا جائے گا جو گزشتہ سیزن میں ٹیم میں کھیلے تھے۔ ایسے میں رشبھ پنت کو وکٹ کیپر کے طور پر ترجیح دی جا سکتی ہے۔ دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر سنجو سیمسن کا مقابلہ جیتیش شرما، کے ایل راہل اور ایشان کشن سے ہوگا۔ راہل اور ایشان ٹاپ آرڈر میں بلے بازی کرتے ہیں، جو ان کے خلاف جا سکتا ہے کیونکہ روہت شرما، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو کے ساتھ ٹاپ آرڈر میں ان کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ آئی پی ایل میں ان دونوں نے ابھی تک مڈل آرڈر میں بلے بازی کی کوشش نہیں کی ہے جس کی وجہ سے سلیکٹرز کیلئے لوور آرڈر میں ان کی کارکردگی کا تجزیہ کرنا مشکل ہوگا۔ وہیں جیتیش شرما نے ہندوستان کیلئے زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی ہے، اس لئے ایسا لگتا ہے کہ اس وقت رشبھ اور سنجو پہلی پسند ہو سکتے ہیں۔ 
مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو کپتان روہت شرما کے ساتھ ساتھ وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، جسپریت بمراہ، رویندرا جڈیجہ، رشبھ پنت، ارش دیپ سنگھ، محمد سراج اور کلدیپ یادو کا انتخاب یقینی ہے۔ اگر یہ ۱۰؍کھلاڑی فٹ رہے تو ضرور امریکہ جائیں گے۔ وہیں اگر ہم شبھمن گل اور یشسوی جیسوال کے درمیان انتخاب کی بات کریں تو گجرات ٹائٹنس کے کپتان نے ان میں زیادہ رن بنائے ہیں لیکن اگر جیسوال کی بات کریں تو آئی پی ایل میں ان کے کم اسکور کو دیکھتے ہوئے سلیکشن کمیٹی انہیں نظر انداز نہیں کرسکتی۔ اس کے علاوہ وہ ٹاپ۔ ۴؍ میں بائیں ہاتھ کے واحد بلے باز ہیں جو کہ اچھی بات ہے لیکن اگر گل نے رن بنانے کا سلسلہ جاری رکھا تو معاملات بہت مشکل ہو جائیں گے۔ دوسری صورت میں سلیکٹرز دونوں کو شامل کر سکتے ہیں اور شیوم یا رنکو میں سے کسی ایک کو چھوڑ سکتے ہیں۔ 
 ۳؍ کرکٹرز کے درمیان `ریزرو اسپنر کیلئے مقابلہ ہوگا جن میں اکشر پٹیل، یزویندر سنگھ چہل اور روی بشنوئی شامل ہیں۔ اکشر جہاں بائیں ہاتھ کے اسپنر ہیں وہیں وہ ایک کارآمد بلے باز بھی ہیں ۔ چہل نے اپنے ۹؍ سالہ کریئر میں اب تک ایک بھی ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ نہیں کھیلا ہے تاہم وہ بولنگ کی مہارت میں باقی ۲؍ سے بہت آگے ہیں ۔ تاہم اہم ٹیموں کے خلاف ٹیم سے ان کے بار بار باہر ہونے کے باعث ان کا انتخاب متاثر ہو سکتاہے۔ دریں اثنا بی سی سی آئی ذرائع نے بتایا کہ عالمی کپ کیلئے ٹیم منتخب کرتے وقت انہیں کھلاڑیوں پر غور کیا جائےگا جنہوں نے ہندوستان کے لئے کھیلا ہے اور ٹی۔ ۲۰؍ انٹرنیشنل اور آئی پی ایل میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK