Inquilab Logo

چمپئن لیگ کا فائنل کھیلنا میرا بچپن سے خواب تھا

Updated: May 28, 2021, 2:12 PM IST | Agency | London

مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی ریاض مہریز نے کہا کہ خطاب جیت کر وہ اپنی خوشیوں کو دبالا کرنا چاہتے ہیں

Riyad Mahrez. Picture:INN
ریاض محرز۔تصویر :آئی این این

الجیریا کے اسٹار بین الاقوامی فٹبال کھلاڑی ریاض مہریز نے سنیچر کوہونے والے چمپئن لیگ کے خطابی مقابلے کو اپنے خواب کے سچ ہونے کے مترادف قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ چمپئن لیگ کے فائنل پرتگال میں پورٹو شہر میں کھیلا جائے گا جس میں مانچسٹرسٹی اور چیلسی خطاب کےلئے زور آزمائی کریںگے۔ریاض مہریز مانچسٹر سٹی کی فتح میں اہم رول ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔ ریاض مہریز نے مانچسٹر سٹی کی آفیشیل ویب سائٹ پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ میرا دیرینہ خواب تھا۔جب میں چھوٹا بچہ تھا،جب میں نوجوانی میں داخل ہوا اور جب میں کلب فٹبال کھیلنے لگا تب سے ہی چمپئن لیگ کے فائنل میں کھیلنا میرا خواب رہا ہے اور اللہ نے چاہا تو بہت جلد میرا یہ خواب پورا ہوگا۔آئندہ سنیچر کو ہونے والا فائنل میری زندگی کا اہم مقابلہ ہوگا جس کا خواب میں بچپن سے دیکھ رہا تھا۔یہ فائنل میرے لئے بہت ہی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کے بارے میں برسوں سے سوچ رہا تھا۔میں یہی سوچا کرتا تھا کہ چمپئن لیگ کے فائنل میں پہنچنا بہت بڑی کامیابی ہوتی ہے۔اب جبکہ مجھے فائنل کھیلنے کا موقع ملنے والا ہے تو میری کوشش ہوگی کہ اپنی ٹیم مانچسٹر سٹی کو فاتح بناکر اپنے خواب کو چار چاند لگا دوں۔‘‘ واضح رہے کہ ریاض مہریزچمپئن لیگ کا فائنل کھیلنے والے الجیریا کے دوسرے کھلاڑی ہوںگے۔ان سے قبل ۱۹۸۷ء میں ربیح مجیر چمپئن لیگ کا فائنل کھیل چکے ہیں۔اس تعلق سے ریاض مہریز نے کہا کہ ’’چمپئن لیگ کا فائنل کھیلنا میرے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔جب مجھے پتہ چلا کہ طویل عرصہ کے بعد الجیریا کا کوئی کھلاڑی چمپئن لیگ کے فائنل میں کھیلےگا تو میری خوشیاں دوبالا ہوگئیں۔‘‘
 لیسسٹرسٹی کے سابق کھلاڑی ۳۰؍سالہ ریاض مہریز نے اپنے کھیل میں بہتری کے تعلق سے کہا کہ ’’ہسپانوی کوچ پیپ گوارڈیلا کی نگرانی میں ان کے کھیل میں شاندار بہتری واقع ہوئی ہے۔ریاض نے کہا ’’ پیپ کھلاڑیوں پر باریکی سے نظر رکھتے ہیں اور ان کی خاصیت اور کمزوری دونوں کا تجزیہ کرتے ہیں۔وہ کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو مزید بہتر کرنے کیلئے کوشش کرتے رہتے ہیں۔اس کے علاوہ کھلاڑی جب زیادہ میچ کھیلتےہیں تو ان میں نہ صرف اعتماد بحال ہوتا ہے بلکہ وہ اپنے کھیل میں مزید بہتری لانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔
 چمپئن لیگ کے فائنل کے تعلق سے ریاض نے کہا کہ ان کی ٹیم ا س مقابلے کےلئے تیار ہے۔چیلسی نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہاں تک کا سفر کیا ہے اس لئے امید کی جا سکتی ہے کہ فائنل میں شائقین کو زبردست مقابلہ آرائی دیکھنے کو ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK